• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلاڈلفیا میں پر تشدد مظاہرے، ۱۵۳؍ پولیس اہلکار زخمی، کرفیوکا اعلان

Updated: October 30, 2020, 11:22 AM IST | Agency | Washington

جگہ جگہ لوٹ مار اور پولیس کے ساتھ جھڑپیں۔ پولیس کمشنر کا تشدد کرنے والوں پر ناراضگی کا اظہار۔ پولیس کی مدد کیلئے نیشنل گارڈز طلب امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈلفیا میں دو روز سے جاری پرتشدد مظاہروں اور لوٹ مار کے بعد شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

US Protest - Pic : Agency
ٹھیک الیکشن سے پہلے نسل پرستی کا معاملہ پھر سرخیوں میں ہے (ایجنسی

امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈلفیا میں دو روز سے جاری پرتشدد مظاہروں اور لوٹ مار کے بعد شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔فلاڈلفیا کے میئر جم کینی نے پرتشدد مظاہروں کی روک تھام کیلئے بدھ کو شہر میں رات ۹؍ بجے سے صبح ۶؍  نو بجے تک کے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ دو روز سے جاری مظاہروں کے دوران پولیس کے ۵۳؍اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ پولیس نے ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کے الزام میں ۱۷۲؍ مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔
 حکام کے مطابق صرف منگل کی شب  ہوئی  لوٹ مار میں لگ بھگ ایک ہزار افراد ملوث تھے جن میں سے بعض کو حراست میں لیا گیا ہے۔  پینسلوینیا کے ڈیموکریٹک گورنر ٹوم وولف نے کہا ہے کہ انہوں نے پولیس کی معاونت کیلئے نیشنل گارڈز کو طلب کر لیا ہے۔فلاڈلفیا میں لوٹ مار اور ہنگامہ آرائی کی روک تھام کے سلسلے میں جمعے کو نیشنل گارڈز کی آمد متوقع ہے۔
 فلاڈلفیا پولیس کمشنر ڈینیل آؤٹ لا نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران لوٹ مار کے واقعات کو  بڑے پیمانے پر لاقانونیت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔انہوں نے لوٹ مار کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ قیمتی وسائل کو ضائع کرنے کے سوا کچھ نہیں کر رہے۔یاد رہے کہ فلاڈلفیا ریاست پینسلوینیا کا سب سے بڑا شہر ہے جہاں پیر کو پولیس کی فائرنگ  میں۲۷؍ سالہ سیاہ فام نوجوان والٹر ویلس ہلاک ہو گیا تھا جس کے بعدتشددپھوٹ پڑا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص مسلح تھا تاہم والٹر کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی مریض تھا جسے پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
 فلاڈلفیا میں پولیس کی فائرنگ سے سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ میں آئندہ ہفتے صدارتی انتخابات کیلئے پولنگ ہونے والی ہے۔ریاست پینسلوینیا کو صدارتی انتخابات کیلئے اہم ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جہاں ری پبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔فلاڈلفیا کو ڈیموکریٹک پارٹی کا مضبوط قلعہ سمجھا جاتا ہے جہاں سیاہ فام اور ہسپانوی امریکی بڑی تعداد میں آباد ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK