• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہم ۲؍ فیصد ہو کر بھی متحد ہیں،مسلمان ۱۸؍ فیصد ہیں مگرمتحد نہیں اسی لئے بے اثرہیں ‘‘

Updated: December 27, 2023, 6:37 AM IST | Agency | New Delhi

اکالی دَل کے سربراہ سکھ بیر سنگھ بادل کے مطابق مسلمانوں کے پاس کوئی سیاسی قیادت بھی نہیں ہے، اگر وہ متحد ہو جائیں تو سیاسی طور پر انہیں کوئی نظر انداز نہیں کرسکے گا۔

Shiromani Akali Dal chief Sukhbir Singh Badal. Photo: INN
شرومنی اکالی دل کے سربراہ سکھ بیر سنگھ بادل۔ تصویر : آئی این این

شرومنی اکالی دل کے سربراہ سکھ بیر سنگھ بادل نے مسلمانوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ وہ متحد نہیں ہیں،اس لئے ملک میں ۱۸؍ فیصد ہوکر بھی بے اثر ہیں،اس کے برعکس ہم ملک میں صرف ۲؍ فیصد ہیں لیکن سیاسی سطح پر کافی مضبوط ہیں اور ایک اکال تخت کے تحت منظم بھی ہیں۔ شرومنی اکالی دل کے سربراہ نے ان خیالات کااظہار دہلی میں سکھ گروپوں سےملاقات کے دوران کیا۔ اس دوران انہوں نے مسلم اور سکھ آبادی کا موازنہ بھی کیا اور سیاسی سطح پر ملک میں اتحاد پر بھی زور دیا۔سکھ بیر سنگھ بادل نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً ۱۸؍ فیصد ہے لیکن ان کے پاس کوئی قیادت نہیں ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ ان کا متحد نہ ہونا ہے۔ اگر وہ متحد ہو جائیں تو انہیں کوئی بھی نظر انداز نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکھ صرف۲؍ فیصد ہیں لیکن سری اکال تخت صاحب کے تحت متحد ہیں۔
اسی کے ساتھ سکھ بیر سنگھ بادل نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان پر بھی شدید تنقیدیں کیں۔ انہوں نے کہا وہ دکھاوے کے سکھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم انہیں سکھ نہیں مانتےکیونکہ وہ سکھوں کی تاریخ نہیں جانتے۔ سکھ بیر سنگھ بادل نے کہا کہ ’’مان صرف اپنے آپ کو سکھ ظاہر کرنے کیلئے پگڑی پہنتے ہیں لیکن وہ سکھوں کی تاریخ سے واقف نہیں ہیں۔ان کو دیکھ کر اور ان کی باتوں کو سن کر بہت تکلیف ہوتی ہے۔‘‘ بادل نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال چلا رہے ہیں۔ انہوں نے اروند کیجریوال کو بھگونت مان کی جگہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ قرار دیا اور ان پر پنجاب کو لوٹنے کا الزام بھی عائد کیا۔خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت کے ساتھ پنجاب میں اقتدار میں آئی ہے۔ واضح رہے کہ پیر کی شام سکھ بیر سنگھ بادل نے پٹنہ اور ممبئی کے سکھ سنگت کے اراکین سے اپنی پارٹی کی دہلی ریاستی یونٹ کے صدر ایس پرمجیت سنگھ سرنا کے گھر پر ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے اعلان کیا کہ شرومنی اکالی دل سکھ آبادی والی تمام ریاستوں میں پارٹی یونٹ قائم کرے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK