پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق پونے سے ایک جوڑا ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ جانے کیلئے بذریعہ کار نکلا تھا۔
EPAPER
Updated: October 26, 2024, 12:27 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق پونے سے ایک جوڑا ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ جانے کیلئے بذریعہ کار نکلا تھا۔
جمعہ کو علی الصباح نوی ممبئی میں واقع واشی کی کھاڑی کے اوپر تعمیر کئے گئے بریج پر ایک ڈمپر نے ممبئی کی سمت جانے والی ایک کار کو شدید ٹکر ماردی جس کے سبب کار میں سوار ڈرائیور اور مسافر جوڑے سمیت ۳؍ افراد کی موت ہوگئی۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق پونے سے ایک جوڑا ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ جانے کیلئے بذریعہ کار نکلا تھا۔ صبح تقریباً ساڑھے ۴؍ بجے جب ان کی ارٹیگا کار واشی بریج سے گزر رہی تھی تبھی ایک ڈمپر کا ڈرائیور اپنی گاڑی سے توازن کھو بیٹھا اور اس نے اس کار کو سامنےسے زوردار ٹکر ماردی۔
یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا اگلا حصہ بُری طرح متاثر ہوا اور ڈرائیور اور کار میں موجود میاں بیوی کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔اس حادثہ کی وجہ سے بریج پر شدید ٹریفک جام ہوگیا تھا۔ البتہ پولیس نے کرین کی مدد سے دونوں گاڑیوں کو سڑک کے کنارے کیا جس کے بعد ٹریفک معمول پر آگیا۔حادثہ میں ہلاک ہونے والے تینوں افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مقامی سرکاری اسپتال روانہ کردیا گیا تھا۔ واشی پولیس کے سینئر انسپکٹر منک نلائوڑے کے مطابق اس سلسلے میں ڈمپر ڈرائیور کے خلاف لاپروائی سے گاڑی چلانے اور کسی کی موت کا سبب بننے کا کیس درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔