• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ذاتی موبائل سے تصویر کھینچ کر ای چالان بنانے والے اہلکاروں کو انتباہ

Updated: December 03, 2024, 3:40 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

محکمہ ٹریفک کے اعلیٰ افسر نے گاڑی چلانے والوں کو پرائیویٹ فون سے گاڑیوں کی تصویر لینے والے ٹریفک اہلکاروں کی نزدیکی پولیس اسٹیشن میں شکایت کرنے کی اپیل کی۔

A traffic police officer takes a picture of someone violating traffic rules. Picture: INN
ٹریفک پولیس کا ایک اہلکار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کی تصویر لیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

شہر کی سڑکوں پر جا بجا ٹریفک پولیس اہلکار بلا وجہ یا جان بوجھ کریا پھربعض اوقات جبراً ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنے موبائل فون سے ۲؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑیو ںکی تصویریں کھینچ لیتے ہیں اوربعد میں ای چالان کی ٹریفک ویب سائٹ پر اپلوڈ کرکے جرمانہ کا چالان بھیج دیتے ہیں ۔ اکثر ۲؍ یا ۴؍ پہیہ گاڑی چلانے والوں کو ای چلان بھیجنے کی اصل وجہ ہی سمجھ میں نہیں آتی ،حتیٰ کے ویب سائٹ پر ڈالی گئی تصویر کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے کوئی واضح تعلق اور وضاحت بھی نہیں ہوتی۔
 اس مسئلہ پر قابو پانے کیلئے اسٹیٹ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے سختی سے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ کوئی بھی اہلکار اپنے ذاتی موبائل سے خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیوں کی تصویر نہیں کھینچے گا۔ اس حکم پر عمل نہ کرنے والے اہلکاروں اور افسرکیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ وہیں دوسری جانب محکمہ ٹریفک پولیس نے بنا ہیلمٹ اور بائیک چلانے والے کے ساتھ بنا ہیلمٹ کے بیٹھنے والوں پر دوبارہ کارروائی کے سلسلہ کو جاری کرنے کا حکم دیا ہے  اورٹریفک پولیس نے اس ضمن میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے جرمانہ بھی وصول کیا ہے۔
 کمشنر آف پولیس( ٹریفک) ایم رام کمار کے مطابق اپنے ذاتی موبائل سے تصویر کھینچ کر ای چالان بنانے والا اہلکار بذات خود قواعد کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔کسی بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پر کارروائی کرتے وقت ٹریفک اہلکار کو ای چالان مشین کا استعمال کرنا ہے نہ کہ اپنے ذاتی موبائل سے تصویر کھینچ کر ای چالان کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنا ہے ۔ آئندہ ایسا کرنے والے اہلکاروں کو نہ صرف محکمہ جاتی  انکوائری کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ خاطی پائے جانے پر اس کے حلاف سخت ایکشن بھی لیا جائے گا ۔
 ٹریفک  پولیس کے تقریباً تمام یونٹس کو ای چالان مشین دی گئی ہیں ۔ ای چالان مشین کے ذریعہ جرمانہ وصول نہ کرنا اور اپنے ذاتی موبائل پر تصویرلینا دونوں ہی قواعد کے خلاف ہے ۔ اکثر ۲؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑی چلانے والوں سے موصولہ شکایت کے مطابق شہر اور مضافات کے الگ الگ سگنلوں ، چوراہوں اور ہائی وے پر ڈیوٹی پر موجود اہلکار یا افسر ذاتی موبائل سے تصویر لے کر گاڑی چلانے والے سےیہ کہہ کر پیسے وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ انہوںنے تصویر لے لی ہے اس لئے اب انہیں جرمانہ ادا کرنا ہوگا ۔ وہیں جب ۲؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑی چلانے والا معاملہ کو رفع دفع کرنے اور پیسے دینے کا لالچ دیتا ہے تو نہ تو ای چالان کاٹا جاتا ہے اور نہ ہی فوٹو اپلوڈ کی جاتی ہے ۔ٹریفک محکمہ نے ایسے بد عنوان اہلکاروں پر قدغن لگانے کے لئے مذکورہ بالا ہدایت جاری کی ہے۔
  محکمہ ٹریفک کے اعلیٰ افسر نے اس سلسلہ میں گاڑی چلانے والوں کو موبائل سے تصویر کھنچنے والے اہلکار کی نزدیکی پولیس اسٹیشن میں شکایت کرنے اور ساتھ ہی ٹریفک پولیس میں بھی اس بات کی اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔
۱۰۷؍کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا
ایک طرف جہاں ٹریفک اہلکاروں کےای چالان مشین کے بجائے ذاتی موبائل سے تصویر لے کرقواعد کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کافرمان جاری کیاگیاہےوہیں دوسری جانب گزشتہ ۲؍ برسوں میں ٹریفک پولیس نے خصوصی طورپر بنا ہیلمٹ کےگاڑی چلانے والوں کےخلاف ہی نہیں بلکہ ان کے پیچھے سواری کرتے وقت ہیلمٹ نہ پہننے والے ایک ہزار ۷۷۰؍ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ۱۰۷؍ کروڑ روپے جرمانہ بھی وصول کیا ہے ۔یاد رہے کہ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے بائیک چلانے والے اوراس کے ساتھ بیٹھنے والے دونوںکو ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا ہے۔ تاہم محکمہ ٹرانسپورٹ نے تمام ریاست کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور سبھی شہروں کے کمشنر آف پولیس کو دوبارہ اس پر سختی سے عمل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK