ہجوم نے فاریسٹ آفیسرس پر حملہ کر دیا ، گاڑی پھونک دی، اب بھی کشیدگی۔
EPAPER
Updated: January 31, 2025, 11:47 AM IST | Ali Imran | Bhandara
ہجوم نے فاریسٹ آفیسرس پر حملہ کر دیا ، گاڑی پھونک دی، اب بھی کشیدگی۔
بھنڈارہ کے ایک گائوں میں شیر نے ایک خاتون پر حملہ کرکے اسے ہلاک کر دیا۔ اس کے بعد محکمہ جنگلات کے تساہل کے سبب عوام مشتعل ہوگئے اور انہوں نے محکمے کے افسران پر حملہ کر دیا اور ان کی گاڑی جلادی۔
اطلاع کے مطابق بدھ کی شام بھنڈارہ کے ایک گائوں کولی واڑہ میں کھیت میں کام کرنے والی خاتون نند کھنڈاتےکو شیر نے حملہ کر کے ہلاک کردیا۔ حملہ کرنے کے بعد شیرنندا کی لاش کے پاس ۶؍ گھنٹے تک بیٹھا رہا۔ گاؤں والے شیر کو بھگانے کیلئے ہاتھوں میں لاٹھیاں لئے موقع پر پہنچے۔ محکمہ جنگلات کو اطلاع دی گئی لیکن افسران نے پہنچنے میں بہت دیر لگا دی اس پر لوگ غصہ ہو گئے۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے آکر شیر کو بے ہوش کرکے اپنی تحویل لیا۔ اہم بات یہ ہے کہ یہی شیر چند روز قبل ایک اور شخص کو ہلاک کرچکا ہے جسکی وجہ سے گاؤں والوں میں شدید غم و غصہ بھرا ہوا تھا۔ جیسے ہی محکمہ جنگلات کی ٹیم اپنے کام سے فارغ ہوئی، مشتعل ہجوم اس پر چڑھ دوڑی اور مار پیٹ کی۔ یہی نہیں مشتعل ہجوم نےان کی گاڑی کو آگ بھی لگادی۔
اس پر پولیس نے ۹؍لوگوں کو حراست میں لیا جس سے گاؤں والے مزید مشتعل ہوگئے۔ کچھ دیر بعد پولیس اور محکمہ جنگلات کے عملہ نے گاؤں والوں کو سمجھانےکی کوشش کی، لیکن لوگ سننے کے موڈ میں نہیں تھے۔ خاتون کی لاش کو اس پنجرے کے سامنے رکھ دیا گیا جس میں شیر کو رکھا گیا تھا اور مطالبہ کیا گیا کہ نندا کے خاندان کو فوری طور پر مالی امداد اور خاندان میں سے کسی ایک کو سرکاری ملازمت دی جائے۔ گاؤں والے کئی گھنٹے دھرنے پر بیٹھے رہے۔ رات گئے افسران نےانہیں سمجھایا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا۔ جمعرات کو خاتون کی لاش گاؤں لائی گئی۔ لیکن انہوں نے لاش کو لینے سے انکار کر دیا۔ خبر لکھے جانے تک گائوں میں کشیدگی برقرار تھی۔