وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے فاسٹ ٹریک کورٹ میں معاملہ کی سماعت کرنے کا یقین دلایا
EPAPER
Updated: February 11, 2020, 1:45 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے فاسٹ ٹریک کورٹ میں معاملہ کی سماعت کرنے کا یقین دلایا
ممبئی : وردھا ضلع کے ہنگنگھاٹ علاقے میں ایک سرپھرے شخص نے ۳؍ فروری کو ۲۵؍ سالہ لیکچرار انکیتا پیسڈے پر پیٹرول ڈال کر اسے نذر آتش کر دیا تھا ۔ اس واقعہ میں وہ شدید طور پر جھلس گئی تھی اور علاج کے دوران پیر کو اس کی موت ہو گئی۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے متاثرہ کی موت پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات تیزی سے آگے بڑھائی جائے گی اور ملزم کو جلد از جلد سخت سزا مل سکے اس کیلئے اس معاملے کی سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ میں کی جائے گی۔ اسی دوران وزیر داخلہ نے خاتون کے بھائی کو سرکاری ملازمت دینے اور ہر ممکن سرکاری مدددینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’’ہم سبھی شہریوں سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ صبر رکھیں۔ ملزم کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی اورقتل کا مقدمہ چلایا جائے گا۔‘‘ انہوںنے کہاکہ ایک قاتل کو جو سزا دی جاتی ہے ،ملزم پر جرم ثابت ہونے کے بعد یہ سزا دی جائے گی۔انہوںنے یہ بھی اعلان کیا کہ ’’اس معاملے کی سماعتکے لئے خصوصی سرکاری وکیل اجول نکم کا انتخاب کیا گیا ہے۔‘‘ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’کئی اس طرح کے معاملے کی سماعت کافی طویل ہو جاتی ہے اور اس کے فیصلہ پر عمل کرنے میں تاخیر ہوتی ہے لیکن اس کیس میں ایسا ہونے نہیں دیا جائےگا۔‘‘
خواتین پر ہونے والے تشدد کے خلاف سخت قانون بنانے کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’خواتین پر جو لوگ جرم کر رہے انہیں سخت سے سخت سزا دینے کیلئے سخت قانون بنانے پر غور اور خوض کیا جا رہا ہے ۔اس معاملے میں حیدر آباد میں بنائے گئے سخت قانون کی بھی باریکی سے معلومات حاصل کی جارہی ہے اور جلد ہی سخت قانون بھی بنایاجائے گاتاکہ خواتین کے خلاف کو ئی جرم کرنے کی ہمت نہ کرے۔‘‘
شرمندہ کرنے والا حادثہ : نائب وزیر اعلیٰ
اس معاملے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار نے کہا کہ ’’ ہنگنگھاٹ کا واقعہ ریاست کو شرمندہ کرنے والا واقعہ ہے۔ہمیں افسوس ہے کہ ہم متاثرہ کی جان نہیں بچا سکے ۔آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہو اس کیلئے حکومت سنجیدگی سے کام کرے گی اور خواتین پر اس طرح جرم کرنے والوں سے سختی سے نمٹے گی۔‘‘
خاتون کے بھائی کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان
اس سلسلے میں ریاست کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے بھی متاثرہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم نے متاثرہ کو بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی تھی۔جلنے والے مریضوں کا علاج کرنے میں ماہر ناگپور اور ممبئی کے ڈاکٹروں نے بھی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔مَیں نے متاثرہ کے اہلِ خانہ سے بات کی اور انہیں یقین دلایا ہےکہ ریاستی حکومت ان کےغم میں برابر کی شریک ہے۔ہم ہر ممکن مدد کریں گے۔متاثرہ کے بھائی کو سرکاری نوکری دی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ اجول نکم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ کس طرح اس معاملہ کو فاسٹ ٹریک پر چلایا جائے۔‘‘
مکوکا کے تحت ملزمین پر سخت کارروائی کا مطالبہ
کابینی وزیر اسلم شیخ نے کہا کہ ہنگنگھاٹ قتل معاملہ مہاراشٹر جیسی ترقی پسند ریاست کے لئے شرمندگی کا باعث ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواتین پر حملہ اور ان کا جنسی استحصال کرنے والوں پر مکوکا کے تحت کیس درج کیا جائے اور ایسے معاملوں کی فاسٹ ٹریک کورٹ میں شنوائی کرتے ہوئے خاطیوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔اسلم شیخ کے مطابق وہ جلد ہی وزیر داخلہ اور مہاراشٹر کے ڈی جی سے اس ضمن میں ملاقات کریں گے اور سخت قانون کی سفارش کی جائے گی۔
سخت قانون بنایا جائے گا : نواب ملک
اس ضمن میں اقلیتی امور کے وزیر اور این سی پی کے ریاستی ترجمان نواب ملک نے یقین دلایا ہے کہ خواتین کے خلاف جرم کرنے والوں کے لئے ریاستی حکومت جلد ہی سخت قانون بنائے گی اور مجرموں سے سختی سے پیش آئے گی ۔
رکن پارلیمان سپریہ سلے اور مہاراشٹر لیجسلیٹو کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورے نے بھی اس واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔