Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

جس گائوں میں مہا وکاس اگھاڑی کا سرپنچ ہوگا اسے فنڈ نہیں ملے گا ؟

Updated: February 15, 2025, 11:53 AM IST | Agency | Sindhudurg

نتیش رانے کا غیر آئینی بیان، کہا : جسے فنڈ چاہئے وہ بی جے پی کی رکنیت حاصل کرے یا مہایوتی میں شامل ہو جائے۔

Nitish Rane Photo: INN
نتیش رانے۔ تصویر: آئی این این

اپنی بد زبانی کیلئے مشہور ریاستی وزیر نتیش رانے نے اب ایک اور غیر آئینی بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے اسمبلی حلقے میں ان گائوں کو فنڈ نہیں دیا جائے گا جہاں مہا وکاس اگھاڑی کے سرپنچ ہوں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جسے فنڈ چاہئے وہ بی جے پی کی رکنیت حاصل کرے۔ 
 ایک روز قبل نتیش رانے نے سندھ درگ ضلع کے ایک گائوں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سرعام کہا ’’میں نے اپنے کارکنان سے کہہ دیا ہے کہ وہ ہر ایک گائوں کی فہرست نکالیں کہ کس گرام پنچایت میں کون رکن ہے اور کون سرپنچ۔ جس گائوں میں مہا وکاس اگھاڑی کا سرپنچ ہوگا اس گائوں کو ترقیاتی کاموں کیلئے ایک روپیہ بھی نہیں دیا جائے گا۔ ‘‘ نتیش رانے یہیں پر نہیں رکے۔ انہوں نے کہا ’’ اگر آپ کو فنڈ چاہئے تو بی جے پی کی رکنیت حاصل کیجئے۔ یا مہایوتی میں شامل کسی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیجئے۔‘‘ یاد رہے کہ نتیش رانے کا یہ بیان پوری طرح سے غیر آئینی ہے کیونکہ ترقیاتی فنڈ کسی گائوں یا علاقے کی ضروریات کے مطابق تقسیم کئے جاتے ہیں نہ کسی پارٹی کے اراکین کو دیکھ کر۔ اس پر اپوزیشن پارٹیوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کی ممبئی صدر ورشا گائیکواڑ کا کہنا ہے کہ نتیش رانے نے آئین ہند کا مذاق بنا رکھا ہے۔ کسی گائوں کے باشندوں کا ترقیاتی فنڈ حاصل کرنا ان کا بنیادی حق ہے لیکن رانے کہہ رہے ہیں کہ وہ پارٹی دیکھ کر فنڈ دیں گے یہ پوری طرح غیر قانونی بات ہے۔ شیوسینا کے سینئر لیڈر امبا داس دانوے کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسے بزنس بنا رکھا ہے۔ اگر آپ کو فنڈ چاہئے تو آپ کو اس پارٹی میں آنا ہوگا پھر آپ کے نظریات بھی نہیں دیکھے جائیں گے۔ این سی پی رکن اسمبلی روہت پوار نے رانے کو مشورہ دیا کہ وہ ایک رکن اسمبلی کا وقار مجروح نہ کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK