• Sat, 11 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

متنازع بیان کا الزام، کیجریوال کیخلا ف بی جے پی کا پرتشدد احتجاج

Updated: January 11, 2025, 1:46 PM IST | Agency | New Delhi

بی جے پی کی پوروانچل یونٹ کا الزام کہ کیجریوال نے پوروانچل کیخلاف بیان بازی کی ۔کیجریوال نے کہا ’آپ‘ نے پوروانچل سماج کیلئے کام کیا اور عزت دلائی ہے۔

BJP workers protesting against Arvind Kejriwal and police stopping them near barricading. Photo: INN
اروندکیجریوال کے خلاف بی جے پی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے اور پولیس انہیں بیریکیڈنگ کے پاس روکتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

 نئی دہلی(ایجنسی): دہلی پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پوروانچل مورچہ کے کارکن، جو کہ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے پوروانچل کے لوگوں کے بارے میں ان کے بیان کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جمعہ کو پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا اور۵۰؍ سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ مورچہ کے ریاستی صدر سنتوش اوجھا کی قیادت میں بی جے پی کارکنوں نے جمعہ کو یہاں ۱۱؍ اشوک روڈ سے پوروانچل سمان مارچ نکالا۔ اس دوران مظاہرین نعرے لگاتے ہوئے فیروز شاہ روڈ پر کیجریوال کی رہائش گاہ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں اور جب مظاہرین نے انہیں توڑنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا اور۵۰؍ سے زائد مظاہرین کو تحویل میں لے لیا۔ مظاہرین کیجریوال سے پوروانچل سماج کے بارے میں اپنے الفاظ واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس مظاہرے میں نئی ​​دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کے رکن دنیش پرتاپ سنگھ، لکشمی نگر سے بی جے پی ایم ایل اے ابھے ورما، دہلی بی جے پی کے میڈیا ہیڈ پروین شنکر کپور، بی جے پی لیڈر سمیت بھسین، پوروانچل مورچہ کے شریک انچارج کوشل مشرا اورسیکڑوں  کارکنان اورباشندوں نے شرکت کی۔ مظاہرین کو حراست میں لینے کے بعد پولس انہیں مندر مارگ تھانے لے گئی، جہاں ایم پی منوج تیواری ان سے ملنے پہنچے۔ تاہم پولیس نے کچھ دیر بعد مظاہرین کو چھوڑ دیا۔ 
کیجریوال نے الزامات کو بے بنیاد بتایا
 عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت نے پوروانچل سماج کے لئے کام کیا ہے اور انہیں عزت دلائی ہے۔ کیجریوال نے جمعہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوگ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں جب کہ پوروانچل کمیونٹی سے عام آدمی پارٹی کے سب سے زیادہ ایم ایل اے ہیں۔ اس بار بھی ہم نے پوروانچل کے لوگوں کو سب سے زیادہ ٹکٹ دیے ہیں، لیکن بی جے پی نے کتنے ٹکٹ دیے ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ پوروانچل سے جتنے لوگ آتے ہیں، وہ کچی کالونیوں میں رہتے ہیں۔ ۲۰۱۴ء سے پہلے ان کچی کالونیوں میں لوگوں کا رہنا مشکل تھا۔ کچی کالونیوں میں رہنے والے۹۰؍ فیصد سے زیادہ لوگ پوروانچل سے ہیں۔ بی جے پی بتائے کہ اس نے۱۰؍ سال میں کچی آبادیوں کے لیے کیا کیا؟ کیا بی جے پی نے کچی کالونیوں میں ایک بھی سڑک یا گلی بنوائی ہے؟ انہوں نے ترقی کا کوئی کام نہیں کیا جب کہ ان کے پاس پپسہ اور پاورخوب تھا۔ ’آپ‘ لیڈر نے کہا کہ انہوں نے دہلی کی تمام کچی کالونیوں میں سڑکیں اور گلیاں بنوائیں، سی سی ٹی وی کیمرے لگوائے، نالیاں بنوائیں، سیوریج کنکشن فراہم کئے۔ پانی کی پائپ لائن لگائی۔ اسپتال اور محلہ کلینک بنوائے۔ بچوں کے لیے اسکول بنائے۔ میں نے کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو عزت کی زندگی دی ہے۔ ۲۰۱۵ء میں ان کچی آبادیوں میں جہاں زمین کی قیمت۳؍ہزار روپے فی گز تھی، آج وہاں ایک لاکھ روپے فی گز سے زیادہ ہے۔ لوگوں کو عزت کی زندگی ملی ہے۔ بی جے پی نے کیا کیا؟ یہ لوگ صرف احتجاج کرتے ہیں۔ یہ لوگ صرف گندی سیاست کرتے ہیں۔ یہ کام نہیں کرتے۔ ان سے کوئی کام نہیں ہوتا۔ نے کہا کہ بی جے پی کے بنانے سے ایشو نہیں بنتے ہیں، بلکہ بی جے پی کے جتنے بھی ایشوز تھے وہ ان پر ہی پڑتے جارہے ہیں۔ انہوں نے پوروانچل کے لوگوں کو روہنگیا کہا اور اب وہ ٹی وی والوں کو فون کرکے کہتے ہیں کہ روہنگیا پر بحث نہ کرانا۔ پھر انہوں نے شیش محل کا مسئلہ اٹھایا، لیکن اب ٹی وی والوں کو فون کرکے کہتے ہیں شیش محل پر بحث نہ کرانا۔ 
اقتدار کھونے کے خوف سے کجریوال اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں : سچدیوا
  بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا نے بی جے پی کے خلاف عام آدمی پارٹی کی طرف سے جاری کردہ پوسٹ کے تعلق سے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی (آپ) کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیجریوال اقتدار کھونے کے خوف سے اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔ سچدیوا نے جمعہ کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے ترجمان شوبھندو شیکھر اوستھی اور یاسر جیلانی بھی موجود تھے۔ سچدیوا نے کہا کہ کیجریوال کو اپنے ضمیر کی آواز سنائی دے رہی ہے جو کہہ رہی ہے کہ دہلی کا اقتدار اب ان سے دور ہورہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK