• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ کی تباہی کے بعد لبنان کیخلاف ’’بھرپور جنگ ‘‘ کا انتباہ

Updated: June 20, 2024, 11:03 AM IST | Tal Aviv

تل ابیب حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی شہر حیفا کا ڈرون سے تیارکیا گیا ویڈیو جاری کئے جانے کے بعد تلملا اٹھا، اسرائیلی فوج کےناردن کمانڈ کے سربراہ نے منصوبہ کو منظوری دیدی۔

Meeting of the Northern Command of the Israeli Army. Photo: INN.
اسرائیلی فوج کے ناردن کمانڈ کی میٹنگ۔ تصویر: آئی این این۔

امریکہ کے اس اعلان کے برخلاف کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان کسی بڑی جنگ کو ٹالنے کی ہر ممکن کوشش کررہاہے، اسرائیلی فوج کےناردن کمانڈ نے لبنان میں  حزب اللہ کے خلاف ’بھرپور جنگ‘ کے منصوبے کو منظوری دیدی ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے بندر گاہی شہر حیفا کا ڈرون سے بنایا گیا ویڈیو جاری کئے جانے کے بعد تل ابیب تلملا اٹھا ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے اس ویڈیو کو جاری کرنے کا مطلب یہ ہے کہ پورا حیفا شہر اس کے نشانے پر ہے جس میں  وہ بندر گاہیں بھی ہیں  جن کے انتظامات ہندوستان اور چین کے پاس ہیں۔ ایسے میں  فوری ردعمل میں  اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے دھمکی آمیز ٹویٹ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں  ’’بھر پور جنگ‘‘ کا منصوبہ تیار ہے جس کے نتیجہ میں  حزب اللہ کو پوری طرح ختم کردیا جائےگا۔ 
حزب اللہ کے ویڈیو میں  کیا ہے؟
اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز کادھمکی آمیز بیان حزب اللہ کی طرف سے۹؍ منٹ ۳۱؍ سیکنڈ کا ویڈیو جاری کئے جانے کے بعد آیا ہے۔ یہ ویڈیو جاسوسی کرنے والے ڈرونز کے ذریعہ کیا گیا ہے جس میں   حیفا شہر، اس کی بندر گاہ اور ایئر پورٹ میں جاری مختلف سرگرمیوں کو قید کرلیا گیاہے۔ واضح رہے اسرائیلی شہر حیفا لبنانی سرحد سے محض۲۷؍کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اوراس کی وجہ سے سیکوریٹی کے حوالے سے شدید خطرے میں رہتا ہے۔ 
حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے نومبر میں اعلان کیا تھا کہ ان کی طرف سے اسرائیل کی جاسوسی اور نگرانی کیلئےڈرونز حیفا کی فضا میں بھیجے جا رہے ہیں۔ ان ڈرونز کے ذریعہ بنائے گئے ویڈیو کو منگل کوپہلی بار حزب اللہ نے باضابطہ طور پر جاری کیا جو اس بات کا مظہر ہےکہ اس کے ڈرون اسرائیل میں  کہاں کہاں تک مار کر سکتے ہیں۔ 
اسرائیلی وزیر دفاع تلملا اٹھا
حزب اللہ کے اس ویڈیو کو دیکھ کر اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز تلملا اٹھا ہے۔ اس کی جانب سے جواب کئے گئے ایکس پوسٹ میں  کہا گیا ہے کہ ’’نصر اللہ حیفا بندرگاہ جس کا نظم چین اور ہندوستان کی بین الاقوامی کمپنیوں  کے پاس ہے، کی ویڈیو گرافی کرنے کے بعد شیخی بگھار رہے ہیں۔ ہم اس لمحے کے بہت قریب ہیں جب حزب اللہ اور لبنان کے بارے میں کھیل کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر دیں گے۔ ‘‘ اسرائیلی وزیر نے دھمکی دی کہ ’’ایک بھر پور جنگ‘‘ کے نتیجے میں جنگجو تنظیم حزب اللہ تباہ ہوجائے گی اور لبنان کو سخت چوٹ پہنچے گی۔ `
لبنان میں  زمینی حملے کے منصوبہ کو منظوری
بعد میں  اسرائیلی فوج نے بھی اعلان کیا کہ اس کے ناردن کمانڈ کے سربراہ اوری گوردِن نے اسرائیل کی شمالی سرحد پر زمینی یلغار کے منصوبے کو منظوری دیدی ہے۔ واضح رہے کہ لبنان اسرائیل کے شمال میں  ہی واقع ہے۔ اسرائیلی اخبار’دی ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق مذکورہ پروگرام کو منگل کو اسرائیلی فوج کے ناردن کمانڈ کے سربراہ میجر جنرل اوری گوردن اور فوجی کارروائیوں  کے ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ میجر جنرل عدید بسیوک کی موجودگی میں  منظوری دی گئی ہے۔ 
شام اور لبنان میں  اسرائیلی حملے
اس بیچ بدھ کو اسرائیل نے شام اور لبنان پر حملے کئے جن میں   حزب اللہ کے ۳؍ جنگجو اور ایک شامی افسر ہلاک ہو گیا۔ شام میں یہ حملہ ملک کے جنوبی علاقے میں کیا گیا جس میں  ۲؍فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ۷؍ بجے ’’ڈرون طیاروں ‘‘کے ذریعے کئے گئے اس حملے میں   ایک افسر ہلاک اور کچھ زخمی ہوئے۔ دوسری طرف جنوبی لبنان کے قصبے یارون پر حملے میں حزب اللہ کے ۳؍جنگجو کام آگئے۔ 
حسن نصراللہ پر حملے کااندیشہ
اس بیچ ایک اسرائیلی اخبار نے خبر دی ہے ہے کہ ایران نے حزب اللہ کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل براہ راست اس کے سربراہ حسن نصر اللہ کو قتل کرسکتا ہے۔ عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ایرانی ایلچی بیروت پہنچا ہے جس نے حسن نصر اللہ کے قریبی لوگوں سے بند کمرہ میں ملاقات کی اور انہیں ایران کی اس تشویش سے آگاہ کیا کہ اسرائیل خود نصراللہ کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK