• Fri, 21 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویژن اکیڈمی حفاظ کواعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کا فریضہ نبھارہی ہے

Updated: February 19, 2025, 3:58 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

کیرالا کی منپت فائونڈیشن سے۱۲؍ ویں پاس کرنے کے بعد حفاظ طلبہ انجینئرنگ ،طب ، سائنس ، سماجی علوم اور قانون کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

Hafaz is being equipped with modern and contemporary education in this institution. Photo: INN
حفاظ کو اس ادارہ میں جدید اور عصری تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

حفاظ کرام کے لئے کیرالا کی معروف تنظیم منپت فائونڈیشن نے حفاظ کے لئے انقلابی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں اعلیٰ عصری تعلیم سے آراستہ کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ فائونڈیشن نے اُترپردیش کےمظفرنگر کے قریب واقع پھولت گائوں میں ویژن انٹرنیشنل اکیڈمی اسکول شروع کیاہے جس میں عصری تعلیم سے دور رہنے والے حفاظ کو مختلف شعبوں کی تعلیم دی جاتی ہے۔ فی الحال یہاں ۲۷۳؍ حفاظ اعلیٰ تعلیم حاصل کررہےہیں ۔ ۲۰۱۷ء میں شروع ہونےوالے ادارہ سے اب تک۱۲۰؍ حفاظ دسویں اوربارہویں پاس کرکے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی جانب بڑھ چکے ہیں ۔ اس اسکول میں حفاظ لڑکوں کو عصری تعلیم کے ساتھ روزانہ قرآن پاک کادور بھی کرایاجاتاہے تاکہ ان کی حفظ کی تعلیم متاثرنہ ہو۔ 
اس بارے میں اسکول کے پرنسپل عبدالعظیم درانی جو ان دنوں ممبئی کےدورہ پر ہیں ، نے بتایا کہ ہماری اسکول سے فارغ ہونے والے حفاظ بارہویں کےبعد آگے کی تعلیم ملک کے مختلف کالجوں سے حاصل کررہےہیں۔ واضح رہےکہ ویژن انٹرنیشنل اکیڈمی ایک رہائشی تعلیمی ادارہ ہے جس کا مقصد حافظ قرآن کو عصری تعلیم دلانا ہے۔ ادارہ کااولین مقصد دسویں اوربارہویں کے امتحانات کے علاوہ انجینئرنگ، طب، سائنس، سماجی علوم اور قانون میں اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کیلئے مختلف اداروں داخلہ دلانا بھی ہے۔ اس کے لئے وہ طلبہ کو خصوصی تیاری کرواتے ہیں۔ اکیڈمی کی جانب سے اپنے یہاں قابل اور تجربہ کار اساتذہ کی پوری ایک ٹیم مامور کی گئی ہے جو حفاظ طلبہ کو مختلف مضامین پڑھاتے ہیں۔ ساتھ ہی ان طلباء کو ان کی ضرورت کے مطابق ذاتی کوچنگ اور رہنمائی بھی دی جاتی ہے۔ بنیادی مرحلہ میں ان حفاظ کو ۵؍سالہ فائونڈیشن کورس کےذریعے بورڈ امتحانات کیلئے تیار کیاجاتاہے۔ 
 مذکورہ ادارہ کے پرنسپل عبدالعظیم درانی نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ عصری تعلیم سے دوررہنےوالے حافظ قرآن طلباء کو جدید تعلیم سے دلانےکےمقصد سے ۲۰۱۷ء میں کیرالہ کےمنپت فائونڈیشن کےسربراہ امیراحمد نے پھولت میں ویژن انٹرنیشنل اکیڈمی کے نام سے ایک منفرد ادارہ قائم کیا تھا جس میں مدارس سے حفظ کر چکے طلبہ کے لئے بہترین تعلیم کا نظم ہے، جدید ترین سہولیات ہیں اور یہاں ماہر اساتذہ کی نگرانی میں گزشتہ ۷؍ برسوں سے طلبہ کو تعلیم دی جارہی ہے۔ ‘‘درانی صاحب کے مطابق یہاں حافظ طلباء کوسی بی ایس ای بورڈ سے۱۲؍ویں تک کی جدید تعلیم دی جاتی ہے۔ 

عبد العظیم درانی   نےبتایا کہ عصری تعلیم کا سفر، حفظ کی حفاظت ، اسلامی اخلاق، آداب و تربیت کے ساتھ بحسن خوبی کرا یاجاتا ہے۔ اس وقت اکیڈمی میں ۲۷۳؍ سے زائد حفاظ قیام پذیر ہیں۔ اس میں حفاظ کی تعلیم کے ساتھ رہائش ، کھانے ، اور مختلف قسم کے کھیلوں کا انتظام بھی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ  ہر سال ہمارے حفاظ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں تراویح بھی سنانے جاتے  ہیں۔ امسال۲۷۳؍ میں سے ۲۳۵؍ حفاظ تراویح کی تیاری میں مصروف ہیں جبکہ ۷۷؍ حفاظ تراویح سنانےکےساتھ سی بی ایس ای بورڈ امتحانات کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔ادارہ کا اب تک سی بی ایس ای کا رزلٹ اوسطاً ۸۵ء۸۶؍فیصد رہاہے۔  یہاں سےحافظ ابوبکر ماجدی نے ۹۵ء۴۰؍ فیصد سے کامیابی حاصل کرکے ضلع ٹاپ کرنے کااعزاز بھی حاصل کیاہے۔ اسی طرح دیگر  حفاظ نے بورڈ امتحانات میں امتیازی کامیابی حاصل کی ہے۔ قرآن مجید کو اپنے سینوں میں محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ یہاں کے ۱۲۰؍ حفاظ بارہویں پاس کرنے کے بعد ملک کی مختلف ۱۸؍ یونیورسٹیوں سے  اعلیٰ تعلیم حاصل کررہےہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK