• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وشال گڑھ تشدد: ۲؍کروڑ۸۵؍ لاکھ روپے کی املاک کا نقصان

Updated: July 18, 2024, 10:31 PM IST | kolhapur

ضلع انتظامیہ نے کہا کہ متاثرین کو جلد از جلد معاوضہ دلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وشال گڑھ پر تجاوز مخالف کارروائی بھی جاری ہے

Some pictures of damage to houses and property of people belonging to minority community
اقلیتی سماج سے تعلق رکھنے والے افراد کے مکانات اور املاک کو ہونے والے نقصان کی کچھ تصاویر

گزشتہ دنوں وشال گڑھ میں برپا کئے جانے والے تشدد کے دوران اقلیتی سماج کے افراد کی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کا اندازہ ہے کہ تقریباً ۲؍ کروڑ ۸۵؍ لاکھ روپے کی املاک کا نقصان ہوا ہے۔لوک مت کی رپورٹ کے مطابق وشال گڑھ ، گجا پور اور مسلم واڑی میں شرانگیزوں کے حملے میں  دکان، مکان  کے ساتھ ساتھ دو پہیہ  اور چار پہیہ گاڑیوں اور دیگر املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی جانچ میں تقریباً ۲؍کرو ڑ۸۵؍ لاکھ روپے کے مالی نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔اس ضمن میں ضلع انتظامیہ نے رپورٹ تیار کرلی ہے۔ ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  ریاستی حکومت کی جانب سے متاثرین کوجلد از جلد مالی مدد فراہم کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق جن املاک کو نقصان پہنچا ہے ان میں ہوٹل اور گھر:۴۲، ٹووہیلر:۲۸،فور وہیلر۸، عوامی املاک۲؍ شامل ہیں۔
 ضلع افسرامول یڑگے نے منگل کے روز اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم نے  تشدد کے دوران ہونے والے مالی نقصان کی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ پنچنامہ بنانے کیلئے ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔  ہم متاثرین کو جلد ازجلد معاوضہ دلانے کی کوشش کررہے ہیں۔‘‘مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈران کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کےبعد انہوں نے پریس کانفرنس منعقد کی اور مذکورہ بالا تفصیلات فراہم کیں۔ امول یڑگے نے کہا کہ’’تشدد متاثرین کو مدد فراہم کرنے کیلئے تیزی سے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے یہ تیقن بھی دیا کہ کولہاپور کے سماجی اتحاد کو برقرار رکھنے اور لاء اینڈآرڈر کی بہتری کے لئے اس معاملے کے خاطیوں پر سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تجاوزات کے متعلق بتایا کہ ’’وشال گڑھ کے قلعے پر گزشتہ دو دنوں  سے  تجاوز ات مخالف دستہ کی کارروائی  جاری ہے اور تقریباً  ۱۰۰؍سے زائد املاک کے تجاوز کو ختم کردیا گیا ہے۔ کئی افراد نے خود ہی تجاوز کو ہٹادیا ہے۔تجاوزات کے ملبہ کو قلعہ سے ہٹایا جائے گا۔رہائشی تجاوزات کو فی الحال بارش کے پیش نظر نہیں ہٹایا جارہا ہے۔‘‘

kolhapur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK