• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شہرومضافات میں فضائی آلودگی پھیلانے والے ۲۸؍ تعمیراتی پروجیکٹوں کو وارننگ

Updated: December 28, 2024, 1:01 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جمعہ کو ۲۴۸؍کلو میٹر سڑکوں کو دھویا اور صاف کیا گیا۔ کچرا پھیلانے والوں سے ۵۲؍ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا

Mumbai`s air quality index was quite poor on Friday. In the image below, there is fog in Mumbai. Photo: Anurag Ahir
جمعہ کو ممبئی کا ایئرکوالیٹی انڈیکس کافی خراب تھا۔ زیرنظرتصویر میںممبئی میں چھائی دھند۔ تصویر:انوراگ اہیر

شہرومضافات کی فضائی آلودگی میں گزشتہ چند روز کے دوران کافی   اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر بی ایم سی نے ۲۸؍ تعمیراتی پروجیکٹوں کو فضائی آلودگی کے تعلق سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر نوٹس بھیج کر وارننگ دی ہے۔ اس کے علاوہ جمعہ کو شام ۶؍ بجے تک ۲۴۸؍ کلو میٹر سڑکوں کو دھویا اور صاف کیا گیا اور کچرا پھیلانے والوں سے ۵۲؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ تعمیراتی پروجیکٹوں پر بی ایم سی افسران کے اچانک دورہ کرنے پر اس بات کا انکشاف ہوا کہ وہاں فضائی آلودگی نہ پھیلنے کی تدابیر پر عمل نہیں کیا جارہا۔  یاد رہے کہ گزشتہ برس ممبئی کی فضائی آلودگی دہلی کی سطح پر پہنچ گئی تھی اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ممبئی بھی شامل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے بی ایم سی نے فضائی آلودگی پرقابو پانے کیلئے مختلف محکموں کو مختلف تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ اس وقت یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ سب سے زیادہ فضائی آلودگی تعمیراتی کاموں کی وجہ سے پھیل رہی ہے اس لئے تعمیراتی پروجیکٹوں کیلئے بھی گائیڈلائن جاری کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ

چونکہ شہر میں فضائی آلودگی میں ایک بار پھر کافی اضافہ ہوگیا ہے اس لئے بی ایم سی افسران نے اس جانب خصوصی توجہ دینا شروع کردی ہے اور اسی کے تحت بی ایم سی کے وارڈ کی سطح پر ’فلائنگ اسکواڈ‘ تشکیل دیئے گئے ہیں جنہوں نے کُل ۸۶۸؍ مقامات کا اچانک دورہ کیا۔ ان مقامات میں میٹرو کے تعمیراتی پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔ شہری انتظامیہ کے افسران کے مطابق جن تعمیراتی جگہوں پر احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جارہی تھیں، انہیں وارننگ دی گئی ہے کہ اگر وہ فوری طور پر گائیڈلائن پر عمل شروع نہیں کریں گے تو انہیں کام روکنے کا نوٹس   دیا جائے گا۔

بی ایم سی کے ذریعہ صفائی
بی ایم سی کے مطابق جمعہ کو شام ۶؍ بجے تک ۱۲۹؍ سڑکوں کی مجموعی طور پر ۲۴۸؍ کلو میٹر تک صفائی کی گئی ہے۔ اس کام کیلئے ۹۵؍ گاڑیوں بشمول پانی کے ٹینکر، فائریکس اور ہوا میں پانی کے باریک فوارے چھوڑنے والی گاڑیاں شامل تھیں۔ان کے علاوہ جے سی بی، ڈمپر، ای سویپر جیسی ۹۸؍ گاڑیوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ ان کے ذریعہ ۱۵۹؍ ٹن کچرا اور ملبہ صاف کیا گیا۔
سڑکوں پر کچرا اور گندگی پھیلانے والوں پر نگاہ رکھنے کیلئے کلین اَپ مارشل کوتعینات کیا گیا تھا جنہوں نے  خاطیوں سے۵۲؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔
ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی)
شام کو خبر لکھے جانے کے وقت ممبئی کا ’ایئر کوالیٹی انڈیکس‘ ۱۶۶؍ کے ساتھ خراب زمرے میں تھا۔ اس وقت باندرہ مشرق اور بی کے سی میں واقع امریکی قونصل خانہ کا اے کیو آئی سب سے زیادہ خراب تھا۔ ان دونوں جگہوں پر بالترتیب ۲۱۳؍ اور ۲۴۹؍ اے کیو آئی تھا۔
جن دیگر مقامات پر اے کیو آئی زیادہ تھا، ان میں دیونار (۱۹۴)، نیوی نگر قلابہ (۱۸۶)، مہاپے (۱۸۰)، ورلی (۱۷۲)، ملاڈ اور مجگائوں (۱۶۸)، ولے پارلے (مغرب) اور جوہو (۱۶۶)، قلابہ (۱۵۹)، سائن (۱۵۷) اور دیگر چند علاقے شامل ہیں جہاں اے کیو آئی ۱۵۰؍ سے کچھ کم یا زیادہ تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK