Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ودیا وِہار: عمارت میں بھیانک آتشزدگی، سیکوریٹی گارڈ ہلاک، ۳؍ افراد زخمی

Updated: March 25, 2025, 10:02 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

زخمیوں میں ایک سیکوریٹی گارڈ اور ۷۳؍ سالہ خاتون شامل۔ مرین ڈرائیو پر ۲۲؍ منزلہ عمارت میں بھی آگ لگی۔ کوئی جانی نقصان نہیں۔

A firefighter inspects a house damaged in a fire. Photo: INN
فائرمین آتشزدگی میں تباہ شدہ مکان کا معائنہ کررہا ہے۔ تصویر: آئی این این

پیر کو ودیا وہار میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جس میں ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع تکشیلا کو آپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹی میں علی الصباح بھیانک آگ لگ گئی جس میں اس عمارت کے ایک سیکوریٹی گارڈ کی جھلس جانے سے موت ہوگئی  جبکہ دیگر ۳؍ افراد زخمی ہوگئے۔
فائر بریگیڈ سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ آگ صبح ۴؍ بج کر ۳۵؍ منٹ پر ناتھانی روڈ پر  ودیا وہار ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع ۱۳؍ منزلہ تکشیلا عمارت کے پہلے اور دوسرے منزلے پر ۵؍ فلیٹ اور لابی میں لگی تھی۔ حادثہ میں اس عمارت میں سیکوریٹی گارڈ کے طور پر تعینات ۴۳؍ سالہ اُدے گنگن کی موت ہوگئی جو ۱۰۰؍ فیصد جھلس گیا تھا۔اُدے کے علاوہ اس عمارت کا دوسرا سیکوریٹی گارڈ سبھاجیت یادو (۵۲) تقریباً ۲۵؍ سے ۳۰؍ فیصد جھلس گیا اور گھاٹ کوپر کے راجا واڑی اسپتال میں اس کا علاج جاری ہے۔دیگر زخمیوں میں ۷۳؍ سالہ کملا رمیش جین اور ان کا ۴۶؍ سالہ بیٹا جتیندر رمیش جین شامل ہیں۔ کملا کی کہنی معمولی طور پر جل گئی جبکہ جتیندر کے گلے اور پیٹھ کا کچھ حصہ جھلس گیا۔ ان دونوں کو ابتدائی علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
تقریباً ۲۰؍ افراد کو بچالیا گیا
فائربریگیڈ کے مطابق یہ ’لیول ۲‘ (بڑی آگ) تھی اور راحت کاری کے دوران عمارت میں پھنسے ۱۵؍ سے ۲۰؍ افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ یہ آگ اے سی کے یونٹ، فلیٹوں کے فرنیچروں، کپڑوں، جوتوں، بستر اور لکڑی وغیرہ کے دیگر سازو سامان میں لگی تھی۔اس آگ پر صبح ۷؍ بج کر ۳۳؍ منٹ پر قابو پالیا گیا  ۔ خبر لکھے جانے تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی۔
آتشزدگی کا ایک اور واقعہ
پیر کی سہ پہر جنوبی ممبئی کے مرین ڈرائیو علاقے میں واقع ایک ۲۲؍ منزلہ عمارت میں اچانک آگ لگ گئی   جسے آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں بجھا دیا گیا ۔ اس حادثہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے۔ فائر بریگیڈ کے مطاق چندن واڑی میں بی ایم سی اسکول کے قریب مرین پیلیس کے ۱۰؍ ویں منزلے پر آگ لگی   جسے تقریباً ۲۰؍ منٹ میں ۳؍ بج کر ۳۹؍ منٹ پر بجھا دیا گیا۔ آتشزدگی سے یہاں کے مکین خوفزدہ ہوگئے تھے اور احتیاط کے طور عمارت کو خالی کروالیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK