دہلی بی جےپی کے صدر نےسابق وزیراعلیٰ کومسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کاماہر قراردیا، مرکز کے کام گنوائے۔
EPAPER
Updated: January 06, 2025, 11:43 AM IST | Agency | New Delhi
دہلی بی جےپی کے صدر نےسابق وزیراعلیٰ کومسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کاماہر قراردیا، مرکز کے کام گنوائے۔
دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا نے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو لوگوں کو مسئلے سے بھٹکانے کا ماہر کھلاڑی قرار دیا ہے اور انہیں ترقی کے معاملے پر عوامی بحث کرنے کا چیلنج کیا ہے ۔ سچدیوا نے اتوار کو کہا’’میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں، ایک بار پھر دہراتا ہوں، اگر کیجریوال کو لگتا ہے کہ ان کی حکومت نے ترقیاتی کام کیے ہیں، تو ہم ایک عوامی بحث کا اہتمام کرتے ہیں، وہ بھی آئیں اور اپنی بات رکھیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگ اس بات کے گواہ ہیں کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے دہلی کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے ایسٹ ویسٹ کوریڈور بنایا ہے، تقریباً۱۲۰۰؍ الیکٹرک بسیں فراہم کی ہیں اور بھیڑ کو کم کرنے کیلئے دھولا کنواں ہوائی اڈہ روڈ کی توسیع کی ہے۔ اکشردھام-میرٹھ ہائی وے ، دہلی سہارنپور ہائی وے، اربن ایکسٹینشن روڈ (یو ای آر)-۲، رنگ روڈ-۳، پرگتی میدان ٹنل جیسے پروجیکٹ دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ بدر پور ایکو پارک اور راج پتھ کے کرتویہ پتھ کی توسیع کی، بھارت منڈپم اور یشوبھومی جیسے بین الاقوامی سطح کے ترقیاتی ماڈل دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کی طرف سے وقت پر رقم جاری نہ کرنے کے باوجود ریجنل ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (آر آر ٹی ایس) ہو یا دہلی میٹرو کی توسیع، مرکز کی مودی حکومت نے کسی بھی ترقیاتی کام کو رُکنے نہیں دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ہی، کووِڈ کی مدت کے دوران خصوصی اسپتال اور غریبوں کو مفت راشن دیئے۔