مسافروں کے مطالبے اور توجہ دلانے پر انتظامیہ کی جانب سے دھلائی کے لئے ممبئی اور احمد آباد ڈویژن میں خصوصی پلانٹ لگائے گئے۔ کمبلوں کی دھلائی کا وقفہ تین ماہ سے گھٹاکر ۱۵؍دن کیا گیا
EPAPER
Updated: December 10, 2024, 5:48 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
مسافروں کے مطالبے اور توجہ دلانے پر انتظامیہ کی جانب سے دھلائی کے لئے ممبئی اور احمد آباد ڈویژن میں خصوصی پلانٹ لگائے گئے۔ کمبلوں کی دھلائی کا وقفہ تین ماہ سے گھٹاکر ۱۵؍دن کیا گیا
چرچ گیٹ، (سعید احمد خان): ویسٹرن ریلوے میں ٹرینوں میں فراہم کرائی جانے والی چادریں یومیہ ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہیں۔ اسی کے ساتھ صاف صفائی پر دھیان دینے کے مسافروں کے مطالبے پر توجہ دیتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے کمبلوں کی دھلائی کا وقفہ ۳؍ ماہ سے کم کرکے اب ۱۵؍دن کردیا ہے۔ اس کے لئے ممبئی ڈویژن اور احمدآباد ڈویژن میں مشینیں اور پلانٹ لگائے گئے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کوششوں کے ذریعے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کیساتھ انہیں صاف ستھرے ماحول میں سفر کا بھی احساس دلانا ہے۔
اس تعلق سے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ چادروں کے یومیہ ایک لاکھ تک استعمال کرنے سے مسافروں کی تعداد بھی ظاہر ہوتی ہے کہ اے سی میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور سفر کے تئیں ان کا رجحان بدل رہا ہے۔ اسی کے پیش نظر اے سی لوکل بھی بڑھائی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مسافروں کی جانب سے مطالبات کئے جاتے ہیں اور خود ریلوے انتظامیہ اپنی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کا بھی جائزہ لیتی رہتی ہے۔ اس کیلئے باقاعدہ ٹرینوں کے الگ الگ ڈبوں میں شکایت اور تاثرات درج کرنے کیلئے بُک رکھی جاتی ہے تاکہ مسافروں کے تاثرات سے آگاہی ہو سکے۔ اس سے مزید مدد ملتی ہے۔ اس میں مسافر اپنے تاثرات صحیح صحیح نقل کرتے ہیں۔ اس میں کسی کی حمایت یا بلاوجہ مخالفت نہیں ہوتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک لاکھ چادریں یومیہ مہیا کرانے کیلئے اس کی پیشگی تیاری کرنی پڑتی ہے۔ اسی لئے ممبئی اور احمدآباد ڈویژن میں دھلائی کے لئے خصوصی پلانٹ لگائے گئے ہیں ۔ ان پلانٹس میں دھلائی کے ساتھ خاص ٹمپریچر میں چادروں کو سکھایا جاتا ہے تاکہ کسی طرح جراثیم رہنے کا اندیشہ نہ رہے۔ چیف پی آر او نے مزید کہا کہ اس تعلق سے مزید اہتمام جاری ہے اور کئی منصوبے زیر غور ہیں، آنے والے وقتوں میں دوران سفر مسافروں کو مزید خوشگوار احساس ہوگا۔