• Thu, 06 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یتی نرسمہا نند کا کمبھ بھگدڑ میں ایک ہزار سے زائد افرادکے مارے جانے کا دعویٰ

Updated: February 06, 2025, 11:08 AM IST | Inquilab News Network | Lucknow

حادثہ کو انتظامیہ کا جرم قرار دیا،کارروائی کا مطالبہ کیا، وزیراعلیٰ پر بھی تنقید۔

There was a stampede in Kumbh on January 29. Photo: INN
کمبھ میں۲۹؍ جنوری کو بھگدڑ مچی تھی۔ تصویر: آئی این این

کمبھ میلہ میں ہوئی بھگدڑکے بعد اموات کی تعدادپر مسلسل سوالات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ تازہ معاملے میں یتی نرسمہا نند سرسوتی نےبھی سرکاری اعدادوشمارکوگمراہ کن قرار دیتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ پر سخت تنقیدکی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کوئی حادثہ نہیں ہے بلکہ یوگی حکومت کے نظام کے ذریعے بے گناہوں کا قتل ہے اور بدنظمی کے ذمہ داران کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ 
 غازی آبادکے ڈاسنہ شیو شکتی دھام کے سربراہ اور جونا اکھاڑہ کے مہامنڈلیشور یتی نرسمہا نند گری کوسخت گیرہندومذہبی لیڈرمانا جاتا ہے۔ انہوں نے صاف کہا ہے کہ انہیں کمبھ میلہ میں پہنچ کربہت مایوسی ہوئی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پرجھوٹ بولنے اور مرنے والوں کے خاندانوں کوگمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یوگی کی ہدایت پرہی صحیح اعداد و شمار سامنے نہیں آنے دیئےجا رہے ہیں جبکہ بھگدڑ میں ہزاروں اموات ہوچکی ہیں اور عوام سے اس حقیقت کو مسلسل چھپا یاجارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ صرف افسران کی باتوں پر یقین کررہے ہیں اور اصل حقائق سے ناواقف ہیں۔ 
  یتی نرسمہا نند نےوزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کواس سلسلہ میں  ایک خط بھی لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ مونی اماوسیا پر ہندوؤں کے تئیں آپ کے بے شرم، بدعنوان اور بے حس افسران کے غیر انسانی رویے نے مجھے یہ خط لکھنے پر مجبور کیا۔ میرے لئےیہ دیکھنا بہت تکلیف دہ اور پریشان کن ہے کہ یہ گھٹیا اور خود غرض افسران لوگوں کو کیسے بے وقوف بنا سکتے ہیں۔ بدعنوان اور خود غرض پولیس اور انتظامی اہلکاروں پر آپ کا اعتماد ہندوؤں کی امیدوں کو چکنا چور کر رہا ہے۔ یہ افسران ہندو برادری کو ہر ممکن طریقے سے ہراساں کر رہے ہیں تاکہ آپ کو ہندوؤں کی نظروں میں ویلن بنایا جا سکے۔ 
 انہوں نے یہ بھی لکھا کہ یہ بھیانک قتل عام (مونی اماوسیا واقعہ) میری بنیادی تشویش نہیں ہے۔ میری اصل پریشانی وہ عظیم تباہی ہے جو تیزی سے ہندو سماج کے قریب آرہی ہے۔ اس عظیم تباہی سے بچنے کے لیے ہندوؤں نے نریندر مودی کو ہندوستان کا وزیر اعظم اور آپ کو اتر پردیش کا وزیر اعلیٰ بنایا۔ اس عظیم تباہی کے خوف سے آج ہندوستان کے زیادہ تر ہندو آپ کو ہندوستان کا وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK