حکومت کو قانون کے نفاذ کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کی اپیل، مودی سرکار کے قانون کو آئین اور مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر حملہ قرار دیا۔
EPAPER
Updated: April 07, 2025, 10:33 AM IST | Ahmedullah Siddiqui | New Delhi
حکومت کو قانون کے نفاذ کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کی اپیل، مودی سرکار کے قانون کو آئین اور مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر حملہ قرار دیا۔
لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اپنی اکثریت کے بل پر وقف ترمیمی بل کو منظور کروائے گئے متنازع وقف ترمیمی بل پر سنیچر کی رات صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دستخط کردیئے جس کے بعد یہ بل قانون میں تبدیل ہوگیاہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کے خلاف لڑائی اب سپریم کورٹ منتقل ہوگئی ہے جہاں جمعیۃ علمائے ہند نے بھی پٹیشن داخل کردی ہے۔ جمعیۃ نے بل کو آئین پر براہ راست حملہ اور اقلیتوں کے مذہبی حقوق چھیننے کی کوشش قرار دیتے ہوئے عدالت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قانون کے نفاذ کو روکنے کیلئے حکومت کو نوٹیفکیشن جاری کرنے سے باز رہنے کا عبوری حکم جاری کرے۔
جمعیۃ سے قبل مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی، کانگریس کے ایم پی محمد جاوید، عام آدمی پارٹی کے لیڈر امانت اللہ خان اور غیر سرکاری تنظیم ’اسوسی ایشن فارپروٹیکشن آف سو ِل رائٹس ‘ سپریم کورٹ میں اپیل داخل کرچکے ہیں۔ انہوں نے بھی قانون کو غیر آئینی اوراس کی دفعات سے متصادم قرار دیا ہے۔
مولانا ارشد مدنی نے وقف بل میں ترامیم پر سخت برہمی ظاہر کرتےہوئے کہا کہ یہ قانون ملک کے آئین پر براہ راست حملہ ہے جو شہریوں کو یکساں حقوق اور مکمل مذہبی آزادیک کی یقین دہانی کراتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ قانونی جدوجہد کے ذریعہ ہم اس ظالمانہ قانون کے نفاذ کوروکنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور ضرورت پڑی توخون کے آخری قطرہ تک آئین کی بالادستی، سیکولرازم، جمہوریت اوراوقاف کے تحفظ کی قانونی اورجمہوری جدوجہدجاری رکھیں گے۔ مودی حکومت کے دعوؤں کو خارج کرتے ہوئے مولانا مدنی نے کہا کہ ’’ یہ قانون مسلمانوں کی بہتری اوربھلائی کے لئے نہیں بلکہ ان کی مذہبی آزادی پر ایک سنگین حملہ اور اس کو چھین لینے کی ایک خطرناک سازش ہے۔ ‘‘
مولانا مدنی نے اس یقین کا اظہارکیاکہ جس طرح عدالتوں نے کئی مقدمات میں انصاف دیا ہے اسی طرح اس اہم اور خلاف آئین قانون میں بھی انصاف دیا جائے گا۔ انہوں نے ان نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی بھی سخت تنقید کی جنہوں نے اقتدارکی ہوس میں آئین کے رہنمااصولوں کوفراموش کر دیا۔ انہوں نےکہا کہ ان پارٹیوں نے نہ صرف مسلمانوں کے مفادات کا سودا کر لیا بلکہ ملک کے آئین کو بھی اپنے پیروں تلے روندڈالا۔