رائل اسلامک اسٹریٹجک سینٹر کی جاری کردہ ’’دنیا کی ۵۰۰؍بااثر مسلم شخصیات‘‘فہرست میں شاہ عبداللہ ثانی ،شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، آیت اللہ سید علی خامنہ ای ، شاہ سلمان بن عبدالعزیز، شیخ زاید اور رجب طیب اردگان کے نام ٹاپ ۱۰؍ میں شامل ۔سرفہرست۵۰؍ میں مولانا محمود مدنی، مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل، محمد الیاس قادری عطاری اورڈاکٹر محمد یونس کے نام موجود۔
آن لائن جاری کردہ تفصیلی رپورٹ کے سرورق کی تصویر۔ تصویر: آئی این این
اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے ’’دنیا کی ۵۰۰؍ بااثر مسلم شخصیات‘ کی اپنی سالانہ فہرست جاری کردی ہے۔ جس میں برصغیر سے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی، اسلامک اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک، مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل، محمد الیاس قادری عطاری، بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ اور ماہر معاشیات ڈاکٹر محمد یونس، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم عمران سمیت کئی اہم نام شامل ہیں۔
اس فہرست میں اردن کے شاہ عبداللہ ثانی ابن الحسین کو پہلے مقام پر رکھا گیا ہے۔ جبکہ دوسرے مقام پر یمن کے نامور عالم دین شیخ الحبیب عمر بن حافظ، تیسرے مقام پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، چوتھے مقام پر آیت اللہ سیدعلی خامنہ ای اور پانچویں مقام پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان عبدالعزیز ال سعود پانچویں مقام پر ہیں ۔ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ساتویں، ترکی کے صدر رجب طیب اردگان آٹھویں پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ ٹاپ ۵۰؍کی فہرست میں مولانا محمود مدنی (ہندوستان) ۱۴، مفتی تقی عثمانی (پاکستان)۶، مولانا طارق جمیل (پاکستان) ۳۲، شیخ محمد الیاس قادری عطاری(پاکستان)۴۵، ڈاکٹر محمد یونس(بنگلہ دیش)۵۰، حماس کے مقتول سربراہ یحییٰ سنوار۴۹؍ویں مقام پر ہیں۔
ٹاپ ۵۰۰؍ کی دیگر شخصیات کی بات کریں تو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف، پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر، سابق وزیر اعظم عمران خان، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم، مصری اسٹارفٹ بالر محمد صلاح، لندن کے میئر صادق خان، فلسطینی صدر محمودعباس، شیخ عبدالرحمٰن السدیس، خبیب نورمگدیف، سمیع یوسف، سادیو مانے کو۲۰۲۵ء کے۵۰۰؍ بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
۵۰۰؍ بااثر مسلمان شخصیت کی بقیہ۴۵۰؍ناموں کی فہرست میں ہرشعبہ ہائے حیات کے نام شامل ہیں۔ جن میں نواز شریف، راشدہ طلیب، الحان عمر، مولانا ارشد مدنی، مولانا سعد کاندھلوی، مولانا شاکر علی نوری، شیخ ابوبکر احمد، اسد الدین اویسی، مولانا قمرالزماں اعظمی، سیدنا مفضل سیف الدین، عظیم پریم جی، مولانا بدرالدین اجمل، بلقیس بانودادی(سی اے اے این آر سی احتجاج)، سائنسداں ڈاکٹر ہاشمہ حسن، شبانہ اعظمی، عامر خان، اللہ رکھا رحمٰن (اے آر رحمٰن)، عابدہ پروین وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر مقبول ٹاپ۱۰؍ مسلم شخصیات
اس فہرست میں انفلوینسر کھبے لیم، اداکار سلمان خان، شاہ رخ خان، فٹ بالر پال پوگبا، محمد صلاح ،مسعود اوزل، مصطفیٰ حسنی، ایکون، ڈی جے خالد، گیگی حدید کے نام شامل ہیں۔ خیال رہے کہ پہلی بار۲۰۰۹ء میں شائع ہونے والی’’ `دی مسلم۵۰۰: دنیا کے۵۰۰؍ بااثر ترین مسلمان‘‘ایک سالانہ اشاعت ہے جو دنیا کے بااثر ترین مسلمانوں کی درجہ بندی کرتی ہے۔ اسے عمان، اردن میں رائل اسلامک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر نے ترتیب دیا ہے۔ یہ اس بات کی تحقیق کرتی ہے کہ بعض مسلم شخصیات کا امت پر ثقافتی، نظریاتی، مالی، سیاسی یا دیگر کسی صورت میں تبدیلی لانے کے لیے کیا اثر و رسوخ ہے جس کا پوری دنیا کے مسلمانوں پر نمایاں اور خاص اثر ہو۔