Inquilab Logo Happiest Places to Work

جس پارٹی کا ایک بھی مسلم ایم پی نہیں، اس میں اچانک اقلیتوں کیلئے اتنا درد کیوں؟

Updated: April 08, 2025, 9:57 AM IST | New Delhi

شرومنی اکالی دل کی رکن پارلیمان ہرسمرت کور نے لوک سبھا میں وقف ترمیمی بل پر بی جے پی حکومت کی بدنیتی کو اجاگر کیا، کہا کہ ’’ ان کا دِل کالا ہے اور یہ سارا ملک جانتا ہے‘‘

Harsimrat Kaur speaking in the Lok Sabha. Photo: INN
ہرسمرت کور لوک سبھا میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

 میں صبح سے اس بات  پر کافی تذبذب میں مبتلا ہوں اور سوچنے کی کوشش کر رہی ہوں کہ جو سیاسی جماعت گزشتہ تین پارلیمان میں یعنی ۱۴؍ویں،۱۵؍ویں اور۱۶؍ویں لوک سبھا سے لے کر اب تک جس  پارٹی کا ایک بھی مسلم ایم پی نہیں ہے۔ وہ پارٹی جو خواتین کے تعلق سےاتنی ہمدردی دکھا رہی ہے ، اس کی ایک بھی مسلم خاتون ایم پی نہیں ہے،آج کون سا عید کا چاند نکل آیاکہ اس پارٹی کو اقلیتوں سے ا تنی محبت ہوگئی ؟ کرن رجیجو صاحب جو سابق وزیر قانون ہیں اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھتے ہیں، آج کھڑے ہو کر مسلمانوں کی بات کر رہے ہیں ۔ اس جماعت (بی جے پی ) کی پوری سیاست ہندو-مسلم پولرائزیشن پر منحصر ہے،  اس کی ساری سیاست پاکستان، مسلمان اور خالصتان کے گرد گھومتی ہے۔ آج اچانک ان میںاتنی درد مندی کہاں سے آگئی کہ ہماری مسلم بہنیں، ہمارے مسلمانوں کا پیسہ، وہ صحیح استعمال ہو؟ میں صبح سے سوچ رہی ہوں کہ ان کی زبان  پر تو دعا ہے لیکن دل کالا ہے، اور یہ سارا ملک جانتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پارلیمنٹ میں۲۴؍ مسلم اراکین موجود ہیں، سب ایک طرف ہیں اور ان میں سے ایک بھی اس بل کی حمایت نہیں کر رہا ہے۔
جے پی سی کے اراکین بھی اس کی حمایت نہیں کر رہے  ہیں ۔ ملک کی کوئی اقلیت اس کی حمایت نہیں کر رہی ہے ۔ اگر یہ بل اتنا اچھا ہوتا تو تعریف ہوتی ۔ میں سوچتے سوچتے اس نتیجے پر پہنچی کہ اس کے پیچھے سیاست کیا ہے؟  میں نے وقف کے اثاثوں اور ان کے انتظام کا مطالعہ کیا اور وقف کے اسیٹ مینجمنٹ کا ایک پیپر نکالا جس سے پتہ چلا کہ وقف کی سب سے زیادہ جائیداد یعنی ۲۷؍ فیصد اتر پردیش میں ہے اور اتر پردیش  میں ڈیڑھ سال بعد  انتخابات ہونے والے ہیں۔ یہ کہتے ہیں کہ وقف املاک کافائدہ خواتین کو دینا ہے، ان میںانہیں حصہ داری دینی ہے۔ لیکن یہ تو صرف ۲۷؍ فیصد وقف کی جائیداد ہے جو صرف اتر پردیش میں ہے اور یہ سب اسی کی سیاست ہے۔ اب مجھے ان کی بات سمجھ آئی۔ میں وزیر صاحب سے پوچھنا چاہتی ہوں،  وہ کہہ رہے تھے کہ ہریانہ میں ایک گردوارے کا معاملہ ہائی کورٹ کے حکم سے ہوا تھا لیکن میں آپ سے پوچھتی ہوں کہ اگر اقلیتوں کا درد ہے اور بل لانا ہے تو ہم سکھ جو آرٹیکل۲۵؍ بی  میں برسوں سے ترمیم کا مطالبہ کررہے ہیں، اس کا کیا ؟ اس لئے کہ ہم سکھ ہیں، ہندو نہیں، آپ ہماری شناخت کا بل کیوں نہیں لاتے؟ ہم سب اس کی حمایت کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK