روس کے یوکرین پر جوہری حملے کی دھمکی کے بعدتینوں ممالک میں زبر دست ہلچل، شہریوں کو ضروری سامان اکٹھاکرنے اور فوجیوں کو تیار رہنے کی ہدایت، جنگ سے متعلق پمفلٹ تقسیم۔
EPAPER
Updated: November 21, 2024, 11:11 AM IST | Stockholm
روس کے یوکرین پر جوہری حملے کی دھمکی کے بعدتینوں ممالک میں زبر دست ہلچل، شہریوں کو ضروری سامان اکٹھاکرنے اور فوجیوں کو تیار رہنے کی ہدایت، جنگ سے متعلق پمفلٹ تقسیم۔
روس اور یوکرین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد۳؍ نارڈک ممالک نے جنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ناروے، فن لینڈ اور ڈنمارک کی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو ضروری سامان ذخیرہ کرنے اور اپنے فوجیوں کو جنگ کیلئے تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دراصل ان ممالک کی سرحدیں روس اور یوکرین سے ملحق ہیں۔ یوکرین پر ایٹمی حملے کی صورت میں یہ ممالک متاثر ہو سکتے ہیں۔ ناروے نے اپنے شہریوں کو جنگ سے خبردار کرنے والے پمفلٹ تقسیم کیے ہیں۔ واضح رہےکہ نارڈک ممالک ان ممالک کو کہتے ہیں جو شمالی یورپ اورشمالی اٹلانٹک کے خطے میں واقع ہیں ۔ سویڈن، ناروے اورڈنمارک کی زبانوں میں ’ نارڈن ‘ کا معنی نارتھ ہوتا ہے۔ سویڈن نے بھی اپنے۵۲؍ لاکھ سے زائد شہریوں کو پمفلٹ بھیجے ہیں جس میں ہدایات دی گئی ہیں کہ جوہری جنگ کے دوران تابکاری سے بچاؤکیلئے استعمال ہونے والی آیوڈین گولیاں رکھیں۔ کشیدگی کے درمیان امریکہ نے بدھ کو یوکرین کے دارالحکومت کیف میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ اٹلی، یونان اور اسپین نے بھی کیف میں سفارت خانے ایک دن کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی سفارتخانے کے ملازمین کو محفوظ مقام پر جانےکا مشورہ
امریکی سفارت خانے نے اپنے ملازمین کو محفوظ جگہ پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ یوکرین میں مقیم امریکی مسافروں کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے تین دن قبل یوکرین کو روس میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
پاور بیک اَپ برقرار رکھنے کی ہدایات
فن لینڈ کی روس کے ساتھ۱۳۴۰؍ کلومیٹر سے زیادہ سرحد ہے۔ فن لینڈ کی حکومت نے جنگ کی صورت میں عام لوگوں کی مدد کیلئے ایک نئی ویب سائٹ لانچ کی ہے۔ فن لینڈ نے ایک آن لائن پیغام میں پوچھا ہے کہ اگر ملک پر حملہ ہوا تو حکومت کیا کرے گی۔ مزید برآں، فن لینڈ نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ جنگ کی وجہ سے بجلی کی بندش سے نمٹنے کیلئے بیک اپ بجلی کی فراہمی کو برقرار رکھیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کھانے کی تیار اشیاء رکھیں جو کم توانائی سے پکتی ہیں۔ فن لینڈ نے ۲۰۲۳ء میں نیٹو میں شمولیت اختیار کی تھی۔
نیٹو کے سب سے نئے رکن سویڈن کی روس کے ساتھ سرحد نہیں ہے، اس کے باوجود اس نے جنگ کی صورت میں اپنے شہریوں کیلئے رہنما اصولوں پر مشتمل ایک کتابچہ’ `اِن کیس آف کرائسز آف وار‘ جاری کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جنگی و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خوراک اور پینے کا پانی ۷۲؍ گھنٹے تک ذخیرہ کیا جانا چاہیے۔ سویڈن نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آلو، گوبھی، گاجر اور انڈے وغیرہ کا مناسب ذخیرہ رکھیں۔
یوکرین نے پہلی بار روس پر امریکی میزائل داغے
روس نے منگل کے روز دعویٰ کیا تھا کہ پہلی بار یوکرین نے امریکہ سے حاصل کیے گئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اس کی سرزمین پر داغےہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے کہا کہ یوکرین نے منگل کی صبح بریانسک کے علاقے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹم(اے ٹی اے سی ایم ایس) کے ۶؍ میزائل داغے۔ روس نے کہا کہ اس نے۵؍ میزائل مار گرائے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یوکرینی اور امریکی حکام نے بھی روس پر اے ٹی اے سی ایم ایس کے استعمال کی تصدیق کی ہے۔
امریکہ یوکرین کو لینڈ مائن دے گا
امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو اینٹی پرسنل لینڈ مائنس فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بارودی سرنگیں جلد یوکرین کے حوالے کر دی جائیں گی۔ اہلکار نے کہا کہ امریکہ نے یوکرین سے کہا ہے کہ وہ ان بارودی سرنگوں کو صرف یوکرین کی سرحد کے اندر استعمال کرے۔ رپورٹ کے مطابق روسی فوج یوکرین کے مشرقی علاقے میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اسے روکنے کیلئے امریکہ نے یہ ہتھیار یوکرین کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکہ یوکرین جنگ کو طول دینے کی کوشش کر رہا ہے: روس
امریکہ میں ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد بائیڈن حکومت یوکرین کی مدد سے متعلق نئے فیصلے لے رہی ہے۔ پیر کو بائیڈن نے یوکرین کو روس پراے ٹی اےسی ایم ایس میزائلوں سے حملہ کرنے کا اختیار دیا۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہےکہ آپ حال ہی میں کئے گئے کچھ فیصلوں کو دیکھیں۔ واضح نظر آتا ہے کہ وہ(امریکہ) جنگ کو طول دینے کیلئے کچھ بھی کرسکتا ہے۔