ایف ڈی اے نے ۶۳؍ ہوٹلوں کے معائنہ کےدوران ۶۱؍ ہوٹلوں میں ضابطے کی خلاف ورزی پائی، ایک ہوٹل کا لائسنس منسوخ۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 10:33 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
ایف ڈی اے نے ۶۳؍ ہوٹلوں کے معائنہ کےدوران ۶۱؍ ہوٹلوں میں ضابطے کی خلاف ورزی پائی، ایک ہوٹل کا لائسنس منسوخ۔
فوڈ اینڈ ڈرگس اسوسی ایشن ( ایف ڈی اے )نے ہوٹلوں میں ملنےوالے کھانے کی کوالیٹی اور معیار کی جانچ کیلئے گزشتہ ایک مہینے میں ممبئی ومضافات کے۶۳؍ ہوٹلوں کا دورہ کیا۔ جن میں سے ۶۱؍ ہوٹل فوڈ سیفٹی کےمعیارات کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔ ان ہوٹلوں کو نوٹس دیا گیاہےجبکہ ایک ہوٹل کا لائسنس منسوخ کر دیا گیاہے۔
واضح رہے کہ۵؍ دسمبر۲۰۲۴ء کو شروع ہونے والی مہم کے ایک حصے کے طور پر، ایف ڈی اےحکام نے اب تک۶۳؍ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ کا معائنہ کیا۔ ان میں سے ۶۱؍ہوٹل فوڈ سیفٹی اور معیار کے ضوابط کے پیرا میٹر کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔ ان ہوٹلوں میں ضابطے کے برخلاف معمولی خلاف ورزیاں، مثلاً عملے کا دستانےیا ٹوپیاں نہ پہننے کے علاوہ کوڑے دان کے ڈبوں پر ڈھکنوں کی عدم موجودگی وغیرہ شامل رہا۔ جس کی وجہ سے ان ہوٹلوں کو ان انتظامات کو بہتر کرنے کیلئے نوٹس دیاگیاہے۔ مگر ایک ہوٹل میں نمایاں خلاف ورزیاں سامنے آنے پر ۳۰؍ ہزار روپے جرمانہ اور اس کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ایک اور ہوٹل سے ایکسپائرڈ بیئر کا اسٹاک ضبط کیا گیاہے۔ معائنہ کے دوران مجموعی طور پر ۷۸؍ کھانے پینے کے نمونے حاصل کئے گئے ۔ ان کے تجزیے کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
چرنی روڈ پر واقع وائس آف انڈیا ریسٹورنٹ کے مالک معظم دبیر نے بتایا کہ ’’ان دنوں شہر و مضافات میں ایف ڈی اے کی جانب سے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ جن ہوٹلوں میں فوڈ سیفٹی، صاف صفائی، حفظان ِصحت اور ہوٹل عملے سے متعلق عائد پابندیوں کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، ان ہوٹلوں پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ حالانکہ ہمارے زون ۲؍ میں ابھی ایف ڈی اے کا دورہ نہیں ہوا ہے لیکن اُمید ہےکہ جلد ہی یہاں کے ہوٹلوں کا بھی معائنہ کیا جائے گا جس کیلئے ہوٹل والوں کو تیار رہنا چاہئے۔ ‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’ فوڈ سیفٹی، صاف صفائی، حفظان ِصحت اور ہوٹل عملے سےمتعلق تقریباً۱۶؍سے ۱۸؍ قسم کے ضابطے ہیں جن کی تفصیلات ہوٹل میں تحریری طور پر لگانی ہوتی ہیں۔ کھانے کی کوالیٹی اور پینے کے پانی کی جانچ ہر ۶؍مہینے پر متعلقہ ڈپارٹمنٹ سے کرانا لازمی ہے۔ ایف ڈی اے والے ان دونوں چیزوں کےنمونے جمع کر کے ان کی جانچ بھی کرواتے ہیں ، لہٰذا ہوٹل والوں کو چاہئے کہ وہ ایف ڈی اے کے قوانین پرعمل کریں اور مذکورہ پابندیوں کا خاص خیال رکھیں۔ ‘‘
خیال رہے کہ پچھلے سال ایف ڈی اے نے اسی طرح اچانک ہوٹلوں کے معائنے کئے تھے جس میں متعدد ہوٹلوں میں ہونے والی خلاف ورزیوں کا پردہ فاش کیا گیا تھا۔ کچھ معروف ہوٹلوں میں غیر صحت بخش کچن پائے گئے تھے۔ چندہوٹل فوڈ لائسنس کے بغیر جاری پائے گئے تھے۔ اس کی وجہ سے کئی ہوٹلوں کو عارضی طورپر بند کرنے اور دوسروں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے تھے۔
ایف ڈی اے کے جوائنٹ کمشنر منگیش مانے نے بتایا کہ’’ ممبئی کو ۱۳؍زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر زون کے اہم ہوٹلوں کا معائنہ کرنے کیلئے فوڈ افسران کو تفویض کیا گیا ہے۔ معائنہ کا بنیادی مقصد ممبئی والوں کو صاف اور محفوظ حالات میں معیاری کھانا فراہم کرنے کی مہم کو یقینی بنانا ہے۔ یہ صحت عامہ کا معاملہ ہے، کسی بھی ہوٹل کو ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہوٹل مالکان صاف صفائی پر خاص توجہ دیں۔ ‘‘