• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سوریہ واٹرپروجیکٹ تکمیل کے قریب ، وسئی ویرار کو روزانہ ۱۸۵؍ ملین لیٹر پانی ملے گا

Updated: February 25, 2023, 11:11 AM IST | Mumbai

دوسرے مرحلے میں میرابھائندر کو روزانہ ۲۱۸؍ ملین لیٹر پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کے تحت مجموعی طورپر ۸۸؍ کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جارہی ہے

Surya Regional Water Supply Scheme which will be launched in the coming month of March.
سوریہ ریجنل واٹر سپلائی اسکیم جس کا آغازآئندہ ماہ مارچ میں ہوگا۔

 وسئی ویرار کے باشندے جنہیں پانی کی قلت کے مسائل کا سامنا ہے، انہیں یہ جان کر خوشی ہوگی کہ سوریہ ریجنل واٹرسپلائی اسکیم تکمیل کے مرحلے میں ہے۔اس پروجیکٹ کے تحت روزانہ ۱۸۵؍ ملین لیٹر پانی  پہلے مرحلے  میں  وسئی ویرار سٹی میونسپل کارپوریشن (وی وی سی ایم سی )کو  فراہم کیا جائے گا ۔ اس کی جانچ، تجربے اور اسکیم کا آغاز مارچ۲۰۲۳ء میں ہوگا۔اس پروجیکٹ کو ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے جو شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے روزانہ  ۴۰۳؍ملین لیٹر   واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کر رہا ہے۔ انٹیک اسٹرکچر پر ۹۸؍فیصد کام ہو چکا ہے جبکہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ۹۴؍ فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ مجموعی طور پر ۸۸؍ کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ میندھوانکھنڈ میں سرنگ بنانے کا کام مکمل ہو چکا ہے اور تنگریشور میں سرنگ بنانےکا کام زوروں پر ہے۔ مجموعی طور پرپہلے مرحلے  کا ۹۵؍ فیصد  اور مکمل پروجیکٹ کا۸۲؍فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
 اس بارے میں میٹروپولیٹن کمشنر ایس وی آر سرینیواس نے کہا کہ ’’سوریہ پروجیکٹ ایم ایم آر ڈی اے کا ایک پرجوش پروجیکٹ ہے کیونکہ بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے کے علاوہ ایم ایم آر ڈی اے ایم ایم آر کے مغربی  علاقوں کیلئے پانی کی فراہمی کا اپنا پہلا منصوبہ بنا رہا ہے۔ فیز-ون اسکیم  کے تحت اس سال وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کو پانی فراہم کیا جائے گا۔ وسئی کو اپنے اندرونی تقسیم کے نظام کو تیز کرنا ہے۔ ہم اس میں بھی ان کی مدد کر رہے ہیں۔ آنے والے مہینوں میں میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کوروزانہ۲۱۸؍ ملین لیٹر پانی دوسرے مرحلے کے تحت   فراہم کیا جائے گا۔‘‘
تنگریشور ٹنل کا۲؍ کلومیٹر کا بورنگ ورک مکمل کرلیاگیا
 قبل ازیں سوریہ واٹرپروجیکٹ کے تحت ایک اہم سنگ میل  حاصل کرتے ہوئے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے)نے وسئی میں تنگریشورٹنل کا ۲؍ کلومیٹر کابورنگ ورک مکمل کرلیا  ۔ پانی کیلئے بنائی جانے والی اس سرنگ کی وجہ سے میرابھائندر میں پانی کی قلت کا مسئلہ ماضی کی داستان بن جائے گا۔ یہ سرنگ ۴ء۴۵؍ کلومیٹر طویل ہے جس کا اندرونی قطر ۲ء۸۵؍ میٹر ہے۔
 میٹروپولیٹن کمشنر ایس وی آر سرینیواس نے اس بارے میں بتایاتھا کہ ’’ہم نے سوریہ ریجنل واٹرسپلائی اسکیم کے تحت روزانہ ۴۰۳؍ ملین لیٹرپانی سپلائی کے کام میں اہم سنگ میل حاصل کرلیا ہے۔ اس اسکیم کا نفاذ میرابھائندر اور وسئی ویرار سٹی میونسپل کارپوریشنوں کیلئے بڑی مقدار میں پانی سپلائی کیلئے کیا جارہا ہے۔‘‘اسکیم کے مطابق خام پانی کواڈاس پک اپ وئیر سے لیا جانا ہے، جو سوریہ ڈیم کے نیچے کی طرف واقع ہے اور اسے سوریہ نگر کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں صاف کرنے کی تجویز ہے۔
 صاف  کئے گئے پانی کو ریاستی شاہراہ نمبر ۳۰؍ اور قومی شاہراہ نمبر۸؍ کے ساتھ ایک   راستے سے میرا بھائندر ریجن (ایم بی آر ) میں کاشدکوپر اور گھوڑبندر میں وسئی ویرار سٹی میونسپل کارپوریشن کے پانی کے ذخیرے  تک منتقل کیا جائے گا۔  مزید تقسیم کا انتظام متعلقہ بلدیاتی اداروں کے تقسیم کاری کے نظام کے ذریعے کرنا ہے۔ 
 سوریہ ریجنل واٹر سپلائی اسکیم میرا بھائندر اور وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے ۲۰؍ لاکھ باشندوں کو سوریہ نگر سے شروع ہونے والی ۸۸؍ کلومیٹر لمبی پائپ لائن کے ذریعے وافر مقدار میں پانی فراہم کرنے میں مدد کرے گی۔ 
 اس  پروجیکٹ کے تحت  میرابھائندر میونسپل کارپوریشن اور وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کوروزانہ بالترتیب ۲۱۸؍ ملین لیٹراور۱۸۵؍ملین لیٹر پانی فراہم کیا جائے گا ۔ یہ اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اس پانی کو اپنی منزل تک پہنچانے کیلئے کشش ثقل کا استعمال کیا جائے گاجس سے بجلی اور متعلقہ اخراجات کی بچت ہوگی۔
میرا-بھائندر میونسپل کارپوریشن نے   ٹینڈر جاری کیا
 میرا-بھائندر میونسپل کارپوریشن(ایم بی ایم سی )  نے اپنے علاقے میں زیر زمین سیوریج سسٹم فیز-۲؍ (حصہ ایک)  کے ساتھ سوریہ واٹرسپلائی   اسکیم کیلئے ٹینڈر جاری کیا ہے۔یہ کام سوریہ (ڈیم) کے ذریعہ سے ایم بی ایم سی کے علاقے تک پانی سپلائی   اسکیم کو بڑھانے سے متعلق ہے۔ دوسرے معاہدے سے مراد علاقے میں زیر زمین سیوریج سسٹم فیز- ۲ (پارٹ- ایک) کو انجام دینا ہے۔دونوں معاہدوں کا تخمینہ  بالترتیب۴۲۳ء۵۴؍ کروڑ روپے (سوریہ ڈیم کے ذریعے) اور۱۴۷ء۰۶؍ کروڑ روپے (فیز-۲)  لگایا گیا ہے۔ دونوں معاہدوں کی انفرادی تکمیل کی مدت ۲۴؍ ماہ ہے۔بڈ جمع کرانے کی آخری تاریخ ۱۶؍مارچ ۲۰۲۳ء ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK