قدرتی نظاروں اورپر سکون ماحول والی پہاڑیاں، خوبصورت جھیلیں،باغات، پارک اور دیگر دلکش مقامات ہیں جہاں آپ سکون کے لمحات پاسکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 02, 2025, 10:32 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
قدرتی نظاروں اورپر سکون ماحول والی پہاڑیاں، خوبصورت جھیلیں،باغات، پارک اور دیگر دلکش مقامات ہیں جہاں آپ سکون کے لمحات پاسکتے ہیں۔
ییرکاڈ،جوہندوستان کی ریاست تمل ناڈو میں واقع ہے، ایک خوبصورت پہاڑی مقام ہے جو اپنی سرسبز وادیاں، ٹھنڈی آب و ہوا، اور قدرتی نظاروں کی وجہ سے مشہورہے۔ یہ جگہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو ہل اسٹیشن کے پُرسکون ماحول میں کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔
یہاں کا موسم سال بھرزیادہ ترخوشگوار رہتا ہے، جو اسے چھٹیاںگزارنے کے لیے ایک آئیڈیل مقام بناتا ہے۔یہاں جانے کیلئے اکتوبر سے جون کا وقت سب سے موزوں سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر اگر آپ مانسون کے بعدآبشاروں اور ہریالی کے حسن سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔
ییرکاڈ جھیل
یہ ییرکاڈ کا سب سے مشہور مقام ہے۔ اسے ایمرالڈ لیک بھی کہا جاتاہے۔ جھیل کے ارد گرد سرسبز پہاڑ اور درختوں کی خوبصورت قطاریں اسے مزید دلکش بناتی ہیں۔یہاں کشتی رانی کا بھی انتظام ہے، جو سیاحوں کے لیے ایک خاص تفریحی سرگرمی ہے۔صبح اور شام کے وقت جھیل کے کنارے چہل قدمی کرنا بہت خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔
لیڈی سیٹ پوائنٹ
یہ ایک قدرتی چٹان ہےجہاں سے آپ ییرکاڈ کی وادیوں اور میدانی علاقوں کے شاندار نظارے دیکھ سکتے ہیں۔خاص طور پر غروبِ آفتاب کے وقت یہاں کا منظر بےحد دلکش ہوتا ہے۔ یہاں سےسلیم شہر کی روشنیوں کا نظارہ رات کے وقت بہت خوبصورت لگتا ہے،اسے دیکھنے بڑی تعداد میں لوگ پہنچتے ہیں۔
بئیرز کیو
یہ ایک پراسرار اور تاریخی غار ہے، جو ییرکاڈ کے جنگلات میں واقع ہے۔کہا جاتا ہے کہ یہ غار ٹیپو سلطان کے خفیہ راستے کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔ایڈونچر پسند کرنے والے لوگوں کے لیے یہ جگہ خاصی دلچسپ ثابت ہو سکتی ہے۔
کیلیر ویو پوائنٹ
یہ ییرکاڈ کی ایک مشہور آبشار ہے جو تقریباً ۳۰۰؍فٹ کی بلندی سے گرتی ہے۔مانسون کے موسم میں یہاں کا نظارہ بےحد خوبصورت ہوتاہے۔ یہاں تک پہنچنے کے لیے تقریباً۲؍کلومیٹر کا پیدل سفر کرنا پڑتا ہے،جو فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک بہترین تجربہ ہے۔
پیگن پارک
یہ ایک قدرتی ویو پوائنٹ ہے جو چار چٹانی ستونوں(پگوڑا)پر مشتمل ہے، اسی لیے اسے پیگن پوائنٹ کہا جاتا ہے۔یہاں سے آپ سلیم شہر کے شاندار نظارے دیکھ سکتے ہیں۔صبح اور شام کے وقت یہاں کا موسم بہت خوشگوار ہوتا ہےیہی وجہ ہے کہ صبح اور شام کے وقت بڑی تعداد میں سیاح یہاں پہنچتے ہیں۔
سلور اوکس اسٹیٹ
یہ ییرکاڈکا ایک مشہور کافی اور مسالہ فارم ہے۔یہاں آپ کافی، الائچی، دارچینی، اور کالی مرچ کے باغات دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پرسکون اور قدرتی ماحول میں چہل قدمی کرنے کیلئے بھی یہ ایک بہترین مقام ہے۔
جھیل کے کنارے باغات
یہ ایک خوبصورت باغ ہے جو ییرکاڈ جھیل کے قریب واقع ہے۔ یہاں مختلف اقسام کے پھول اور درخت دیکھنے کو ملتے ہیں۔ بچوں کے لیے یہ ایک بہترین تفریحی مقام ہے۔پارک کے اندر جاپانی باغ بھی موجود ہے، جہاں آپ کو روایتی جاپانی طرز کی آرائش اور نباتات دیکھنےکوملتےہیں۔یہاں جاپانی بونسائی درختوں کی نمائش بھی کی جاتی ہے۔یہ باغ فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے ایک بہترین مقام ہے۔ یہاں بچوں کے لیے ایک علیحدہ تفریحی علاقہ بھی موجود ہے، جہاں جھولے اور دیگر سرگرمیاں دستیاب ہیں۔
گولڈن فاؤنٹین
یہ ایک مصنوعی فوارہ ہےجو خاص طور پر رات کے وقت رنگ برنگی روشنیوں کے ساتھ بہت خوبصورت لگتا ہے۔
ییرکاڈ بوٹینیکل گارڈن
یہ باغ مختلف اقسام کے نایاب پودوں اور درختوں کے لیے مشہورہے۔یہاں آرکڈزاور دیگر جنگلی پودے دیکھے جا سکتے ہیں۔ نباتات میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کے لیے یہ جگہ خاصی معلوماتی اور دلکش ہے۔