• Tue, 25 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی اور تھانے کےلئے بدھ تک گرمی کا یلو الرٹ جاری

Updated: February 25, 2025, 11:23 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ماہرین کے مطابق مارچ شروع ہونے پر درجۂ حرارت میں کمی آنے کا امکان ہے۔

Women can be seen trying to avoid the heat of the sun. Photo: Ashish Raje
سورج کی تپش سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے خواتین کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر:آشیش راجے

محکمہ موسمیات نے ممبئی اور تھانے میں بدھ تک کیلئے گرمی کا ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان دونوں شہروں میں درجۂ حرارت میں جو شدت آئی ہے وہ کم از کم بدھ تک جاری رہے گی۔
 پیر کو مضافات کے سانتا کروز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۸ء۴؍ ڈگری سیلسیئس تھا جبکہ یہاں اتوار کا درجہ حرارت ۳۷ء۲؍ ڈگری تھا، قلابہ میں پیر کو ۳۶ء۸؍ ڈگری جبکہ اتوار کو ۳۵؍ ڈگری تھا جبکہ تھانے کا درجہ حرارت پیر کو ۳۷ء۴؍ ڈگری اور اتوار کو ۳۷؍ ڈگری سیلسیئس تھا۔ سانتا کروز میں سنیچر کو بھی ۳۷؍ ڈگری سیلسیئس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا جو معمول سے ۵؍ ڈگری سے بھی زیادہ ہے۔ بدھ تک اس میں مزید ایک سے ۲؍ ڈگری کے اضافہ کا امکان ہے۔
 اگرچہ خبر لکھے جانے تک محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا تھا لیکن گرمی کی لہر کے تعلق سے کوئی الرٹ جاری نہیں کیا تھا۔ حالانکہ سانتا کروز کی مشاہدہ گاہ میں جو درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے وہ گرمی کی لہر کی شرائط پر پورا اترتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر لگاتار ۳؍ روز تک درجہ حرارت ۳۷؍ ڈگری سیلسیئس سے زیادہ ہو تو گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا جاسکتا ہے اور سانتا کروز میں لگاتار ۳؍ دنوں سے درجہ حرارت ۳۷؍ ڈگری سیلسیئس سے زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
 اس دوران زراعت اور فصل کے سائنسداں اور انفرادی طورپر موسم کا حال بتانے والے ماہر اتھریا شیٹی کے مطابق فروری کے اخیر کے حصہ میں خشک گرمی پڑتی ہے اور عام طور پر یہ تھوڑے دنوں تک رہتی ہے۔ ان کے مطابق اگرچہ اس طرح کی گرمی کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے لیکن اس طرح کی گرمی کے وقفہ کے درمیان کمی آرہی ہے اور اس کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ اتھریا کے مطابق بحر عرب میں طوفان مخالف موسم بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے سمندر کی ٹھنڈی ہوا کے شہری علاقوں میں داخل ہونے میں تاخیر ہورہی ہے۔
 انہوں نے مزید کہا ہے کہ فروری کے اخیر میں مغربی سمت کی ہوائوں سے طوفان مخالف موسم اثر انداز ہوگا اور سمندر کی طرف سے ہوائیں شہر میں پہنچ سکیں گی جس سے گرمی میں کمی آنے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK