• Wed, 29 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ووٹرلسٹ میں رائے دہندگان اس طرح اپنا نام اور پولنگ سینٹر معلوم کرسکتے ہیں!

Updated: November 20, 2024, 11:51 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

آج مہاراشٹر اسمبلی کی  ۲۸۸؍ سیٹوں کیلئے پولنگ ہے۔ اس روز  اکثر دیکھا گیا ہے کہ کئی رائے دہندگان اپنے علاقوں میں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے لگائے جانے والے ٹیبل پر یہ معلوم کرنے کی کوشش کرنے کیلئے پریشان رہتے ہیں کہ ان کا  نام کون سی ووٹر لسٹ (پارٹ نمبر) میں ہیں اور اس کا نمبر شمار کیا ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

آج مہاراشٹر اسمبلی کی  ۲۸۸؍ سیٹوں کیلئے پولنگ ہے۔ اس روز  اکثر دیکھا گیا ہے کہ کئی رائے دہندگان اپنے علاقوں میں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے لگائے جانے والے ٹیبل پر یہ معلوم کرنے کی کوشش کرنے کیلئے پریشان رہتے ہیں کہ ان کا  نام کون سی ووٹر لسٹ (پارٹ نمبر) میں ہیں اور اس کا نمبر شمار کیا ہے۔ ان کاپولنگ سینٹر اور بوتھ کون سا ہے جہاں پر وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکتے ہیں۔   رائے دہندگان کو انہی پریشانیوں سے بچانے اور اپنے پولنگ سینٹر سے متعلق تفصیلات معلوم کرنے کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے موبائل ایپ اور ویب سائٹ دی گئی ہے جس پر وہ  اپنا نام اور پولنگ سینٹر کی تفصیل معلوم کرسکتے ہیں۔ رائے دہندگان ان کی مدد سے گھر بیٹھے اپنا نام اور دیگر تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔ 
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے ذریعے ووٹر لسٹ میں اپنا نام تلاش کرنے کا طریقہ


 

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ویب سائٹ:   https://electoralsearch.eci.gov.in پر  ووٹروںکو  ووٹر لسٹ میں اپنا نام تلاش کرنے اور اسی کے ساتھ اپنا پولنگ اسٹیشن معلوم کرنے کی سہولت دی گئی  ہے۔ اس ویب سائٹ کے مین پیج   پر ’سرچ اِن الیکٹورل رول‘  کے تحت الیکشن فوٹو کارڈ سے ، تفصیل کی مدد سے   اور رجسٹرڈ موبائل نمبر کی مدد سے نام تلاش کرنے کی سہولت دی گئی۔اسی ویب سائٹ پر فوٹو الیکشن کارڈ ( ایپک)  نمبر سےووٹر کو اس کا پولنگ سینٹر معلوم کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ووٹر ایپک نمبر درج کرے، دیا  گیا کیپچا کوڈ ٹائپ کرے اور سرچ پر کلک کرے ۔ فوراً ہی بوتھ لیول افسر( بی ایل او)، الیکشن ریٹرننگ آفیسر( ای آر او) کا نام اور موبائل نمبر کے ساتھ ساتھ پولنگ بوتھ کا پتہ سامنے آجاتا ہے لیکن یہاں پر ووٹر کے ووٹر لسٹ کی تفصیل نہیں دی جاتی۔ ( اوپردیکھیں G)

 ووٹرہیلپ لائن موبائل ایپ کے ذریعے ووٹر لسٹ میں اپنا نام کیسے تلاش کریں؟


 ’ووٹر ہیلپ لائن‘ ایپ الیکشن کمیشن آف انڈیا کا ایک ایپلی کیشن ہے جو ’پلے اسٹور‘ سے مفت میں ڈاؤن لوڈ کیاجاسکتا ہے۔  یہ ایپ کھولنے پر سامنے ہی ووٹر لسٹ ( الیکٹورل رول) میں اپنا نام تلاش کریں (سرچ یوور نیم اِن الیکٹورل رول ) سامنے آجاتا ہے۔ اس سرچ بار پر کلک کرنے پر ۴؍ طریقوں سے ووٹر کا نام تلاش کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ ( بائیں جانب دیکھیںE)
 (۱) موبائل نمبر کےذریعے
 (۲) فوٹو الیکشن کارڈ پر دیئے گئے بار کورڈ/کیو آر کوڈ کے ذریعے
 (۳) تفصیل ( ووٹر کے نام سے )  کے ذریعے 
 (۴) فوٹو الیکشن کارڈ کے نمبر( ای پی آئی سی  نمبر) (جسے ’ایپک‘ نمبر بھی کہتے ہیں  جو الیکشن کارڈ پر بارکوڈ کے بازو میں درج ہوتا ہے) کے ذریعے سرچ کیا  جاسکتا ہے۔

ووٹنگ کیلئے۱۲؍ میں سے کوئی ایک شناختی ثبوت
اسمبلی الیکشن میں اگر ووٹر کے پاس الیکشن فوٹوکارڈ نہ بھی ہو تو وہ دیگر ۱۱؍دستاویزات میں سے کسی ایک کی مدد سے بھی اپنا ووٹ دے سکتا ہے:(۱)فوٹو الیکشن کارڈ، (۲) پاسپورٹ، (۳)ڈرائیونگ لائسنس،   (۴)آدھار کارڈ، (۵) پین کارڈ ، (۶)بینک / پوسٹ آفس  سے جاری کردہ پاس بک جس پر تصویر بھی   ہو، (۷)وزارت  محنت کی اسکیم کے تحت جاری کردہ تصویر والا ہیلتھ انشورنس اسمارٹ کارڈ، (۸)منریگا جاب کارڈ، (۹)تصویر کے ساتھ پنشن کے دستاویز،  (۱۰)این پی آر کے تحت آر جی آئی کی جانب سے جاری کردہ اسمارٹ کارڈ، (۱۱)مرکزی حکومت/ریاستی حکومت/پی ایس یو یا پبلک لمیٹڈ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ اور (۱۲) حکومت ہند کے سماجی انصاف اور با اختیار بنانے کے محکمہ کی جانب سے معذور افراد کو جاری کردہ (یو ڈی آئی ڈی ) کارڈ ۔

معذور اور معمر افراد کیلئے مفت بس/گاڑیوں کی سہولت  
الیکشن کمیشن کی جانب سے  ۴۰؍ فیصد معذور اور معمر  افراد کیلئےان کے گھر سے پولنگ سینٹر تک لے جانے اور وہاں سے واپس گھر پہنچانے کیلئے گاڑیوں کا مفت انتظام کیا ہے۔ اس سہولت سے استفادہ کرنے کیلئے ووٹر  ہیلپ لائن نمبر : ۱۹۵۰؍ پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK