دیویندر فرنویس اور چھگن بھجبل ایک ہی گاڑی میں جلسہ گاہ پہنچے، ایک دوسرے کی تعریفیں کیں اور شعر وشاعری میں اشارے دیئے۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 1:59 PM IST | Agency | Satara
دیویندر فرنویس اور چھگن بھجبل ایک ہی گاڑی میں جلسہ گاہ پہنچے، ایک دوسرے کی تعریفیں کیں اور شعر وشاعری میں اشارے دیئے۔
کابینہ میں شامل نہ کئے جانے پر ناراض چھگن بھجبل شروع سے اجیت پوار کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ساتھ ہی وہ دیویندر فرنویس کی تعریف کرنا بھی نہیں بھولتے۔ جمعہ کو ان دونوں کے درمیان قربت اور بھی گہری نظر آئی جب دونوں ایک پروگرام کے دوران ایک ساتھ پہنچے اور اسٹیج پر ایک دوسرے کی جم کر تعریفیں کیں۔ چھگن بھجبل نے ایک شعر پڑھا تو دیویندر فرنویس نے بھی جواب میں ایک معنی خیز شعر سنایا۔
جمعہ کو مہاتما جیوتی با پھلے کی اہلیہ ساوتری بائی پھلے کی ۱۹۴؍ ویں جینتی تھی۔ اس موقع پر ستارا میں ان کی جائے پیدائش نائیگائوں میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور چھگن بھجبل نے ایک ساتھ شرکت کی۔ اطلاع کے مطابق دونوں لیڈران ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر جلسہ گاہ پہنچے تھے۔ وہاں اپنی تقریر میں چھگن بھجبل نے کہا کہ ’’ مہایوتی حکومت نے خوب کام کئے ہیں۔ جب ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ تھے اور دیویندر فرنویس نائب وزیر اعلیٰ تب میں اپوزیشن میں تھا۔ میں نے دیکھا کہ منترالیہ کے گیٹ کے قریب چھترپتی شیواجی، جیجا ماتا اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے لگے ہوئے ہیں لیکن ساوتری بائی اور جیوتی با پھلے کا مجسمہ نہیں ہے۔ ‘‘ بھجبل کہتے ہیں ’’ میں فرنویس صاحب سے کہا کہ یہاں جیوتی با پھلے اور ساوتری بائی پھلے کا مجسمہ بھی ہونا چاہئے۔ اس پر انہوں نے فوراً ہامی بھری اور کہا کہ ہم یہاں جیوتی با پھلے اور ساوتری بائی کا بھی مجسمہ نصب کریں گے۔ ‘‘ سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ’’جوکم برسوں میں نہیں ہوا وہ ان دونوں نے ۶؍ ماہ میں کر دکھایا۔ ‘‘ اس موقع پر چھگن بھجبل نے موجودہ صورتحال میں انہیں کنارے کئے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہ شعرپڑھا :
واقف کہاں زمانہ ہماری اڑان سے
وہ اور تھے جو ہار گئے آسمان سے
یاد رہےکہ اس وقت بھجبل اگر کسی سے ناراض ہیں تو وہ اجیت پوار ہیں جنہوں نےمبینہ طور پر انہیں کابینہ میں شامل نہیں ہونے دیا۔ بھجبل نے خود یہ کہا ہے کہ دیویندر فرنویس انہیں کابینہ میں شامل کرنا چاہتے تھے لیکن اجیت پوار نے ایسا ہونے نہیں دیا۔ وہ لگاتار فرنویس کی تعریفیں کر رہے ہیں۔ اس سے یہ قیاس لگایا جا رہا ہے کہ جلد ہی بھجبل بی جے پی میں شامل ہوتے ہوئے نظر آئیں گے۔
جب دیویندر فرنویس کی باری آئی تو انہوں نے بھی چھگن بھجبل کی خوب تعریفیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے جو کل تک ان کے مخالفین تھے آج وہ ان کے ساتھ ہیں۔ اسی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے مجروح سلطانپوری کا مشہور زمانہ شعرسنایاـ
میں اکیلا ہی چلا تھا جانب منزل مگر
لوگ ساتھ آتے گئے اور کاررواں بنتا گیا
کیا اس شعر کا مطلب یہ ہے کہ چھگن بھجبل بھی فرنویس کے کاررواں یعنی بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں ؟