• Mon, 27 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

وقف بل: جے پی سی کی میٹنگ میں ہنگامہ، اپوزیشن کے۱۰؍ اراکین کو معطل کردیا گیا

Updated: January 25, 2025, 10:15 AM IST | Agency | New Delhi

کلیان بنرجی اور نشی کانت دوبے کے درمیان تلخ کلامی کے بعد کارروائی۔

Members of various organizations giving memorandum to JPC chief Jagadambikapal. Photo: INN
مختلف تنظیموں کے افراد جے پی سی سربراہ جگدمبیکاپال کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

وقف ترمیمی بل پر قائم مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے اجلاس کے دوران ٹی ایم سی کے رکن کلیان بنرجی اور بی جے پی کے ایم پی نشی کانت دوبے کے درمیان  شدیدلفظی جنگ ہوئی، جس کے بعد کمیٹی کے ۱۰؍ اپوزیشن اراکین کو ایک دن کے لئے معطل کر دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ہنگامہ اس وقت ہوا جب کلیان بنرجی نے اجلاس کو اتنی جلدی بلانے پر سوال اٹھایا جس پر نشی کانت دوبے نے سخت اعتراض کیا اور دونوں لیڈروں کے درمیان  اس پرشدید تکرار شروع ہو گئی۔ اس کے بعد اجلاس کو کچھ دیر کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔کلیان بنرجی کا کہنا تھا کہ اجلاس کی اتنی جلدی کیا ضرورت تھی؟ انہوں نے اس پر سوال اٹھایا کہ آیا اس بل پر جلدی فیصلے کی کوئی خاص وجہ ہے؟ 
 کلیان بنرجی کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے نشی کانت دوبے نے کہا کہ حکومت نے اس بل کو اہمیت دی ہے اور اس پر جلدی فیصلے کی ضرورت ہے۔ دونوں کے درمیان یہ بات چیت اتنی بڑھ گئی کہ لفظوں کا تبادلہ بحث و تکرار میں تبدیل ہو گیا اور اس کی وجہ سے اجلاس کو عارضی طور پر روکنا پڑا۔جیسے ہی یہ تنازع بڑھا کمیٹی نے اپوزیشن کے ۱۰؍ اراکین کو معطل کر دیا جو مبینہ طور پر کلیان بنرجی کا ساتھ دے رہے تھے۔ ان اراکین کی معطلی نے اجلاس کی فضا کو مزید متنازع بنا دیا جس کے بعد اجلاس کو ۲۷؍ جنوری تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
  واضح رہے کہ اس اجلاس میں میر واعظ عمر فاروق بھی اپنے اعتراضات پیش کرنے کے لئے کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں بی جے پی کے رکن نشی کانت دوبے نے دعویٰ کیا کہ وقف بل کا مقصد مسلمانوں کی بہتری ہے اور اس کے ذریعے وقف کے اداروں میں شفافیت لانا مقصود ہے۔ ہم کسی کی زمین یا جائیداد پر قبضہ نہیں کررہے بلکہ اس پورے نظام کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK