Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیا ’پھلے‘ میں یہ بتایا گیا ہوگا کہ جیوتی با نے حضرت محمدؐ کا قصیدہ لکھا تھا؟

Updated: April 13, 2025, 10:08 AM IST | Mumbai

’ کیا جیوتی با پھلے کی زندگی پر بنائی گئی فلم میں یہ دکھایا گیا ہوگا کہ جیوتی با نے حضرت محمد ؐ کیلئے پوہڑا (قصیدہ) لکھا تھا؟ ‘‘ یہ اہم سوال اٹھایا ہے

Actor Karan Maane who hurt the saffron community
زعفرانی طبقے پر چوٹ کرنے والے اداکار کرن مانے

’ کیا جیوتی با پھلے کی زندگی پر بنائی گئی فلم میں یہ دکھایا گیا ہوگا کہ جیوتی با نے حضرت محمد ؐ کیلئے پوہڑا (قصیدہ) لکھا تھا؟ ‘‘ یہ اہم سوال اٹھایا ہے مشہور مراٹھی اداکار کرن مانے نے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حال کے دنوں میں ریلیز ہونے والی دیگر فلموں کی طرح کہیں جیوتی با پھلے کی زندگی پر بننے والی فلم بھی  پروپیگنڈہ کا ذریعہ نہ بن جائے کیونکہ ان دنوں ملک میں ایسی طاقتیں کام کر رہی ہیں جو عظیم شخصیات کی قصیدہ خوانی تو کرتی ہیں لیکن اس کی آڑ میں نفرت پھیلانے کام کرتی ہیں۔انہوں نے اس تعلق سے  ’چھاوا‘ فلم کی مثال بھی دی۔
یاد رہے کہ ۱۱؍ اپریل کو جیوتی با پھلے کی حیات پر بنائی گئی فلم ریلیز ہونے والی تھی مگر بعض وجوہات کی بنا پر اسکی ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے ۔ اب یہ فلم ۲۵؍ اپریل کو ریلیز ہوگی۔ فلم کے کچھ مناظر پر برہمن سماج نے اعتراض ظاہر کیا تھا۔ جیوتی با پھلے مہاراشٹر میں چھوت چھات کے خلاف آواز اٹھانے والی نمایاں شخصیات  میں شمار کئے جاتے ہیں۔  وہ حضرت محمد ؐ کی تعلیمات سے بے حد متاثر تھے۔ اس کے علاوہ چھترپتی شیواجی کی حکمرانی نے بھی انہیں کافی متاثر کیا تھا۔ جیوتی با پھلے نے حضرت محمدؐ کی شان میں پوہڑا ( مراٹھی میں قصیدے کی صنف) لکھا تھا۔ اسی طرح انہوں نے چھترپتی شیواجی کیلئے بھی پوہڑا لکھا تھا۔ بدلتے وقت کے ساتھ زعفرانی طبقے نے جیوتی با پھلے کی چھترپتی شیواجی کے ساتھ عقیدت کی خوب تشہیر کی لیکن حضرت محمدؐ سے ان کی عقیدت کو تاریخ کے پردے میں رہنے دیا۔  کرن مانے نے غالباً اسی جانب اشارہ کیا ہے۔  
 اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے’’ دوستوں مجھے معلوم نہیں مگر اندیشہ ہے کہ جیوتی با پھلے کی زندگی پر بننے والی فلم ُپھلے‘ منووادیوں (چھوت چھات پر یقین رکھنے والے) کی کارستانی ہو سکتی ہے۔ اس سے قبل چھترپتی شیواجی کی زندگی پر فلم بنا کر مسلمانوں کے تعلق سے نفرت پھیلانے کی کوشش کی گئی تھی۔ یہ دراصل لوگوں کو چھترپتی شیواجی کے اصل نظریے سے دور کرنے کی ایک سازش ہے۔ ‘‘ انہوں نےکہا’’ عظیم شخصیات کے تعلق سے ۴؍ سچی باتیں بتا کر ان کے گن گانا اور عوام کو اعتماد میں لے کر ان عظیم شخصیات کی آڑ  میں سیکڑوں غلط باتیں پھیلانا اس جماعت کا پرانا حربہ ہے۔ ‘‘ اسی پس منظر میں کرن مانے نے سوال کیا ہے کہ ’’جیوتی با پھلے نے بہوجن سماج پر ظلم کرنے والے منو وادیوں کو جس طرح کھلے طور پر چیلنج کیا تھا اسے اس فلم میں اسی شدت کے ساتھ دکھایا گیا ہوگا؟ کیا فلم میں یہ دکھایا گیا ہوگا کہ جیوتی با پھلے نے سب سے پہلے چھترپتی شیواجی کی سمادھی ڈھونڈ نکالی تھی۔ پھر ہر سال شیو جینتی منانے کی روایت ڈالی تھی؟ ‘‘ سب سے اہم سوال جو کرن مانے نے پوچھا ہے  وہ یہ کہ ’ بہوجن سماج اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے والے منووادیوں نے فلم میں یہ دکھایا ہوگا کہ جیوتی با پھلے نے پیغمبر محمد ؐ کی شان میں پوہڑا (قصیدہ) لکھا تھا؟ ‘‘ 
  اداکار نے کہا کہ اگر میرے خدشات غلط ثابت ہوئے تو مجھے خوشی ہو گی لیکن ’چھاوا ‘ فلم کی ریلیز کے بعد جس طرح سے نفرت پھیلائی گئی اور جگہ جگہ فساد برپا کرنے کی کوشش کی گئی ، یہ ہمارے سامنے ہے۔ اس لئے ہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK