Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ورلی : کوسٹل روڈ پروجیکٹ سے متاثرہ مکینوں کا زبردست احتجاج

Updated: March 03, 2025, 10:44 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

جھوپڑوں کے انہدام اوردیگر جگہ منتقلی کے حکم کو منسوخ نہ کئے جانے پر ناراضگی کا ا ظہار۔ عنقریب میونسپل الیکشن میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ۔

Residents of Markandeshwar Nagar protest against BMC. Picture: Inquilab
مارکنڈیشور نگر کے مکین بی ایم سی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

 یہاں کے اینی بیسنٹ روڈ پر واقع مارکنڈیشور نگر کے مکین کوسٹل روڈ پروجیکٹ کی زد میں آنے کے سبب بے گھر کئے جانے سے اب بھی خوفزدہ ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میونسپل کمشنر کی یقین دہانی کے باوجوداب تک ان کی بستی کو منہدم نہ کئے جانے اور کہیں اوربازآبادکاری سے متعلق جاری کردہ فرمان منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اتوار کو ایک بار پھر مکینوں نے بڑی تعداد میں جمع ہو کر احتجاج کیا اور عنقریب ہونے والے میونسپل الیکشن میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اس تعلق سے مہم چلانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ 
 مارکنڈیشورنگر میں تقریباً ۷۰؍سال سے رہنے والے افراد نے اتوار کو ایک مرتبہ پھر احتجاج کیا اور اپنی لڑائی اس وقت تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک کوسٹل روڈ کی تعمیر کیلئے ان کی بستی کا استعمال کرنے کا فرمان ختم نہیں کردیاجاتا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینے بی ایم سی نے کوسٹل روڈ کی تعمیر کے نام پر ہماری بستی کو اجاڑنے کا منصوبہ بناتے ہوئے نوٹس جاری کیا تھا۔ اس پر ہم نے احتجاج کرتے ہوئے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی سے ملاقات کی تھی جس کے دوران انہوں نے ہمیں یقین دلایا تھا کہ ہماری بستی کو کچھ نہیں ہوگا اور یہ کہ کوسٹل روڈ کیلئے ہماری بستی کے قریب کے نالا کا استعمال کیا جائے گا۔ مکینوں نے مزید کہا کہ میونسپل کمشنر کی یقین دہانی کے باوجود کوسٹل روڈ کی تعمیر کے سلسلہ میں اب تک ہماری بستی کی جگہ لینے اور اس ضمن ایل آر کی شکل میں جاری کردہ فرمان کو ختم نہیں کیا گیا ہے۔ 
 مظاہرین جن میں ونئے کامبے، عبدل فقیر اور گجانند پاٹل وغیرہ شامل تھے، کے بقول جب تک مذکورہ فرمان منسوخ نہیں کیا جاتا، ہماری لڑائی جاری رہے گی - مکینوں نے بی ایم سی کو اس بات سے بھی متنبہ کیا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو نہ صرف ہماری بستی بلکہ وہ آس پاس کی تمام بستیوں میں بی ایم سی کے خلاف مہم چلائیں گے اور آنے والے میونسپل الیکشن میں ووٹ نہیں دیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK