• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھائندر-دہیسر لنک روڈ کاکام اکتوبر میں شروع ہونے کا امکان

Updated: June 18, 2022, 9:06 AM IST | Mumbai

دہیسرچیک ناکہ پر مغرب سے یہ سڑک شروع ہوگی اور مینگروز اور نمک کے کھیت کی زمین سے ہوتے ہوئے بھائندر جائے گی۔ ٹریفک جام سے شہریوں کو نجات دلانے کے اس منصوبے کیلئے۲؍ ہزار ۴۰۰؍ کروڑ روپے کا ٹینڈر جاری کیا جاچکا ہے

During the busy hours of morning and evening, there is a traffic jam at Dahisar check post. (File photo)
صبح و شام کے مصروف اوقات میں دہیسر چیک ناکہ پراس طرح ٹریفک جام رہتا ہے۔(فائل فوٹو)

بھائندر سے دہیسر چیک ناکہ تک ۵ء۶؍ کلومیٹر کا لنک روڈ تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے جس کیلئے ۲،۳؍ مہینے قبل  ۲؍ ہزار ۴۰۰؍ کروڑ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔ یہ کام برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) کرنے والی ہے اور تعمیراتی کام امسال اکتوبر میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس لنکنگ روڈ پروجیکٹ سے شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملنے کی امید ہے۔
 دہیسر  چیک ناکہ سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں بھائندر ، وسئی اور پال گھر کی طرف جاتی ہیں اور اسی سڑ ک سے گجرات ، دہلی اور مغربی و شمالی ہندوستان کی جانب گاڑیاں جاتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ مصروف اوقات میں یہاں ٹریفک جام کا سنگین مسئلہ رہتا ہے۔ نئی سڑک سے اس تنگ سڑک کے ذریعے گاڑیوں کو گزرنے میں آسانی ہوگی۔ منصوبے کے مطابق دہیسر مغرب سے یہ لنکنگ روڈ شروع ہوگا اور مینگروز  اور نمک کے کھیت کی زمین سے ہوتے ہوئے بھائندر جائے گا۔تقریباً ۴۵؍ میٹرچوڑی دونوں جانب کی سڑک اور ایلیویٹڈبریج تعمیر کیا جائے گا۔
 اس منصوبے میں تیزی ممبئی مضافات کے نگراں وزیرآدتیہ ٹھاکرے کی وجہ سے  آئی   جنہوں نے دہیسر چیک ناکہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو کم کرنے کیلئے حکام سے متعدد مرتبہ جائزہ میٹنگ لی تھی۔ امسال جنوری میں ٹویٹ کیا تھا کہ ’’دہیسرٹول ناکہ کو ٹریفک سے پاک کرنے کے علاوہ بی ایم سی موجودہ دہیسرلنک روڈ کو بھائندر تک ۶؍ کلومیٹر طویل مجوزہ روڈ کو ۴۵؍ میٹر چوڑا تعمیر کرے گی تاکہ میرابھائندر تک پہنچنے کے لئے دوسرا راستہ نکالا جاسکے اور اس سے ٹریفک میں آسانی ہوگی ‘‘ اس کا اعلان ۲،۳؍مہینے قبل کیا گیاتھا۔
 شہرمیں آنے والے ۵؍ راستوں میں سے ایک دہیسرچیک ناکہ ہفتے کے دنوں میں مزید جام ہوجاتا ہے کیونکہ متعدد گاڑی والے شہر کے قریب سیاحتی مقامات پر جاتے ہیں۔اسی طرح کسی بھی مصروف دن ہر گاڑی والے کو دہیسر ٹول ناکہ پار کرنے کیلئے کم از کم ۱۰؍ منٹ لگتے ہیں۔اس چیک ناکہ پر ٹول کلیکشن دسمبر ۲۰۲۶ء تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
 اس بارے میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر پی ویلاراسو نے کہا کہ ’’اس پروجیکٹ پر ۵ء۴؍ کلومیٹر لمبائی کیلئے ۲۴۰۰؍ کروڑ روپے خرچ آئے گا۔ سڑک کی تعمیر کیلئے ٹینڈر رواں ماہ  دیا جائے گا اور کام امساال اکتوبر میں شروع ہوگا۔‘‘


 بی ایم سی افسران کے مطابق وہ مینگروز (سمندرکنارے کی جھاڑیاں) اور نمک کے کھیت کی زمین  پرتعمیراتی کیلئے مختلف حکام سے اجازت لینے کی کارروائی کررہے ہیں۔ریاستی حکومت کی ٹاؤن پلاننگ اتھاریٹی نے ۱۱؍فروری ۲۰۲۲ء کو اس منصوبے کے تعلق سے عوامی سماعت کا انعقاد بھی کیا تھا۔ تاہم دہیسر کے مکینوں نے کہا کہ حکام کو اس بات کایقین دلانے کی ضرورت ہے کہ دہیسرچیک ناکہ کی ٹریفک کا اژدہام لنکنگ روڈ کی جانب نہ موڑا جائے کیونکہ یہ رہائشی علاقہ ہے۔
 نیولنکنگ روڈ ریسیڈنٹس اسوسی  ایشن کے ہریش پانڈے جن کی رہائشی عمارتوں کی زمین کوقبضہ میں لینے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا ، نے کہا کہ ’’لنکنگ روڈ کا پورا علاقہ رہائشی ہے اور اس سڑک کے ذریعے پورا ٹریفک لنکنگ روڈ پر آئے گا جس سے رہائشی علاقوں میں مزید ٹریفک جام ہوگا۔ حکام کو چاہئے کہ دہیسر چیک ناکہ پر ایلیویٹڈ (زمین سے اوپر) روڈ کا منصوبہ بنانے کے بجائے اگر وہ وہیں کے ٹریفک میں آسانی پیدا کرےتو بہتر ہے۔ اس پروجیکٹ کی تعمیر سے ماحولیات کو بھی کافی نقصان ہوگا۔‘‘
 بوریولی کے رہنے والے انکیت ارورہ کے مطابق ’’وہ لوگ جو بھائندر سے  جنوبی ممبئی  جانا چاہتے ہیں ، انہیں بذریعہ ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے  مزید آسانی ہوگی۔ تاہم یہ سڑک ٹریفک کو لنکنگ روڈ پر لے جائے گی جہاںگاڑیوں کودوبارہ ہائی وے جانا ہوگا جس سے اس علاقے کی تنگ سڑکوں پر پریشانی ہوگی۔‘‘
 میراروڈ نیانگر علاقے میں رہنے والے اسحاق شیخ نے کہا کہ ’’ اگر ٹرین کے بجائے بیسٹ کی بس سے ممبئی کی طرف جانا ہو تو مسافروں کو دہیسر چیک ناکہ پر ٹریفک جام میں پھنس جانے سے گھنٹوں انتظار کی کوفت برداشت کرنی پڑتی ہے۔ ویسے بھی بس سے ممبئی کی طرف سفر کرنا صبح وشام کے اوقات میں بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔ اگر لنکنگ روڈ بنتا ہے تو مسافروں کو راحت ملنے کی امید ہے لیکن آبادی جس طرح بڑھ رہی ہے ، اس سے یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ البتہ دہیسر تا بھائندر  میٹرو ریل شروع ہونے سے یقیناً آسانی ہوگی۔‘‘

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK