• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نابینا اور معذور ووٹروں کےلئے گاڑیوں کا انتظا م کیا جائیگا

Updated: November 13, 2024, 11:10 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ایڈیشنل میونسپل کمشنر اشونی جوشی نے انقلاب کو بتایا کہ پولنگ ڈیوٹی پر مامور افسران معذور رائے دہندگان کو گھر سے پولنگ بوتھ اور دوبارہ گھر پر چھوڑیںگے

The Election Commission has issued instructions to facilitate voting rights for disabled, elderly and blind people
معذور ،معمر اور نابینا افراد کو حق رائے دہی استعمال کرنے میں سہولت پہنچانے کےلئے الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کی ہیں

الیکشن کمیشن نےجس طرح ۸۵؍ یا اس سے زائد عمر کے یا پھرایسے شہری جو ۴۰؍ فیصد سے زائد جسمانی معذوری کا شکار ہیں ، کے لئے گھر گھر جاکر پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی ہے ۔ اسی طرح الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ۲۰؍ مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوران شہر اور مضافات میں آباد بینائی سے محروم یا مختلف جسمانی معذوری کا شکار شہریوں کے لئے ٹیکسی اور پرائیویٹ کار  اور وہیل چیئر کا اہتمام کیا ہے ۔ 
ممبئی کے ۳۶؍ اسمبلی حلقوں میں ہونے والے انتخابات میں جہاں لاکھوں شہری ۲۰؍ نومبر کو شہر اور مضافات میں بنائے گئے ایک ہزار ۲۸۴؍ پولنگ بوتھوں پرحق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینے والوں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے  وہیں حق رائے دہی کا استعمال کرنے والوں میں وہ شہری بھی شامل ہیں جو کسی نہ کسی معذوری کے بعد بھی اپنے آئینی حق کا استعمال کریں گے ۔ الیکشن کمیشن اور بی ایم سی کے اس ضمن میں ترتیب کردہ اعداد و شمار کے مطابق شہر اور مضافات میں بینائی سے محروم  اور جسم کی دیگر معذوری کے شکار ۲۳؍ ہزار ۹۲۷؍ ایسے شہری بھی موجود ہیں جو موجودہ اسمبلی انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کریںگے ۔ 
   نابینا   اور جسمانی طور پر معذور رائے دہندگان کو گھر سے پولنگ بوتھ تک لانے اور حق رائے دہی کے استعمال کے بعد انہیں دوبارہ گھر تک پہنچانے کے لئے الیکشن کمیشن نے خصوصی طور پرٹیکسی ، پرائیویٹ کار اور وہیل چیئر کا اہتمام کیا ہے ۔ حق رئے دہی کا استعمال کرنے والے ان معذوروں کی خدمات پر خصوصی دستہ تعینات کیا گیا ہے جن کی ڈیوٹی ہی انہیں گھر سے پولنگ بوتھ تک لانا اور ووٹ دینے کے بعد انہیں گھر تک چھوڑنا ہے ۔ اس ضمن میں بی ایم سی کے ایڈیشنل کمشنر اشونی جوشی نےانقلاب کو تفصیلات فراہ کرتے ہوئے بتایاکہ شہر میں کم و بیش ۲۴؍ ہزار ایسے شہری ہیں جو جسمانی معذوری اور نابینا ہونے کے سبب پولنگ بوتھ تک نہیں آسکتے ہیں ۔‘‘ 
  انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں ایسے ۶؍ ہزار ۳۸۷؍ معذور رائے دہندگان ہیں جبکہ مضافات میں  ۱۷؍ ہزار۵۴۰؍ معذور شہری موجودہیں ۔ ان معذوروں کو گھر سے پولنگ بوتھ تک لانے اور حق رائے دہی کے استعمال کے بعد دوبارہ گھر پہنچانے کے لئے ۹۹۷؍ ٹیکسی اور پرائیویٹ کار کا انتظام کیا گیا ہے ۔ 
 اس کے علاوہ معذوروں کے لئے تقریباً ہر پولنگ بوتھوں پر وہیل چیئر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔انہوںنے یہ بھی بتایا کہ شہر میں ۶۷۱؍ پولنگ بوتھوں پر بینائی سے محروم یا دیگر جسمانی معذور رائے دہندگان کو لانے اور لے جانے کے لئے ۷۰؍ ٹیکسیاں اور پرائیویٹ کار کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اسی طرح مضافات میں ۶۱۳؍پولنگ بوتھوں پر معذوری کا شکار رائے دہندگان کی خدمات کے لئے ۹۲۷؍ گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی شہر اور مضافات کے پولنگ بوتھو ں پر ۲؍ ہزار ۵۴۹؍ وہیل چیئر بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ معذوری کا شکار رائے دہندگان کیلئے ۱۰۹۵؍  ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK