• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کانپور فسادات کا مقدمہ واپس لینے کی یوگی سرکار کی تیاری، ۳۲؍ ملزمین جیل بھیجے گئے تھے

Updated: October 11, 2024, 2:07 PM IST | Agency | Lucknow

یہ ۲۰۱۵ء میں سماجوادی کے دورحکومت کا معاملہ ہے اور بی جےپی کا الزام ہےکہ اس وقت سماجوادی ایم ایل اے نے ۳۲؍ بے قصوروں کو جیل بھجوایا تھا۔

Yogi Adityanath. Photo: INN
یوگی آدتیہ ناتھ۔ تصویر : آئی این این

 اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر اکثریہ الزام لگایا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے اوراپنی پارٹی کے کئی لیڈروں کے خلاف مقدموں کو ختم کردیا ہے۔ اسی سلسلے میں اب ایک اورمعاملہ موضوع بحث بن سکتا ہے اور ریاست کی سیاست گرماسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق یوگی حکومت، سماجوادی پارٹی کے دورحکومت میں ہوئےکانپور کے ۲۰۱۵ء کے فسادات سے متعلق کیس واپس لے گی۔ اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ کانپور سٹی کو ایک مکتوب بھیجا گیا ہے۔ ۲۴؍اکتوبر۲۰۱۵ء کو کانپورکے فضل گنج پولیس اسٹیشن میں درشن پوروا چوکی کے انچارج نے ۵۰؍ سے زیادہ شرپسندوں کے خلاف فساد، غیر قانونی سرگرمیوں اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ الزامات کے مطابق سیسہ مئو اسمبلی حلقہ میں درشن پوروا کے پاس ایک بینر لگا ہوا تھا۔ اس بینر میں ۲۵؍ اکتوبر کو ہونے والی ایک مذہبی تقریب کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا گیا تھا۔ بینر پر دُرگا کی تصویر چھپی تھی۔ ۲۳؍اکتوبرکو محرم جلوس کے دوران بینر ٹوٹ کر گر گیا۔ الزام لگایا گیا کہ جلوس میں شریک کچھ لوگوں نے جان بوجھ کر بینر اُتارا تھا اور تصویر کی توہین کی تھی جس کے بعد ہنگامہ شروع ہو گیا تھا۔ طویل بحث کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان معاہدہ طے پایا اور یہ بھی طے پایا تھا کہ جہاں جھگڑا ہوا وہاں سے جلوس نہیں نکالا جائے گا۔ پھر بھی اس واقعہ کے بعد شرپسندعناصر نے مقامی لوگوں کو اکسایا اورقابل اعتراض نعرے لگائے گئے جس کے بعد علاقے میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ 
 اب یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت ہونے کی وجہ سے فضل گنج تھانے میں ہندوؤں کے خلاف فسادبھڑکانے کے الزام کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور اُس وقت کے سماجوادی ایم ایل اے عرفان سولنکی نے ۳۲؍ بے قصوروں کو جیل بھیجوا دیا تھا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس کے شواہد اور استغاثہ کی رپورٹ کی بنیاد پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ مقدمہ واپس لیا جائے گا اور اس سلسلے میں ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ یوگی حکومت کی جانب سے اسپیشل سیکریٹری مکیش کمار سنگھ نے ضلع مجسٹریٹ کانپورکو ایک مکتوب جاری کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK