گجرات کے اپنے دو روزہ دورہ کے دوسرے دن وزیراعظم مودی کا خطاب، کہا :جی۔۲۰؍ میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو دیکھ کر دنیا حیران ہے، ملک سے غریبی ختم کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
EPAPER
Updated: November 01, 2023, 9:46 AM IST | Agency | Ekta Nagar
گجرات کے اپنے دو روزہ دورہ کے دوسرے دن وزیراعظم مودی کا خطاب، کہا :جی۔۲۰؍ میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو دیکھ کر دنیا حیران ہے، ملک سے غریبی ختم کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
وزیر اعظم مودی نے منگل کو اپنے گجرات دورے کے دوسرے دن ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند برسوں میں ہم دنیا کی تیسری سب سے بڑی اقتصادی طاقت بننے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہاں راشٹریہ ایکتا دیوس پروگرام میں شرکت کی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا ہندوستان کو دیکھ رہی ہے۔ آج ہندوستان کامیابیوں کی ایک نئی چوٹی پر ہے۔ ’جی۔۲۰‘ میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو دیکھ کر دنیا حیران ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں فخر ہے کہ ہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو نئی بلندیوں پر لے جا رہے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ کئی عالمی بحرانوں کے باوجود ہماری سرحدیں محفوظ ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ اگلے چند برسوں میں ہم دنیا کی تیسری بڑی اقتصادی طاقت بننے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آج ہندوستان چاند پر پہنچ گیا ہے جہاں تک دنیا کا کوئی ملک نہیں پہنچ سکا۔ ہمیں فخر ہے کہ آج ہندوستان تیجس لڑاکا طیارے سے لے کر آئی این ایس وکرانت تک سب کچھ بنا رہا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ آج ہندوستان میں ہمارے پروفیشنل دنیا کی اربوں ڈالر کی کمپنیوں کو چلا رہے ہیں اور ان کی قیادت کر رہے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ آج دنیا کے بڑے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں ترنگے کی شان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ملک کے بیٹے اور بیٹیاں ریکارڈ تعداد میں تمغے جیت رہے ہیں۔ اس امرت کال میں ہندوستان نے غلامانہ ذہنیت کو ترک کرکے آگے بڑھنے کا عزم کیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ایک اور دعویٰ کیا کہ ہندوستان میں غریبی کم ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’۵؍ برسوں میں ۱۳ء۵؍ کروڑ سے زیادہ لوگ غریبی کی سطح سے باہر آئے ہیں۔اسی وجہ سے ہمیں یہ اعتمادحاصل ہوا ہے کہ ہم ملک سے غریبی کوختم کرسکتے ہیں۔ ہمیں اسی سمت میں مسلسل آگے بڑھتے ہی رہنا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں کچھ باتوں کو کبھی نہیں بھولنا ہے اور کچھ باتوں کو ہمیشہ یاد رکھنا ہے۔ میں آج ملک کے ہرشہری کو اس بارے میں اپنے دل کی بات ان کے سامنے میں پیش کرنا چاہتا ہوں۔ آج پوری دنیا میں اتھل پتھل مچی ہوئی ہے۔ کورونا کے بعد سے کئی ملکوں کی معیشت کی حالت بہت خراب ہے۔ کچھ ملک سب سے زیادہ مہنگائی کا آج سامنا کر رہے ہیں، وہاں بے روزگاری لگاتاربڑھ رہی ہے۔ ایسے میں بھی ہندوستان دنیا میں اپنا پرچم لہرارہاہے۔ ہم ایک کے بعد ایک چیلنجز کوپارکرتے ہوئے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے نئے ریکارڈ بنائے ہیں، ہم نے نئے پیمانے بھی بنائے ہیں۔ ابھی گزشتہ ۹؍ سال میں ملک جن پالیسیوں اور فیصلوں کے ساتھ آگے بڑھا ہے، ان کے اثرات زندگی کے ہر شعبے میں نظر آرہے ہیں۔‘‘