• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ووڈا فون آئیڈیا ایلون مسک کو حصہ داری نہیں بیچے گی

Updated: January 03, 2024, 12:00 PM IST | Agency | New Delhi

ہندوستانی کمپنی نے ان خبروں کو مسترد کردیا کہ اسٹار لنک اس کے حصص خریدنا چاہتی ہے۔

Elon Musk. Photo: INN
ایلون مسک۔ تصویر : آئی این این

ووڈافون آئیڈیا لمیٹڈ (وی آئی) نے اس خبر کو مسترد کر دیا ہے کہ اسٹار لنک پروجیکٹ میں حصص کی فروخت کے بارے میں اس کی ایلون مسک سے بات چیت جاری ہے۔ووڈا آئیڈیا نے ایک ایکسچینج فائلنگ میں کہا کہ ہمیں ۲۹؍ دسمبر۲۰۲۳ء کو بزنس ورلڈ میں شائع ہونے والی خبر کی بنیاد کا علم نہیں ہے۔ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کمپنی سیبی کی فہرست سازی کے قواعد پر عمل کرے گی۔ اس خبر کے بعد ووڈا آئیڈیا کے حصص۵ء۵۹؍فیصد گر کر۱۶ء۰۵؍ پر بند ہوئے۔اس سے قبل بزنس ورلڈ نے۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہندوستانی کمپنی ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کو اپنی حصہ داری فروخت کرنے کے حوالے سےبات چیت کر رہی ہے۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر سیبی نے ان سے جواب طلب کیا تھا۔
ووڈا آئیڈیا کے شیئراضافہ کے بعد گرے 
 گزشتہ دو کاروباری دنوں میں ووڈا آئیڈیا کے حصص میں ۲۳؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ ۲۸؍ د سمبر۲۰۲۳ءکو۱۳ء۲۵؍ روپے پر تھا جو یکم جنوری کو بڑھ کر۱۸ء۴۲؍روپے کی۵۲؍ ہفتے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ تاہم، بعد میں کچھ کمی آئی اور یہ۵ء۹۴؍فیصد گرکر۱۶ء۹۵؍روپے پر بند ہوا۔
ستمبر میں بھی حصص کی فروخت کی خبر آئی تھی
 اس سے پہلے بھی ستمبر میں کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی کمپنیاں ویریزون ،امیزون یا اسٹار لنک و وڈا آئیڈیا میں حصص خرید سکتی ہیں ۔ تاہم۱۸؍ ستمبر کو کمپنی نے ان رپورٹس کو غلط قرار دیتے ہوئے ان کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی خبروں کی تردید کی تھی۔
اسٹارلنک تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرتا ہے
اسٹار لنک کا کام دور دراز کے علاقوں کو سیٹیلائٹ کے ذریعے تیز رفتار انٹرنیٹ سے جوڑنا ہے۔ اس میں کمپنی ایک کٹ فراہم کرتی ہے، جس میں راؤٹر، پاور سپلائی، کیبل اور ماؤنٹنگ ٹرائی پاڈ دیاجاتا ہے۔ تیز رفتار انٹرنیٹ کیلئے ڈش کھلے آسمان کے نیچے رکھا جاتا ہے۔اسٹار لنک کی ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر دستیاب ہے جو سیٹ اَپ سے مانیٹرنگ تک ہر چیز کا خیال رکھتی ہے۔ ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک کو جلد ہی ملک میں وائس اور ڈیٹا کمیونی کیشن کی خدمات فراہم کرنے کا لائسنس مل سکتا ہے۔ اکنامک ٹائمس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی حکومت ڈیٹا اسٹوریج اور ٹرانسفر کے اصولوں پر اسٹار لنک کے جواب سے مطمئن ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK