• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’پوری دنیا میں یوگا، مقبول ہورہاہے، اسکے متعلق سوچ بدلی ہے‘‘

Updated: June 22, 2024, 9:21 AM IST | Agency | New Delhi

وزیراعظم مودی کا ’انٹرنیشنل یوگاڈے‘ پر اظہار خیال، سری نگر میں بین الاقوامی یوگا دن پر منعقدہ پروگرام کی قیادت کی، ملک بھر میںحکومتی سطح پر تقاریب کا انعقاد۔

Prime Minister Modi doing yoga with other participants in the conference hall. Photo: INN
کانفرنس ہال میں وزیراعظم مودی دیگر شرکاء کے ساتھ یوگا کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

 جمعہ کو دسواں بین الاقوامی یوگا ڈے  پورے ملک میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا  اور ثقافتی-مذہبی حدود سے بالاتر ہو کر لوگوں نے یوگا کی مشق کرنے اور صحت مند ہونے کے بنیادی منتر کو اپنانے  اور بیماری سے پاک زندگی  کا عہد کیا ۔دہلی میں صبح کئی مقامات پر یوگا مشقوں کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں لوگوں نے پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔آیوش کی مرکزی وزارت نے نئی دہلی میونسپل کونسل، دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ساتھ یوگا پریکٹس کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ نائب صدر  جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے صبح یوگا کی مشق کی اور لوگوں کیلئے نیک خواہشات کا یوگا پیغام دیا۔ مرکزی وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت، زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان، صحت  و  خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا اور دیگر لیڈران نے مختلف مقامات پر یوگا پروگراموں کی قیادت کی۔
وزیراعظم کی قیادت میں کشمیر میں یوگاڈے منایا گیا
 وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں  خصوصی طور پر ایک  یوگا کیمپ کی قیادت کی اور یوگا دن  پر ملک اور دنیا کے لوگوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس ہال میں منعقدہ پروگرام میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔   اس موقع پر   مودی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بین الاقوامی یوگا  ڈے  منانے کے فیصلے کے بعد گزشتہ ایک دہائی میں دنیا میں یوگا تیزی سے پھیل رہا ہے اور یوگا سے متعلق تاثرات بدل گئے ہیں۔ آج دنیا کے بڑے بڑے اداروں اور یونیورسٹیوں میں یوگا پر مطالعہ ہو رہا ہے اور تحقیقی مقالے شائع ہو رہے ہیں۔ لوگ  اب محدود دائرہ کار سے باہر آ رہے ہیں۔ آج دنیا ایک نئی یوگا معیشت کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھ رہی ہے۔ رشی کیش، کاشی سے لے کر کیرالہ تک، ہندوستان میں یوگا ٹورازم کا ایک نیا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ دنیا بھر سے سیاح ہندوستان آرہے ہیں کیونکہ وہ یہاں مستند یوگا سیکھنا چاہتے ہیں۔  مودی نے کہا  ’’بین الاقوامی یوم یوگا پر  ہم  کشمیر اور سری نگر کے ماحول میں  اس توانائی اور طاقت کو محسوس کر رہے ہیں جو ہمیں یوگا سے ملتی ہے۔ میں کشمیر کی سرزمین سے یوگا ڈے پر ملک کے تمام لوگوں اور دنیا کے کونے کونے میں یوگا کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
 وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں یوگا کرنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ساتھ ہی ساتھ  اس کی کشش میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یوگا کی افادیت کو لوگ بھی تسلیم کر رہے ہیں اور کہا کہ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا لیڈر ہو جس نے اپنی بات چیت کے دوران یوگا پر بات نہ کی ہو۔ انہوں نے کہا’’تمام عالمی لیڈر میرے ساتھ بات چیت کے دوران یوگا میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہیں‘‘  انہوں نے زور دے کر کہا کہ یوگا دنیا کے ہر کونے میں روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ دنیا بھر میں یوگا کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے ۲۰۱۵ء میں اپنے ترکمانستان کے دورے کے دوران یوگا سینٹر کے افتتاح کو یاد کیا اور بتایا کہ  یوگا آج ملک میں بے حد مقبول ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ترکمانستان کی میڈیکل یونیورسٹیوں نے یوگا تھیراپی کو شامل کیا ہے، سعودی عرب نے اسے اپنے تعلیمی نظام کا حصہ بنایا ہے اور منگول یوگا فاؤنڈیشن کئی یوگا اسکول چلا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اب تک ڈیڑھ کروڑ جرمن شہری یوگا پریکٹیشنرز بن چکے ہیں۔  قابل ذکر ہے کہ  وزیراعظم  مودی نے ۲۰۱۴ء  میں اقوام متحدہ میں بین الاقوامی یوگا  ڈے کی تجویز پیش کی تھی جس کی۱۷۷؍ ممالک نے  تائید کی تھی۔
دیگر سرگرمیاں
 اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور گورنر آنندی بین پٹیل نے جمعہ کو راج بھون کے صحن، لکھنؤ میں منعقدہ بڑے پیمانے پر یوگا مشق میں حصہ لیا اور یوگا کی مشق کی۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نےبھوپال میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر منعقدہ `ریاستی سطح کے یوگا پریکٹس پروگرام میں یوگا کی مشق کی۔چھتیس گڑھ  میں ریاستی سطح کے یوگا پریکٹس پروگرام میں وزیر اعلی وشنو دیو سائی کے ساتھ ہزاروں لوگوں نے یوگا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK