• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر کی ۱۳؍ پارلیمانی نشستوں کیلئے آج ووٹنگ

Updated: May 20, 2024, 12:10 PM IST | Mumbai

پانچویں مرحلے کے تحت دھولیہ، دنڈوری، ناسک، پال گھر، بھیونڈی، کلیان، تھانے، ممبئی نارتھ، ممبئی نارتھ ویسٹ، ممبئی نارتھ ایسٹ، ممبئی نارتھ سینٹرل، ممبئی ساؤتھ سینٹرل اورممبئی ساؤتھ کے امیدواروں  کی انتخابی قسمت آج ای وی ایم میں  محفوظ ہوگی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مہاراشٹر میں پانچویں مرحلے کے تحت ۱۳؍ پارلیمانی حلقوں  میں   آج (پیر ۲۰؍مئی کو)رائے دہی عمل میں آئے گی۔ جن سیٹوں پر انتخابات ہوں گے ان میں دھولیہ، دنڈوری، ناسک، پال گھر، بھیونڈی، کلیان، تھانے، ممبئی نارتھ، ممبئی نارتھ ویسٹ، ممبئی نارتھ ایسٹ، ممبئی نارتھ سینٹرل، ممبئی ساؤتھ سینٹرل اورممبئی ساؤتھ کے پارلیمانی حلقے شامل ہیں۔ اس مرحلے میں  ۲۶۴؍ امیدواروں  کی قسمت کا فیصلہ ۲ء۴۶؍کروڑ رائے دہندگان ای وی ایم میں بند کریں  گے۔ ۱۳؍ پارلیمانی حلقوں  میں کل ۲۴؍ہزار ۵۵۳؍ پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں  پیر کو صبح ۷؍بجے سے شام ۶؍بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ خیال رہے کہ مہاراشٹر کی ۴۸؍لوک سبھا سیٹوں  میں سے ۳۵؍سیٹوں  پر پچھلے چار مرحلوں  میں ووٹنگ ہوچکی ہے۔ پانچویں مرحلے میں  پیر کو بقیہ ۱۳؍نشستوں پر بھی ووٹنگ ہوجانے کے بعد ریاست میں  عام انتخابات کیلئے رائے دہی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ معلوم ہوکہ عام انتخابات ۷؍مرحلوں  میں  ہورہے ہیں، جن میں سے مہاراشٹر میں  ووٹنگ کا عمل ۵؍ویں  مرحلےمیں مکمل ہورہا ہے۔ 
دھولیہ، ناسک، دونڈوری، پال گھر، کلیان، بھیونڈی اور تھانے میں  کون کس کے سامنے ہے ؟
قابل ذکر ہے کہ اس پانچویں  مرحلے میں ۲؍ مرکزی وزراء پیوش گوئل (ممبئی نارتھ) اور کپل پاٹل (بھیونڈی) سمیت کئی سیاسی بڑے لوگوں کی قسمت کا فیصلہ انتخابات میں ہوگا۔ دھولیہ مالیگاؤں پارلیمانی حلقے کی بات کریں  تو یہاں  بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمان سبھاش بھامرے اور مہاوکاس اگھاڑی کی کانگریس کی امیدوار شوبھا دنیش بچھاؤ انتخابی میدان میں  ہیں۔ 
ناسک پارلیمانی حلقہ میں  شیوسینا (شندے) کے امیدوار ہیمنت گوڈسےاور شیوسینا (ادھو)کے راجا بھاؤ واجےکے درمیان کانٹے کی ٹکر ہورہی ہے۔ دنڈوری سیٹ پردورخی مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہاں   بھارتی پوار(بی جے پی )اور بھاسکر بھاگرے (این سی پی شردپوار) قسمت آزمائی کررہے ہیں۔ 
پال گھر (ایس ٹی) سیٹ پر سہ رخی مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، جہاں بی جے پی نے سابق وزیر آنجہانی وشنو سوارا کے بیٹے ڈاکٹر ہیمنت سوارا کو شیوسینا (یو بی ٹی) کی بھارتی کامڈی کے خلاف میدان میں اتارا ہے، تاہم بی جے پی کے حلیف ہتیندر ٹھاکر، جو بہوجن وکاس اگھاڑی (بی وی اے) کے سربراہ ہیں، نے بوئسر (ایس ٹی) کے موجودہ ایم ایل اے راجیش پاٹل کو کھڑا کیا ہے۔ 
کلیان میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے بیٹے اور موجودہ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شریکانت شندے شیو سینا (یو بی ٹی) کی ویشالی دریکر رانے کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں، جو پہلے راج ٹھاکرے کی قیادت والی ایم این ایس سے وابستہ تھیں۔ 
بھیونڈی میں، بی جے پی کے پنچایتی راج کے وزیر کپل پاٹل کا مقابلہ این سی پی (شردپوار) کے سریش مہاترے عرف بالیاماما اور نیلیش سمبارے سے ہے، جنہیں پرکاش امبیڈکر کی قیادت والی ونچیت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) کی حمایت حاصل ہے۔ 
تھانے میں شیوسینا کے دو دھڑوں کے امیدواروں میں  سخت مقابلہ ہورہا ہے۔ جن میں شیو سینا (ادھو) کے دو بار موجودہ ایم پی راجن وچارے، جو ٹھاکرے خاندان کے قریبی ساتھی ہیں اور نریش مہسکے(شیوسینا شندے)، جو وزیراعلیٰ شندے کے قریبی ساتھی ہیں۔ وچارے اور مہسکے دونوں تھانے کے سابق میئر رہ چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK