• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوج نےفلسطینیوں کی لاشیں چھت سے پھینکیں

Updated: September 21, 2024, 12:32 PM IST | Agency | Gaza

جنین میں اسرائیلی فوج کے حملے میں۷؍ فلسطینی شہید، صحافیوں پر بھی فائرنگ کی،القسام بریگیڈ کا رفح میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ۔

Israeli soldiers push the body of a martyred Palestinian on the roof of the house. Photo: INN
مکان کی چھت پراسرائیلی فوجی شہید فلسطینی کی لاش کو پیر سے دھکادے کر گراتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

غزہ کے مغربی کنارے میں اسرائیلی بربریت کا ایک اور اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں صیہونی فورسیز نے فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد ان کی لاشیں چھت سے پھینک دیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ پھینکے گئے افراد مرچکے تھے یا زندہ تھے تاہم بتایا جا رہا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی لاشیں چھت سے پھینکی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا بتانا ہے کہ اسرائیل فوج لاشیں پھینکنے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنین کے قریب آپریشن میں ۷؍ فلسطینیوں کو شہید کیا، آپریشن کے دوران صحافیوں پر بھی فائرنگ کی گئی۔ 
 واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کے غزہ کے وسطی، شمالی اور جنوبی حصوں میں حملوں میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دوران مزید۲۸؍فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ گزشتہ برس اکتوبر سے اب تک۴۱؍ ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ 
القسام بریگیڈ کی جوابی کارروائی
  حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح شہر میں ایک گھر میں گھسنے والے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا جس سے فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ القسام بریگیڈز کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح کے مشرق میں واقع طننور محلےکے ایک گھر میں گھسنے والے اسرائیلی فوجیوں کو اینٹی پرسنل گولہ بارود سے نشانہ بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں میں کچھ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں اور اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹر ہلاک شدگان اورزخمیوں کو نکالنے کیلئے علاقے میں اترے ہیں۔ 
اسرائیلی فوجی، شہداء کی بے حرمتی کر کے، اپنی وحشت و بربریت کی تصدیق کر رہے ہیں : حماس
 حماس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی، شہداء کی لاشوں کی بے حرمتی کر کے، اپنی وحشت و بربریت کی تصدیق کر رہے ہیں۔ حماس نے، اسرائیلی فوجیوں کے، دریائے اردن کے مغربی کنارے میں، فلسطینیوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں چھت سے نیچے گرانے کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ جاری کردہ بیان میں حماس نے کہا ہے کہ ’’شہداء کی لاشوں کو چھت سے نیچے گرانے کے وحشیانہ مناظر نے اسرائیلی فوج کی اس وحشت و بربریت کی ایک دفعہ پھر تصدیق کر دی ہے جو وہ بین الاقوامی برادری کی خاموشی سے شہ پا کر اور امریکہ کی سیاسی و عسکری امداد کے ذریعے غزّہ میں ہمارے عوام کا قتل عام اور نسل کشی کر کے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ‘‘بیان میں کہا گیا ہے کہ قتل کئے گئے فلسطینیوں کے جنازوں کے ساتھ روا رکھا گیا یہ بدصورت روّیہ ایک ایسا جُرم ہے جس کی مذّمت ضروری ہے۔ ہم تمام بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس روّیے کی مذّمت کی جائے۔ بیان میں اسرائیلی فوج کے، غزّہ کی پٹّی اور دریائے اردن کے مغربی کنارے میں ، سرزد کردہ گھناونے جرائم کو بین الاقوامی اور تمام انسانی حقوق کے منافی قرار دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK