فائر فائٹرز جدوجہد کر رہے ہیں۔یو ایس نیشنل ویدر سروس نے کہا کہ ہفتے کے آخر تک حالات قابو میں آنے اوربہتری کی امید ہے۔
EPAPER
Updated: January 17, 2025, 12:45 PM IST | Agency | Los Angeles
فائر فائٹرز جدوجہد کر رہے ہیں۔یو ایس نیشنل ویدر سروس نے کہا کہ ہفتے کے آخر تک حالات قابو میں آنے اوربہتری کی امید ہے۔
لاس اینجلس(ایجنسی): جنوبی کیلیفورنیا میں سانتا اینا ہواؤں کی وجہ سے جنگل میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کر لی ہے جبکہ فائر فائٹرز نے بدھ کو بھی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھیں۔ یو ایس نیشنل ویدر سروس نے کہا کہ بدھ کو ساحلی جنوبی کیلیفورنیا میں آگ کی شدید صورتحال جاری رہے گی لیکن ہفتے کے آخر تک اس میں بہتری آنے کی امید ہے اور بدھ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر۳؍ بجے تک ایک وارننگ جاری کی گئی۔ لاس اینجلس کے علاقے میں بڑے پیمانے پر جنگل میں لگنے والی آگ سے کم از کم۲۵؍ افراد ہلاک اور۱۲؍ہزار ۳۰۰؍ سے زائد عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنگل کی آگ کی وجہ سے کم از کم۲۶؍ افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ ان میں سے۲۰؍ کا تعلق ایٹن فائر ایریا سے اور چھ کا تعلق پالیسیڈس فائر ایریا سے ہے۔ کیلی فورنیا ڈیپارٹمنٹ آف فاریسٹری اینڈ فائر پروٹیکشن (کیل فائر) کے مطابق ایٹن اور پالیسیڈس میں جنگل کی آگ میں بدھ کی صبح تک بالترتیب صرف۴۵؍ فیصد اور۱۹؍ فیصد ہی قابو پایا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے منگل کی شام کو لگی مہلک ایٹن آگ نے الٹاڈینا اور پاساڈینا کے قریب ۱۴؍ ہزار۱۱۷؍ایکڑ (۵۷ء۱؍ مربع کلومیٹر) کو جھلسا دیا۔ کیل فائر نے ایک رپورٹ میں کہا، ’’آج کی کوششیں پریمیٹر کنٹرول کویقینی بنانے کے لئے روک تھام لائنوں کو صاف کرنے اور مضبوط بنانے پر مرکوز ہیں۔ فائر فائٹرز اور عوام دونوں کی حفاظت کے لیے سڑکوں پر خطرناک درختوں کو کم کیا جارہا ہے۔ ‘‘ پالیسیڈس فائر لاس اینجلس کے علاقے میں سب سے بڑی فعال جنگل کی آگ ہے، جس نے ایک ہفتے میں ۲۳؍ہزار۷۱۳؍ایکڑ(۹۶ء۹۵؍ مربع کلومیٹر) کو جھلسا دیا۔
امریکی مسلمان متاثرین کی امداد کیلئے پہنچے
امریکی مسلمان لاس اینجلس میں متاثرین آتشزدگی کی امداد کیلئے پہنچ گئے ہیں۔ یہاں آتشزدگی سےسینکڑوں مکانات خاکستر، ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس میں متاثرین آتشزدگی کی امداد کے لئے امریکہ کی سب سے بڑی مسلم فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ مسلم فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کے سی ای او عبدالرؤف خان نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور آپریشن کی نگرانی کی۔ ان کا کہنا تھا آتشزدگی کا علم ہوتے ہی اپنی ٹیم فوری طور پر متاثرہ علاقے میں روانہ کردی تھی، ہماری ٹیم نے متاثرین کو ابتدائی ضروریات، جیسے کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، اور کپڑوں کی فراہمی شروع کی۔ عبدالرؤف خان نے مزید کہا کہ متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں ۔ اکنا ریلیف نہ صرف فوری امداد فراہم کرتی ہے بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر بھی متاثرین کی بحالی کے لیے کام کرتی ہے۔