• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملک بھر میں شدید سردی، بارش کا بھی الرٹ

Updated: December 23, 2024, 11:34 AM IST | Agency | New Delhi

جموں میں سخت سردی کا دورانیہ چلہ کلاں کا آغاز، کئی ریاستوں میں آئندہ کچھ دنوں میں بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان۔

A beautiful view of the partially frozen Dal Lake in Srinagar. Photo: PTI
سری نگر میںڈل جھیل کا ایک خوبصورت نظارہ جو جزوی طورپر منجمد ہوچکی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ملک کی شمالی ریاستوں میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے۔ جموں کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت صفر ڈگری سے نیچے ہے۔ ہماچل میں برف باری کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔ پنجاب- ہریانہ میں بھی سردی کی لہر کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی۔ چندی گڑھ میں درجہ حرارت۰ء۸؍ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی دوران پنجاب کے علاقے آدم پور میں پارہ۱ء۸؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب میں بھی شدید دھند چھائی رہی۔ امرتسر، ترن تارن، بھٹنڈہ، لدھیانہ اور برنالہ میں کہرے کی وجہ سے حد نظر۱۰۰؍ میٹر ریکارڈ کی گئی۔ برف باری اور شدید سردی کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے کچھ ریاستوں میں بارش کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ اتر پردیش کے ۶؍ اضلاع میں بارش کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی مدھیہ پردیش اور راجستھان میں ایک دودن میں بارش کا امکان ہے۔ 
اتر پردیش میں بارش کا امکان 
 اتر پردیش میں جہاں کرسمس کے بعد ۲۶؍ سے۲۸؍دسمبر کے درمیان بارش کے آثار ہیں تو وہیں دہلی میں ۲۳؍ دسمبر یعنی آج ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ۲۶؍ اور۲۷؍ دسمبر کو بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ۲۷؍ اور ۲۸؍ دسمبر کو پنجاب، ہریانہ، مغربی اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش میں بارش اور آندھی طوفان کا خدشہ ہے۔ 
 ٹھنڈ کی بات کی جائے تو دہلی میں مسلسل پارہ گر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت۵؍ڈگری سلسیس تک پہنچ چکا ہے۔ اس وجہ سے شدید ٹھنڈ کے ساتھ ساتھ آنے والے کچھ دنوں تک گھنا کہرا چھایا رہے گا۔ 
 محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق ہماچل پردیش، جموں کشمیر، لداخ، پنجاب اور راجستھان میں آئندہ کچھ دنوں تک شدید سرد لہر کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، جھارکھنڈ، ادیشہ، راجستھان اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں، سکم، آسام اور میگھالیہ میں ۲۲؍ سے۲۵؍ دسمبر تک گھنا کہرا رہنے کاامکان ہے۔ 
بارش، کہرے اور سرد لہر کا الرٹ 
 ہماچل پردیش میں ۲۱؍ سے۲۵؍دسمبر اور اتراکھنڈ میں ۲۱؍ اور ۲۲؍ دسمبر کوژالہ باری ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شمال مغربی ہند کی پہاڑی ریاستوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بھی بارش ہوگی۔ اس کے علاوہ وسطی ہند کی ریاستوں میں ۲۷؍ ا ور۲۸؍ دسمبر کو بارش کا الرٹ ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں آندھرا پردیش، تمل ناڈو، پڈوچیری، ادیشہ، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ اور اتر پردیش میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب، ہریانہ، اترپردیش، جھارکھنڈ اور راجستھان میں کہرے کا الرٹ جاری کیا ہےجبکہ ہماچل پردیش، راجستھان، پنجا ب، جموں کشمیر، ہریانہ، گجرات اور مہاراشٹر میں شدید سرد لہر کا الرٹ ہے۔ ہماچل میں برف باری کا امکان ہے۔ 
اورینج اور یلو الرٹ 
 ہماچل پردیش کے اونا، حمیر پور، بلاس پور اور منڈی میں ۲۴؍ دسمبرتک کچھ مقامات پر اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چمبا، کانگڑا اور کُلو میں ۲۵؍ دسمبر تک سرد لہر اور کہرے کی یلو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ مقامی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بھاکھڑا پشتہ (بلاس پور) اور بلہہ وادی (منڈی) کے آبی ذخائر کے کچھ حصوں میں صبح اور دیر رات شدید کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 
جموں کشمیر میں چلہ کلاں، کالج ۲۷؍ دسمبر سے بند
 جموں کشمیر میں ۲۱؍ دسمبر سےچلہ کلاں شروع ہو گیا جو۲۹؍ جنوری تک رہے گا۔ یہ شدید سردی کا ۴۰؍ دن کا دورانیہ ہوتا ہے۔ 
 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چلہ کلاں کا آغاز ہوگیا ہے۔ اننت ناگ، شوپیاں، پہل گام، گل مرگ اور وادی کشمیر کے کچھ حصوں میں پارہ منفی۱۰؍ ڈگری سے نیچے پہنچ سکتا ہے۔ سری نگر میں پارہ منفی ۸؍ ڈگری ریکارڈ کیاگیا ہے۔ 
 جموں کشمیر حکومت کے ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے کالجوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا۔ کشمیر ڈویژن کے سرکاری ڈگری کالجوں اور جموں ڈویژن کے سرمائی زون کالجوں میں ۲۷؍ دسمبر سے۱۴؍ فروری تک۲۰۲۵ء تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔ جموں ڈویژن کے سمر زون کے کالج یکم جنوری سے ۱۰؍ جنوری ۲۰۲۵ء تک تعطیلات منائیں گے۔ حکومت نے پہلے ہی کشمیر زون اور جموں ڈویژن کے سرمائی زون کے اسکولوں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK