Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

تشدد بھڑکانے والے نتیش رانے کے گھر پر بلڈوزر کب چلے گا: سپکال

Updated: March 25, 2025, 11:14 AM IST | Mumabi

کنال کامراکیخلاف شندے شیوسینا کے کارکنان کے پرتشدد احتجاج پر کانگریس کے ریاستی صدرنے سوال قائم کئے۔

Congress President Harsh Vardhan Sapkal. Photo: INN
کانگریس صدر ہرش وردھن سپکال۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کیخلاف کئے جانے والے پرتشدد احتجاج اور ناگپور فساد کے متعلق حکومت پر تنقید کی۔  انہوں نے گاندھی بھون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ   ’’مشہور اسٹینڈاپ کامیڈین کنال کامرا نے اپنے پروگرام میں کسی کا نام نہیں لیا، مگر ’چور کی داڑھی میں تنکا‘ کے مصداق ایکناتھ شندے کے کارکنان نے اپنے لیڈر  پر تنقید محسوس کی اورناراض ہوکر توڑ پھوڑ کی۔ حملہ آور حکومت میں شامل پارٹی کے کارکنان ہیں، تو کیا انہیں حکومت، آئین، قانون اور داخلہ محکمہ پر اعتماد نہیں؟ انہیں قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کس نے دی؟

یہ بھی پڑھئے: رونالڈو کی ٹیم پرتگال یوئیفا نیشنز لیگ کے سیمی فائنل میں پہنچی

شندے سینا کے کارکنان کے اس ہنگامے کو دیکھ کر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا بی جے پی اتحاد مہاراشٹر کو طالبانی اسٹیٹ بنانا چاہتا ہے؟‘‘انہوں نے  یہ بھی کہا کہ’’ جس اسٹوڈیو میں کنال کامرا کا پروگرام منعقد ہوا وہ ان کا ذاتی نہیں ہے، وہاں مختلف ثقافتی پروگرام منعقد ہوتے ہیں، جہاں ہر نظریے کے لوگ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ بی جے پی کے وزیر آشیش شیلار کی ستائش کا پروگرام بھی اسی جگہ منعقد ہوا تھا۔ یہ اسٹوڈیو ایک مجاہد آزادی کی ملکیت ہے ۔ یہ جگہ منافع کمانے کیلئے نہیں بلکہ فنکاروں کو اظہار خیال کیلئے دی جاتی ہے۔ مختلف فنکاروں نے یہاں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن اسی ثقافتی مرکز پر ایکناتھ شندے کے کارکنان نے حملہ کیا، جو کہ دراصل ایک مجاہد آزادی کی ملکیت پر حملہ ہے۔ یہ معاملہ صرف اظہارِ رائے کی آزادی تک محدود نہیں بلکہ اس میں عوام کے جینے کے حق پر بھی سوالیہ نشان ہے۔‘‘ ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ اس توڑ پھوڑ کے نتیجے میں اسٹوڈیو کو۲۵؍ لاکھ روپے کا نقصان پہنچا ہے، جسے حکومت کو ادا کرنا چاہیے۔ اس دوران پولیس محض تماشائی بنی رہی، جو کہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناگپور میں ہونے والے فسادات کے بعد وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے فسادیوں سے نقصان کی بھرپائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تو کیا اب یہی اصول  شندے اور ان کے دنگائی کارکنان پر بھی لاگو ہوگا؟ اسکا جواب حکومت کو دینا چاہیے۔ ناگپور تشدد کے ملزم فہیم خان کے گھر پر بلڈوزر چلایا گیا، لیکن فرنویس کابینہ کے وزیر نتیش رانے نے بھی اشتعال انگیز بیانات دیے ہیں۔ تو کیا فرنویس نتیش رانے کے گھر پر بھی بلڈوزر چلائیں گے؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK