Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

’’ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ذمہ داری، کبھی کبھی صرف پانی سے افطار کرنا پڑتا ہے‘‘

Updated: March 23, 2025, 9:30 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے انچارج یاسین تڑوی ایسے روزہ داروں میں شامل ہیں جو نہایت سخت اور محنت طلب پیشے سے وابستہ ہیں۔

Yasin Tadvi is always ready to deal with any emergency situation.
کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے یاسین تڑوی پیش پیش رہتے ہیں

 تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے انچارج یاسین تڑوی ایسے روزہ داروں میں شامل ہیں جو نہایت سخت اور محنت طلب پیشے  سے وابستہ ہیں۔ وہ ۲۲؍ برس سے ٹی ایم سی میں ملازم ہیں اور ڈوکالی (کولشیت روڈ، تھانے) میں رہتے ہیں۔ اُن کے پیشے اور روزے سے متعلق بات چیت:
کام کتنا محنت طلب اور دشوار ہے؟
میونسپل ڈیزاسٹرمینجمنٹ میں کام کرنے کا کوئی وقت طے نہیں ہوتا۔ یہ محکمہ سال کے ۳۶۵؍ دن اور ۲۴؍ گھنٹے سرگرم  رہتا ہے۔ تھانے شہر میں کوئی حادثہ ہوجائے مثلاً عمارت گر پڑے یا کہیں آگ لگ جائے یا کوئی  قدرتی آفت آجائے مثلاً سیلابی صورتحال پیدا ہو، پانی کی پائپ لائن پھٹ جائے،  درخت گر جائے یا ایسے ہی ہنگامی حالات ہوں تو  ہمیں فوراً میدان ِ عمل میں کود پڑنا ہوتا ہے۔ ہماری ڈیوٹی کاکوئی وقت طے نہیں ہوتا۔ کبھی آگ سے جوجھنا اور کبھی خطرناک بلڈنگ میں کام کرنا یعنی خطروں سے کھیلنا، یہی ہمارا روزگار ہے۔ ہمارے پیش نظر حالات کی سنگینی ہوتی ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔
 کیا ایسے میں روزہ بھاری پڑتا ہے؟
۲۴؍ گھنٹے ہماری توجہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے حدود میں واقع علاقوں پر ہوتی ہے۔ اسی لئے کام میں روزے کا احساس نہیں ہوتا۔
افطار کیلئے کافی وقت مل جاتا ہے یا وہ بھی بھاگم بھاگ میں ہوتی ہے؟
ہنگامی حالات نہ ہوں تو افطار کیلئے وقت مل جاتا ہے۔ البتہ کبھی کبھی  فیلڈ پر جیسے تیسے روزہ کھول لیتا ہوں۔ مثال کے طور پر چند روز قبل واگلےاسٹیٹ کے  ڈمپنگ گراؤنڈ میں بھیانک آگ لگ گئی تھی جس پرقابو پانے کی کوشش میں  ہی افطار کا وقت ہو گیا اور مَیں نے فیلڈ پر ہی پانی پی کر روزہ کھول لیا۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مقامی رکن پارلیمان اور ایڈیشنل میونسپل کمشنر بھی جائے حادثے پر پہنچے تھے۔
نمازوں کی ادائیگی کا وقت ملتا ہے یا نہیں؟
ہنگامی حالات نہ ہوں تو کوئی دقت نہیں ہوتی۔
اتنی مشقت کا روزہ رکھنے پر کیسا محسوس ہوتا ہے؟
روزہ اپنی جگہ اور کام کی ذمہ داری اپنی جگہ۔ روزہ کی وجہ سے مَیں نے کبھی بھی اپنی ذمہ داری سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اسی لئے مجھے اطمینان رہتا ہے۔ میری ڈیوٹی مجھے بہت عزیز ہے۔ افطار کے وقت مَیں نہ صرف اپنے اور اہل خانہ کیلئے بلکہ تھانے کے تمام شہریوںکیلئے دعا کرتا ہوں کہ وہ ہر طرح کی آفات سے محفوظ رہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK