• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اقوام متحدہ کے صدر دفترمیں یوگا ڈے منایا گیا ، وزیر اعظم نے شرکت کی

Updated: June 22, 2023, 12:15 PM IST | New York

نریندرمودی نے یوگا ڈے، ’باجرہ سال۲۰۲۳ء ‘اور اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں بہادر امن فوجیوں کی یادگار کے قیام جیسی ہندوستان کی تجویز کی حمایت پرعالمی برادری کا شکریہ اداکیا پروگرام کے مقام پر پہنچنے کے بعد وزیراعظم نے وہاں مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھول چڑھائے، اس ا ہم پروگرام میں و زیرا عظم کے ساتھ ساتھ اہم عالمی شخصیات نے بھی شرکت کی

Prime Minister paying homage to Gandhiji at the United Nations headquarters. (PTI)
وزیر اعظم اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں گاندھی جی کو خراج عقید ت پیش کرتےہوئے ۔ (پی ٹی آئی)

:  بدھ کو یہاں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں یوگا کے۹؍ویں عالمی دن کے موقع  پر منعقدہ یوگا پروگرام میں وزیر اعظم  نریند رمودی   نےعالمی برادری کی ممتاز شخصیات کے ساتھ حصہ لیا۔واضح رہے کہ  مودی امریکہ اور مصر کے اپنے ۵؍ روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں منگل کی رات نیویارک پہنچے تھے، یہاں سے وہ واشنگٹن جائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو  بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر منعقدہ یوگا مشق پروگرام میں اپنے افتتاحی خطاب میں یوگا ڈے منانے کے لئے پوری دنیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یوگا ہندوستان کی ایک بہت قدیم روایت ہے اور ہندوستان کی تمام قدیم روایات کی طرح یہ روایت نہ صرف زندہ ہے بلکہ متحرک بھی ہے۔ مودی نے کہا،’’یوگا کاپی رائٹس، پیٹنٹ اور رائلٹی کی ادائیگی سے آزاد ہے۔ یوگا کو ہر عمر، ہر جنس اور ہر جسمانی حالت میں کیا جاسکتا  ہے۔ آپ اسے گھر، کام پر اور سفر کے دوران کہیں بھی مشق کر سکتے ہیں۔‘‘وزیر اعظم کاکہنا تھا ’’مجھے بتایا گیا ہے کہ  دنیا کی ہر  قومیت کے لوگ یہاں موجود ہیں۔ یوگا زندگی کا ایک مکمل طریقہ ہے۔ یہ صحت اور خوشی کا ایک مکمل راستہ ہے۔ اس سے کام اور سوچ پر توجہ مرکوز رہتی ہے۔ یوگا اپنے آپ، دوسروں کے ساتھ اور فطرت کے ساتھ   رہنے کا فن ہے۔‘‘
 اس موقع پر مودی نے یوگا ڈے، باجرہ (جوار) سال۲۰۲۳ء اور اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں بہادر امن فوجیوں کی یادگار کے قیام جیسی ہندوستان کی تجویز کی حمایت کیلئے عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا،’’مجھے ۹؍ سال پہلے کا دن یہاں اقوام متحدہ میں یاد ہے، جب مجھے۲۱؍ جون کو یوگا کے عالمی دن کی تجویز پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا اور یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ پوری دنیا اس وقت حمایت کیلئے  جمع۔ پچھلے سال پوری دنیا نے۲۰۲۳ء کو جوار کے بین الاقوامی سال کے طور پر منانے کی ہندوستان کی تجویز کی حمایت کی جو ایک سپر فوڈ ہے جوار مجموعی طور پر صحت کو بڑھانے والا اناج ہے اور ماحول کے لئے بھی اچھا ہے۔‘‘
  مودی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے بہادر شہداء کی یاد منانے کیلئے ہندوستان کی تجویز کی حمایت کرنے کیلئےعالمی برادری کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امن فوج میں ہندوستان کا تعاون سب سے بڑا ہے۔
  انہوں نے کہا ،’’ یوگا  کا  مطلب اتحاد ہے۔ ہم اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں یوگا ڈے پروگرام میں شامل ہو کر بہت خوش ہیں۔ آئیے یوگا کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنی خوشیوں میں اضافہ کریں۔‘‘
 اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے احاطے میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے شرکت کی جن میں امریکہ میں یوگا اور روحانیت کے فروغ میں مصروف کئی مشہور  افراد شامل ہیں۔اس سے پہلے پروگرام کے مقام پر پہنچنے کے بعد  مودی نے وہاں مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھول چڑھائے۔ مودی نے یوگا مشق کیلئے جمع ہونے والوں کے ساتھ یوگ بھی کیا۔ کمبوج نے یوگا مشق پر بین الاقوامی مہم شروع کرنے کیلئے وزیر اعظم مودی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
 اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے۷۷؍ویں اجلاس کی صدر صبا کوروسی، نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز، اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ جے محمد بھی وزیر اعظم مودی کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھیں۔  اس تقریب میں متعدد سفارت کاروں، اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں کام کرنے والے عہدیداروں، امریکہ میں ہندوستانی مشنوں میں مامور عہدیداروں اور ہندوستانی برادری کے معززین نے شرکت کی۔
  پروگرام سے اقوام متحدہ میں ہندوستان کی مستقل نمائندہ روچیرا کمبوج نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس کا ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK