• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناندیڑ میں ووٹرس کو شادی ہال میں بند کر دیا گیا، ووٹنگ سے روکنے کی کوشش

Updated: November 21, 2024, 10:59 PM IST | Zaid A Khan | Nanded

بند کئےگئے لوگوں میں بیشتر مسلمان تھے، اشوک چوان پر بیٹی کو شکست سے بچانے کیلئے ووٹروں کو قید کرنے کا الزام، ویڈیو وائرل

Was this a conspiracy by Ashok Chavan (left)? (File photo)
کیا یہ اشوک چوان (بائیں ) کی کوئی سازش تھی؟( فائل فوٹو)

ناندیڑ ضلع کے بھوکر اسمبلی حلقے کے اردھاپور علاقے میں کانگریس کارکنان نے بی جے پی  پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سیکڑوں ووٹرس کو حقِ رائے دہی سے محروم کرنے کیلئے ایک شادی ہال میں بند کر دیا تھا۔ اس واقعے سے متعلق کچھ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں افراد کو شادی ہال سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
  اطلاع کے مطابق، اردھاپور کے ایک شادی ہال میں کچھ ووٹر جمع کئے گئے تھے۔ کانگریس کارکنان کو جب اس بات کی خبر ملی تو وہ فوراً وہاں پہنچے۔ شادی ہال میں کافی دیر تک تنازع جاری رہا، جس کے بعد بڑی تعداد میں ووٹرس کو  ہال سے باہر نکالا گیا۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی نے ان ووٹرس کو جن میں زیادہ تر مسلمان تھے،  زبردستی ہال میں بند کیا تھا تاکہ وہ اپنا ووٹ نہ ڈال سکیں۔ کانگریس کارکنان کا کہنا ہے کہ اشوک چوان، جو حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں، کو مسلمانوں کے ووٹ نہ ملنے کا اندیشہ تھا۔ اسلئے انہوں نے ایک چال کے تحت ان ووٹرس کو شادی ہال میں بلایا اور بند کر دیا تاکہ وہ کانگریس کے امیدوار کو ووٹ نہ دے سکیں۔
  کانگریس کے مطابق، یہ حرکت اشوک چوان کی بیٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی تھی جو بی جے پی کی امیدوار ہیں۔ ویڈیو میں بی جے پی لیڈر کشور سوامی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ کانگریس کارکنوں نے ان سے اس معاملے پر سخت بحث کی اور آخر کار بند کئے گئے افراد کو باہر نکالا۔ بی جے پی نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان نے کہا، ہمیں کسی کو زبردستی روکنے کی ضرورت نہیں ہے، اور نہ ہی ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔ صبح سے ہی ہماری کامیابی واضح تھی، اور کانگریس کو شکست نظر آ رہی ہے، اسلئے یہ جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’الٹا کانگریس نے پولنگ مراکز میں مداخلت کر کے ووٹروں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تاکہ وہ کانگریس کے حق میں ووٹ دیں۔ پولیس انتظامیہ نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے، اور ہم نے سی سی ٹی وی فوٹیج طلب کی ہے۔ کانگریس کو الزامات لگانے کے بجائے ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔ پولیس  معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دونوں پارٹیوںکے دعووں کی حقیقت جلد ہی واضح ہو جائے گی۔ کانگریس قائدین نے اس معاملے کی اعلی سطحی جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔ 
 یاد رہے کہ اشوک چوان کانگریس کے سب سے اہم لیڈران میں سے ایک ہوا کرتے تھے اور ان کی جیت میں مسلم ووٹروں کا بڑا رول رہتا تھا۔ اب جبکہ وہ بی جے پی میں ہیں۔ انہیں یا ان کی بیٹی کو مسلمانوں کے ووٹ ملنا مشکل ہو گیا ہے۔ اس لئے انہیں شکست کا خوف ستا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK