• Thu, 06 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملاڈ بریج معاملے پر ملاقات کیلئے وارڈ آفیسر کی ٹال مٹول ، مقامی افراد کا وفد ناراض

Updated: February 05, 2025, 11:21 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مالونی وکاس منچ کے ذمہ داران نےکہا:۴؍مرتبہ وقت دے کرملاقات نہیں کی ۔مالونی این جی اوز فورم نے ایسا ۵؍مرتبہ کئے جانے کا الزام عائد کیا۔ ۱۰؍فروری کو زبردست ریلی اور احتجاج کا اعلان

Members of the Maloni Vikas Manch delegation are seen standing outside P North Ward.
مالونی وکاس منچ کے وفد میں شامل افراد پی نارتھ وارڈ کے باہرکھڑےنظر آرہے ہیں۔(تصویر:انقلاب)

ملاڈ اور مالونی کو جوڑنے والے ایورشائن بریج کو بند کئے جانے کے سبب شہریوں کو ہونے والی زبردست پریشانی کے تعلق سے پی نارتھ وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر پر جواب دینے اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرنے میںٹال مٹول کا الزا م عائد کیا جارہا ہے ۔ ان کی جانب سے وقت دیئے جانے پربدھ ۵؍فروری کی صبح ۱۰؍ بجے مالونی وکاس منچ (سیاسی جماعتوں اورسماجی خدمت گاروں کا مشترکہ پلیٹ فارم )کے تحت ویلفیئر پارٹی، سی پی آئی اور سی پی ایم کے عہدیداروں کے ساتھ سماجی خدمت گار ملاڈ وارڈ آفس پہنچے تو ۳؍ گھنٹے تک انتظار کرنے کے بعد بھی انہوں نے ملاقات نہیں کی ۔ 
 ملاقات سے آخر کیوں بچ رہے ہیںوارڈ آفیسر؟ 
 وارڈ آفیسر سے ملاقات کیلئے جانے والے وفد میں شامل  ویلفیئر پارٹی مہاراشٹر کے سیکریٹری اور یوتھ لیڈر پروفیسر عاقب شیخ نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’’بریج بند کئے جانے کے بعد سے یہ چوتھا موقع ہے جب وارڈ آفیسر کرن دیگاؤنکرنے وقت دے کر ملاقات نہیں کی  ۔ان کے پرسنل اسسٹنٹ کی جانب سے مصروفیت کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ بدھ کویہ بتایا گیا کہ وہ دیونار میں کسی میٹنگ میں گئے ہوئے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا   اور ویڈیو بھی جاری کیا کہ ’’ بریج بندکرانے میں شامل بدعنوان افسران ، مقامی ایم ایل اے، ایم پی اوردیگر افسران کی ملی بھگت ہرحال میں سامنے لائی جائے گی ۔ ‘‘
  عاقب شیخ نےیہ بھی سوال کیا کہ’’ بریج بند کرکے اور لاکھوں لوگوں،بالخصوص بائیک سواروں کو روک کر کس کوفائدہ پہنچایا جارہا ہے ؟ مینگروز اوربڑے بڑے درختوں کو کاٹ کر زمین کس کے حوالے کرنے کی سازش رچی گئی ہے ؟ ا س کے علاوہ ایسا لگتا ہےکہ بریج بند کرنے کا بورڈ لگانے والے پی نارتھ کے وارڈ آفیسر کے پاس معقول جواب یا جواز نہیں ہے ، اسی لئے وہ ملاقات کرنے سے بھاگ رہے ہیں؟ اسی طرح بریج کوخطرناک کہنا اور اس کےایک حصے کو توڑدینے سے بھی کئی سوال قائم ہوتے ہیں۔ یہ بریج ابھی محض ۵؍سال قبل ہی کروڑوں روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے مگر وارڈ آفیسر کو جواب دینا ہی ہوگا ۔‘‘
۱۰؍فروری کو بی ایم سی دفتر کےسامنے احتجاج 
 مالونی وکاس منچ میں شامل سیاسی جماعتوں اورسماجی خدمت گاروں رئیس شیخ (مالونی، سی پی آئی سیکریٹری )، لارزی ورگیس (عا م آدمی پارٹی )،اے سی سری وردھن (سینئرلیڈر سی پی ایم ) اور سماجی خدمت گاروں ابراہم تھامس ،ایڈوکیٹ سعید شیخ اورڈاکٹر نسیم خان نے لیٹر دکھاتے ہوئے بتایاکہ ’’ بریج بند کرکے عوام کی سہولت چھیننے کے خلاف ۱۰؍ فروری کو مالونی سے بی ایم سی دفتر تک زبردست ریلی نکالی جائے گی اور احتجاج کیا جائے گا۔ یہ ریلی اسی بریج سے گزرے گی جہاں سے بائیک سواروں کی آمدورفت بند کی گئی ہے اورروڈ کو کھودا گیا ہے۔اس تعلق سے بی ایم سی اور ملاڈ پولیس کو ۵؍فروری کو تحریری طور پرآگاہ بھی کرادیا گیا ہے۔‘‘ان لوگوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ اس کےبعد ایم ایل اے کےدفتر کے باہر اور بانگور نگر  اورمالونی پولیس اسٹیشنوں کے باہربھی احتجاج کیا جائے گا۔‘‘
مالونی این جی اوزفورم نے بھی یہی الزام عائد کیا  
  اس سے قبل مالونی این جی اوز فورم (مختلف سماجی ومذہبی تنظیموں کا مشترکہ پلیٹ فارم )کے ذمہ داران ملاقات کے لئے۵؍ مرتبہ گئے مگر انہیں بھی مصروفیت کا حوالہ دے کر ٹال دیاگیا۔مالونی این جی اوز فورم میں شامل انور شیخ نے اس تعلق سے بتایا کہ ’’ پہلی مرتبہ وارڈ آفیسر سے بات چیت کرنے پر انہوں نے کہاکہ میرے پی اے سےبات کرلیجئے گا، وہ ملاقات کے لئے وقت بتادے گا۔پی اے سنیل نے بتایاکہ صاحب کے پاس فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کا بھی وقتی چارج دیا گیا ہے اس لئے مصروف ہیں۔اس کےبعد سے مزید چار مرتبہ گئے اور باربار فون بھی کرتے رہے مگرکسی نہ کسی بہانے ٹال دیا گیا اورآج تک ملاقات نہ ہوسکی۔ اس سے محسوس ہوتا ہے کہ کچھ نہ کچھ دال میںکالا ضرور ہے ۔‘‘
  نمائندۂ انقلاب نے بھی وارڈ آفیسر کرن دیگاؤنکر سے بات چیت کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہیں ملی ۔
دھرنا جاری ہے
 ایم آئی ایم کی لیڈیزونگ کی سابق سربراہ رضوانہ خان نےبریج بند کرنے اور روڈ کھودنے کےخلاف آواز بلند کی اور ان کی جانب سےدھرنا بھی دیا جارہا ہے۔اس بارے میں ان کا کہناہے کہ’’ بی ایم سی کی جانب سے جو فیصلہ کیا گیا ہے،  وہ مالونی والوں پرظلم ہے، بریج پہلے کی طرح شروع کیاجائے تاکہ لوگوں کی پریشانی ختم ہو۔ اگر واقعی مالونی والوں کے مسائل سے کسی کو حقیقی دلچسپی ہےتو وہ یہاں آکرمسائل دیکھے اوراسے حل کرنے کی کوشش کرے ۔‘‘ 

malad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK