ممبئی ٹریفک پولیس نے کہا :ہیلپ لائن نمبر ۸۴۵۴۹۹۹۹۹۹پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔تھانے ٹریفک پولیس اور’ جسٹس فارگھوڑ بندرروڈ‘ نامی تنظیم ٹریفک میں پھنس جانے والے طلبہ کی مدد کیلئےکوشاں
EPAPER
Updated: February 13, 2025, 12:11 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
ممبئی ٹریفک پولیس نے کہا :ہیلپ لائن نمبر ۸۴۵۴۹۹۹۹۹۹پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔تھانے ٹریفک پولیس اور’ جسٹس فارگھوڑ بندرروڈ‘ نامی تنظیم ٹریفک میں پھنس جانے والے طلبہ کی مدد کیلئےکوشاں
بورڈامتحانات کےدوران طلباء وطالبات کو امتحانی مراکز تک پہنچنے کیلئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ رکشا والےانہیں ان کی منزل تک پہنچانے سے انکار کردیتے ہیں۔ اسی کے پیش نظر پولیس نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے جبکہ جسٹس فار گھوڑ بندر رو ڈ( جےایف جی) اور تھانے محکمہ ٹریفک نےمشترکہ مہم شروع کی ہے جس کے تحت طلبہ کو سینٹروں پر پہنچانےکا انتظام کیاجارہاہے۔ ٹریفک پولیس کےمطابق تھانے کے ۱۷؍ ٹریفک پولیس چوکیوں پر عملے کو تعینات کیا گیاہے جو طلبہ کو سینٹرتک پہنچائیں گے۔ جو رکشا والے طلبہ کو امتحان گاہ لے جانے سے منع کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کابھی انتباہ دیاگیاہے۔
شہر ومضافات میں جاری تعمیراتی پروجیکٹوں ، پائپ لائن اور گٹرلائن کے کاموں کے سبب ٹریفک کا نظام بری طرح متاثرہے۔ ٹریفک جام ہونےسےگاڑی والوںکا منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طےہورہا ہے ۔ بورڈ امتحانات میں شریک طلبہ کو بھی اس کی وجہ سے مقررہ وقت پر امتحانی مراکز پہنچنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اسی کے پیش نظرجے ایف جی اور تھانے محکمہ ٹریفک نے مشترکہ مہم شروع کی ہے جس کے ذریعے پریشان حال طلبہ کوان کے امتحانی سینٹروں پر پہنچایاجارہاہے۔
جےایف جی کی نگراں شردھارائےنے انقلاب کو بتایا کہ ’’ دراصل عام دنوں میں بھی گھوڑ بندر علاقےمیں ٹریفک کا سنگین مسئلہ ہوتاہے۔ اس مسئلہ کو حل کرنےکیلئے ہم گزشتہ کئی مہینوں سے کوشاں ہیں لیکن ابھی یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے۔ یہاں کی ٹریفک سے بخوبی واقف ہونےکی وجہ سے ہم نےگھوڑ بندروڈ پر واقع کاسر وڈولی ٹریفک پولیس چوکی جس کےعلاقہ میں سب سےزیادہ ٹریفک جام ہوتا ہے، کے انچارج جتیندر راٹھوڑ سے رابطہ کرکے بورڈ امتحانات میں شریک ہونےوالے طلبہ کو سواری نہ ملنے اور ٹریفک جام ہونے کی صورت میں سینٹر تک پہنچانےسےمتعلق گفتگو کی، انہوںنے ہماری تجویز پسند کی اور تعاون کرنےکا وعدہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ وہ اپنے عملے کے ذریعے ایسے طلبہ کو سینٹروںتک پہنچانےمیں بھر پور مدد کریں گے۔ ‘‘انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’محکمہ ٹریفک سے ہونے والی کامیاب گفتگو کی بنیاد پر ہم نے جےایف جی گروپ کے ۴؍اراکین سلیل ( ۸۹۸۳۴۲۱۹۲۷)، منیش ( ۹۸۳۳۱۸۴۰۲۰)، گریش (۹۰۰۴۳۷۳۷۸۸)اور شردھا( ۹۰۰۴۶۵۹۳۱۹)کے ہیلپ لائن نمبرجاری کئے ہیںتاکہ جن طلبہ کوٹریفک جام ہونے کی وجہ سینٹرتک پہنچنےمیں دقت ہورہی ہو،وہ ان نمبروںپر رابطہ کرکے مدد حاصل کرسکیں ۔ سوشل میڈیاکی معرفت ان نمبروںکو وائرل کیاگیاہے جس کی وجہ سے گزشتہ ۲؍دن میں ہمیں کم وبیش ۲۵؍کال موصول ہوئیں ۔ ان طلبہ کو ہمارے گروپ ممبروںاور مذکورہ ٹریفک پولیس محکمہ کے ذریعے سینٹروں پر پہنچایاگیا۔‘‘
کاسروڈولی ٹریفک پولیس چوکی کے انچارج جتیندر راٹھوڑ سے اس بارےمیں استفسارکرنےپر انہوں نے بتایا کہ ’’ جےایف جی کے وفد نے بورڈامتحانات کےدوران ٹریفک میں پھنس جانےوالے طلبہ کو سینٹر تک پہنچانےکیلئے سواری کا بندوبست کرنےکی تجویز پیش کی تھی جو اچھی تھی اس لئے میں نے تھانےمحکمہ ٹریفک کے ڈی سی پی پنکج سرشاٹ سے اس بارےمیں گفتگوکی ،انہوں نےبھی اس کی حمایت کی جس کےبعد ہم نے صرف کاسر وڈولی نہیں بلکہ تھانےکی سبھی ۱۷؍ ٹریفک پولیس چوکیوںکو ٹریفک میں پھنس جانےوالے طلبہ کو سینٹر تک پہنچانےکی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کیلئے باقاعدہ تقریباً ۸۰؍عملےکو تعینات کیا گیاہے۔ جے ایف جی کی ہیلپ لائن پر جن طلبہ کا کال آتاہے، وہ ہمیں اس کی اطلاع دیتےہیں ،ہمارے اہلکار ان طلبہ کوبائیک یا کسی اور گاڑی کے ذریعے سینٹر تک پہنچاتے ہیں۔ گزشتہ ۲؍دن میں تقریباً ۲۵؍کال موصول ہوئی ہیں۔ ‘‘
بورڈ امتحانات کےدوران بھی رکشاوالے طلبہ کو ان کے سینٹروں تک لے جانے سے انکار کردیتےہیں ،ایسے رکشاوالوںکے خلاف کوئی کارروائی کی جائے گی ؟ اس سوال کے جواب میں جتیندر راٹھوڑ نےکہاکہ ’’ عموماً تو رکشاوالوںکو کسی بھی مسافر کولے جانے سے انکار نہیں کرناچاہئے لیکن طلبہ کو لے جانےسے انکار کرنےوالوںکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اوران پر جرمانہ عائد کیاجائے گا۔‘‘
اس بارے میں ممبئی ٹریفک پولیس کےہیلپ لائن نمبر ۸۴۵۴۹۹۹۹۹۹پر رابطہ کرنےپر یہاں موجود اہلکار دلیپ راٹھوڑ نےکہاکہ ہماری جانب سے ایسی مہم تو شروع نہیں کی گئی ہے لیکن مذکورہ ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کرکے بورڈ امتحان میں شریک طلبہ مدد حاصل کرسکتےہیں ۔
واضح رہے کہ گوونڈی کے علاقے شیواجی نگر جنکشن پر منگل کو رکشا ڈرائیور ایچ ایس سی کی طالبات کو چمبور کے امبیڈکر روڈ جہاں ان کا امتحانی مرکز تھا، تک لے جانے سے انکار کر رہے تھے ۔ یہ دیکھ کروہاں موجود افراد نے مانخورد ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی مدد سے طالبات کورکشا میں بٹھاکر ان کے امتحانی مرکز تک پہنچایا۔