• Tue, 25 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیراعظم مودی کے بہار دورے پر حکومت اوراپوزیشن میں لفظی جنگ

Updated: February 25, 2025, 11:04 AM IST | Agency | New Delhi

دورے سے قبل لالو نے کہا کہ ’جھوٹ اور جملوں کی برسات‘ کیلئے عوام تیار رہیں، تیجسوی نے کہا کہ انتخابی سال ہے، اسلئے مودی کو بہار اور بہاریوں کی فکرستارہی ہے۔

Chief Minister Nitish Kumar was also present on the occasion of Prime Minister Modi`s visit to Bihar. Photo: PTI
وزیراعظم مودی کے بہار دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ نتیش کمار بھی موجود رہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 نئی دہلی (ایجنسی): پیر کو وزیراعظم مودی نے ایک ساتھ تین ریاستوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ مدھیہ پردیش میں ۲۴؍ فروری سے شروع ہونے والی دو روزہ ’گلوبل انویسٹر سمٹ ‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر  نے کے بعد وہ بہار روانہ ہوگئے اور پھر شام میں آسام بھی پہنچے۔اس موقع پر بہار میں جہاں انہوں نے مہینوں بعد نتیش کمار کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا، وہیں اپوزیشن کے ساتھ ان کی لفظی جنگ بھی ہوئی۔ مودی کے دورے سے قبل آر جے ڈی سربراہ لالو  پرساد یادو نے کہا کہ بہا ر کے عوام تیار رہیں، آج جھوٹ اور جملوں کی برسات ہوگی۔ اسی طرح اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے وزیراعظم مودی سے ۱۵؍ سوالات پوچھتے ہوئے انہیں اُن کے پرانے وعدے دلائے۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی سال ہے اسلئے وزیراعظم کو بہار اور بہاریوں کی فکرستارہی ہے۔
 بھوپال میں گلوبل انویسٹر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے مدھیہ پردیش کی گزشتہ دو دہائیوں کے ترقی کی روداد بیان کی۔انہوں نے کہا کہ اس ریاست کا شمار زراعت اور معدنیات کے معاملے میں ملک کی سرفہرست ریاستوں میں ہوتا ہے،اسلئےیہاں ترقی کے تمام امکانات موجود ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں میں، مدھیہ پردیش نے تبدیلی کا ایک نیا مرحلہ دیکھا ہے۔ انہوں نےکانگریس  پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  ایک وقت تھا جب یہاں پانی اور بجلی کے ساتھ ہی امن و امان کی صورتحال بھی بہت خراب تھی۔ ایسے میں یہاں صنعتوں کی ترقی بہت مشکل تھی لیکن گزشتہ ۲۰؍ برسوں میں بی جے پی حکومت نے اچھی حکمرانی پر توجہ مرکوز کی  اور ریاست کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں  نےکہا کہ دو دہائیاں پہلے تک لوگ یہاں سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتے تھے لیکن آج مدھیہ پردیش سرمایہ کاری کے معاملے میں ملک کی ریاستوں میں سرفہرست ہے۔
 اس کے بعد وہ بہار میں بھاگل پور پہنچے۔اس موقع پر اُن کے ساتھ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار،مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی گورنر عارف محمد خان، گری راج سنگھ اور چراغ پاسوان سمیت کئی  اہم لیڈران موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعظم  نے’کسان سمان ندھی‘ اسکیم کی ۱۹؍ویں قسط کے تحت۹ء۸؍کروڑ کسانوں کے اکائونٹ میں۲۲؍ہزار کروڑ روپے منتقل کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  انہوںنے کہا کہ ان کی حکومت کسانوں کے مفادات کو مقدم رکھتی ہے۔ لالو یادو اور ان کی پارٹی  کا نام لئے بغیر  اُن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ چارہ تک کھا لیتے ہیں، وہ کسانوں کا بھلا نہیں کر سکتے۔اسی کے ساتھ انہوں نے مذہبی جذبات کو بھی بھنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پریاگ راج میں جاری مہاکمبھ میں یورپ کی کل آبادی سے زیادہ لوگ ڈبکی لگاچکے ہیں، لیکن کچھ لوگ اس کی توہین کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگ انہیں معاف نہیں کریں گے۔ کانگریس اور آر جے ڈی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں نے بہار کو برباد اور بدنام کیا ہے لیکن اب ڈبل انجن کی حکومت  بہار کوخود کفیل اور خوشحال بنانے کیلئے پوری طرح پابند عہد ہے۔
  اس سے قبل لالو یادو اور تیجسوی یادو نے وزیراعظم مودی کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ دورے سے قبل لالو یادو  نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرکے طنز کیا تھا کہ آج ریاست میں جھوٹ اور جملوں کی  برسات ہوگی۔ انہوں نے عوام کو ان جملوں سے ہوشیار اور محتاط رہنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔اسی طرح تیجسوی نے وزیراعظم کی بہار آمد سے قبل ان سے ۱۵؍ سوالات پوچھتے ہوئے انہیں ان کے وعدے یاد دلائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چونکہ انتخابی سال ہے، اسلئے انہیں بہار اور بہاریوں کی یاد آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں۲۰؍ سال سے اور مرکز میں ۱۱؍ سال سے  این ڈی اے کی حکومت ہے،اس دوران انہوں نے بہار سے کتنے وعدے کئے اور ان میں سے کتنے پورے کئے، یہ سب عوام کو یاد ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے یکے بعد دیگرے ۱۵؍ سوالات کئے اور ان سے پوچھا کہ ان وعدوں کا کیا ہوا؟  انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو جملوں سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

چائے کی خوشبو کو ایک چائے والےسے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا: نریندر مودی
وزیر اعظم مودی آسام کے۲؍ روزہ دورے پر پیر کو گوہاٹی پہنچے۔ انہوں نے آسام میں چائے کی صنعت کے۲۰۰؍ سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ  ایک پروگرام میں شرکت کی۔ ان کے استقبالیہ پروگرام میں چائے باغ کے کارکنوں اور قبائلیوں نے روایتی رقص کا مظاہرہ کیا جس میں آٹھ ہزار سے زیادہ فنکاروں نے حصہ لیا۔ وزیراعظم  نے  ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پیشکش میں چائے کے باغ کی خوشبو اور خوبصورتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائے کی خوبصورتی اور خوشبو کو ایک چائے والے سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا۔
مودی جی نے آسام میں جملوں کا کارخانہ  لگا رکھا ہے: ملکارجن کھرگے
وزیراعظم کے آسام دورے سے قبل  کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نےتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسام میں وزیر اعظم مودی نے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما کی شکل میں ’جملوں کا کارخانہ‘  لگا رکھا ہے، جہاں صرف جھوٹ بولا جاتا ہے اور  جملے ادا کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بسوا  شرما سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ ہیں اور آسام کے لوگ ان کے جھوٹ اور بدعنوانی سے سخت ناراض ہیں،اسلئے وہاں حالات کچھ اس طرح کے ہو گئے ہیں کہ اب مودی کے جملے بھی لوگوں کے غصے کو ٹھنڈا نہیں کر پا رہے ہیں۔
 کھرگے نے اپنے بیان میںکہا ’’حال ہی میں آسام میں کانگریسی لیڈروں پر سیاسی اور جسمانی دونوں طرح سے حملے ہوئے ہیں، جنہیں عوام دیکھ رہے ہیں۔ عوام ایک سال بعد کانگریس کی حکومت بنا کر ان حملوں کا جواب دیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK