آئندہ ۴؍ برسوں میں ویسٹرن ریلوے میں وسیع اور تیز رفتارپٹریوں کا منصوبہ۔
EPAPER
Updated: December 05, 2023, 9:20 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
آئندہ ۴؍ برسوں میں ویسٹرن ریلوے میں وسیع اور تیز رفتارپٹریوں کا منصوبہ۔
لوکل ٹرینوں کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ویسٹرن ریلوے نے مضافات کے ویرار تک پانچویں اور چھٹی لائنیں بچھانے کا منصوبہ بنایا تھا جس پر اس ماہ کام شروع کردیا گیا ہے۔ریلوے افسران کے مطابق ویرار تک ۶؍ لائنیں بچھانے کا کام ۲۰۲۷ء تک اور دہانو تک ۴؍ لائنیں بچھانے کا کام ۲۰۲۵ء تک مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
اگرچہ ویرار سے دہانو کے درمیان ۴؍ لائنیں بچھانے کا کام تقریباً ۲۱؍ فیصد مکمل ہوچکا ہے لیکن بوریولی سے ویرار کے درمیان ۶؍ لائنیں بچھانے کا کام اسی ماہ یکم دسمبر سے شروع کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فی الحال ویرار اور دہانو کے درمیان اَپ اور ڈائون ٹرینوں کیلئے محض ۲؍ لائنیں ہیں، بوریولی سے ویرار کے درمیان ۴؍ اور گوریگائوں اور کھار کے درمیان ۶؍ لائنیں ہیں۔
ممبئی ریلوے وکاس کارپوریشن (ایم آر وی سی) کے ایک افسر کے مطابق ’مینگروز‘ جنگلات کی زمین پر ریلوے لائن بچھانے کی اجازت ملنے سے بوریولی سے ویرار کے درمیان پروجیکٹ کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ کیلئے ۲؍ ہزار ۱۸۴ء۲؍ کروڑ روپے اخراجات کی اجازت ملی ہے اور اس پروجیکٹ کو ۲۰۲۷ء کے دسمبر تک مکمل کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔
اس افسرنے یہ بھی بتایا کہ ان لائنوں کو بچھانے کیلئے بوریولی سے ویرار کے درمیان ۷؍ اسٹیشنوں پر متعدد عمارتوں، دفتروں اور گوداموںکو دیگر جگہ پر منتقل کرنے کی ضرورت پیش آئے گی۔ عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کی منتقلی کے تعلق سے ٹینڈر جاری کردیئے گئے ہیں البتہ فٹ اوور بریج اور پلیٹ فارم کے تعلق سے ٹینڈر نکالنے پر غور و خوض کیا جارہا ہے۔اس کام کیلئے درختوں کو کاٹنے کی تجویز میونسپل کارپوریشن کو اور زمین کے حصول کے منصوبے سے متعلق دستاویز ضلع تھانے اور پال گھر کے کلکٹروں کو سونپ دیئے گئے ہیں۔
اس افسر کے مطابق ۱۲ء۷۸؍ایکڑ جنگلات کو کاٹنے کی اجازت ۲؍ شرائط پر دی گئی ہے۔ اول تو یہ کہ محکمہ جنگلات اور ایم آر وی سی مل کر جنگل میں بسنے والے چرند پرند اور دیگرچیزوں کے تعلق سے انتظامات کا منصوبہ بنائیں گےاور دوسرے یہ کہ زمین کھسکنے سے بچانے کیلئے موجودہ خامیوں اور ان کو دور کرنے کے اقدامات کے تعلق سے تفصیلی نوٹ تیار کریں گے۔
ویرار سے دہانو کے درمیان ۲؍ لائنوں کو بڑھا کر ۴؍ لائنیں کرنے کیلئے ۳؍ہزار ۵۷۸؍ کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔اس پروجیکٹ کیلئے زمین حاصل کی جاچکی ہے اور ویرار، ویترنا، سفالے، کیلوے روڈ، دہانو روڈ اور اُمرولی اسٹیشنوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
اس کے علاوہ کئی اسٹیشنوں پر مرمت کے ساتھ نئےپلیٹ فارم کی تعمیر بھی کی جارہی ہے تاکہ ٹرینیں زیادہ رفتار سے گزر سکیں۔چار لائنیں ہوجانے سے طویل مسافتی ٹرینوں اور لوکل ٹرینوں کو علیٰحدہ گزرنے کیلئے بھی راستہ دستیاب ہوجائے گا۔ اس سے ٹرینوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جاسکے گا۔ واضح رہے کہ گوریگائوں سے بوریولی کے درمیان پانچویں اور چھٹی لائنیں بچھانے کا کام جاری ہے جسے جون ۲۰۲۴ء تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ بوریولی سے ویرار کے درمیان پانچویں اور چھٹی لائن بچھانے کا کام بھی جاری ہے جسے دسمبر ۲۰۲۷ء تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے اور ویرار سے دہانو کے درمیان تیسری اور چوتھی لائن بچھانے کا کام بھی جاری ہے جسے دسمبر ۲۰۲۵ء تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔