• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان لفظی جنگ میں شدت

Updated: January 14, 2025, 12:54 PM IST | Agency | New Delhi

زعفرانی پارٹی نے ’آپ‘ حکومت پر غریبوں کو لوٹنے کاالزام عائد کیا تو ریاست کی حکمراں جماعت نے مودی حکومت پر ’روہنگیاؤں‘ کی سرپرستی کاالزام لگایا۔

Arvind Kejriwal spoke to the media after the meeting with the Election Commission. Photo: PTI
الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد اروند کیجریوال نے میڈیا سے گفتگو کی۔ تصویر: پی ٹی آئی

دہلی میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ جوں جوں قریب آرہی ہے، ریاست کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی اور اپوزیشن جماعت بی جے پی کے درمیان لفظی جنگ میں بھی شدت آتی جارہی ہے۔ ’آپ‘ کے کنوینر اروند کیجریوال نے جہاں بی جے پی پر دھاندلی اور بے ایمانی کے ذریعے الیکشن جیتنے کاالزام عائد کیا، وہیں زعفرانی پارٹی نے حکمراں جماعت کو ’مہا ٹھگ‘ قرار دیا۔ 
 اروند کیجریوال نے پیر کو دہلی میں مقیم جاٹ لیڈروں سے ملاقات کی۔ اس کے بعد مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ وہ جاٹوں کے تئیں ہمدردی کی باتیں تو خوب کرتی ہے لیکن انہیں ان کا حق کب دے گی؟ کیجریوال نے سوال کیا کہ مودی بتائیں، وہ جاٹوں کو مرکز کی او بی سی کی فہرست میں کب شامل کررہے ہیں ؟ اسی کے ساتھ عام آدمی پارٹی ایک بار پھر بی جے پی کی راہ پر چلنے کی کوشش کرتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ اس نے بی جے پی کو نئی دہلی میں روہنگیا کو بسانے کیلئے ذمہ دار قرار دیا۔ سینئر ’آپ‘ لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں نے پورے ملک میں بنگلہ دیشیوں کو بسانے کا کام کیا ہے۔ ۱۰؍ سال۸؍ماہ تک بی جے پی نے صرف اپنےانتخابی فائدے کیلئے بنگلہ دیشی دراندازوں اور روہنگیاؤں کو صرف دہلی ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں بسانے کا کام کیا ہے۔ سنجے سنگھ نے کہاکہ ’’بی جے پی نے مادر وطن کو دھوکہ دیا ہے۔ قوم سے غداری کی ہے۔ میں وزیر اعظم سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جن ریاستوں کی سرحدیں بنگلہ دیش سے ملتی ہیں ان کی سرحدوں کی حفاظت کس کی ذمہ داری ہے؟ روہنگیا دہلی کیسے آئے؟ آپ نے۱۰؍ سال۸؍ ماہ میں کتنے بنگلہ دیشی دراندازوں کو واپس بنگلہ دیش بھیجا؟‘‘
 اس سے قبل بی جے پی نے عام آدمی پارٹی اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر غریبوں کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شیش محل بنانے میں مصروف رہی کیجریوال حکومت نے غریبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور رقم جمع کروانے کے بعد بھی آپ حکومت نے انہیں سلم ایریا میں فلیٹ فراہم نہیں کیا۔ نئی دہلی اسمبلی سے بی جے پی کے امیدوار پرویش ورما نے پیر کو پارٹی ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیجریوال حکومت کی ناکامیوں اور غریبوں کے ساتھ فریب دہی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ۲۰۱۳ء میں دہلی اربن شیلٹر امپروومنٹ بورڈ (ڈی یو ایس آئی بی) نے غریب کنبوں کو مستقل مکان دینے کا وعدہ کرکے ان سے لاکھوں روپے اکٹھے کئے، لیکن انہیں مکان فراہم نہیں کیا۔ کچی آبادیوں میں سے کچھ نے۷۰؍ ہزارروپے جمع کرائے جبکہ دوسروں نے ایک لاکھ روپے جمع کرائے جبکہ کچھ لوگوں نے ڈیڑھ لاکھ روپے تک جمع کرائے لیکن۱۲؍ سال کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی ان کنبوں کو گھر نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں عام آدمی پارٹی اور دہلی میونسپل کارپوریشن نے مل کر سیکڑوں جھگیوں کو منہدم کردیا ہے۔ غریب کنبوں نے کئی بار اپیل کی لیکن ان کے مسائل کا کوئی حل نہیں نکالا گیا۔ پردھان منتری آواس یوجنا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت پورے ملک میں کروڑوں غریب کنبوں کو گھر ملے ہیں جبکہ کیجریوال حکومت۱۲؍ سال بعد بھی غریبوں کو مکانات الاٹ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ 
آتشی پرچہ نامزدگی داخل نہیں کرسکیں 
 عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے پیر کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے ایک طویل روڈ شو کیا لیکن وہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل نہیں کر سکیں۔ انہیں ۳؍ بجے الیکشن کمیشن پہنچنا تھا لیکن وہ وقت پر وہاں نہیں پہنچ سکیں۔ قبل ازیں ’آپ‘ لیڈر منیش سیسودیا کے ساتھ انہوں نے گری نگر میں گرودوارہ سری گرو گوبند صاحب اورکالکاجی مندر کا دورہ کیا اور پھر روڈ شو میں شرکت کی۔ اس کی وجہ سے انہیں کافی تاخیر ہوگئی۔ 
 الیکشن کمیشن نے اودھ اوجھا کی عرضی منظور کی
 اروند کیجریوال نے پیر کو کہا کہ پارٹی کے پٹ پڑ گنج امیدوار اودھ اوجھا کے ووٹ کو منتقل کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ اسلئے اب وہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد کیجریوال نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مطالبہ مان لیا گیا ہے اور اب اودھ اوجھا اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ 
’کیجریوال خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں ‘
بی جے پی نےسی اے جی کی رپورٹ کو عام نہ کئے جانے کے معاملے پراروند کیجریوال پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ آئین سے بالاتر ہیں جو سی اے جی کی رپورٹ اسمبلی کی میز پر نہیں رکھ رہے ہیں ۔ بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے پیر کو پارٹی ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے خطاب میں یہ سوال کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK