• Sun, 02 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ذکیہ جعفری ہندوستان کی بہادر خواتین میں سے ایک تھیں‘‘

Updated: February 02, 2025, 10:31 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

۲؍ دہائی تک قانونی لڑائی لڑنے والی احسان جعفری کی بیوہ کو ملک کی انصاف پسند شخصیات نے خراج عقید ت پیش کیا، ’جدوجہد کا قائد‘ قرار دیا۔

Zakia Jafri returned to her owner. Photo: INN
ذکیہ جعفری اپنے مالک کے پاس لوٹ گئیں۔ تصویر: آئی این این

گجرات فسادات بالخصوص گلبرگ سوسائٹی میں امن کے دشمنوں کے ذریعے کی گئی شرانگیزی کے معاملے میں انصاف کیلئے تا عمر کوشاں رہیں ذکیہ جعفری دارِ فانی سے رخصت ہوگئیں۔ انہوں نےگجرات فسادات میں اپنے رکن پارلیمان شوہر احسان جعفری کے قتل اور دیگر مقدمات میں حصولِ انصاف کیلئے جس ہمت، جذبے اور حوصلےکےساتھ اخیر عمر تک کوشش کی، وہ آب ِ زر سے لکھنے کےقابل ہے۔ ان کے انتقال کو معروف سماجی خدمت گار اوران کے ساتھ مقدمات کی پیروی کرنےوالی ٹیسٹا سیتلواد نےعظیم خسارہ قرار دیا ہے
 ٹیسٹا سیتلواد نے نمائندۂ انقلاب سے بات کرتے ہوئےکہاکہ ’’ ذکیہ جعفری ہمارے انقلابی جدوجہد کی رہنما اورقائد تھیں۔ وہ مقدمات کی پیروی میں انتہائی مضبوطی سے جمی رہتی تھیں۔ اپنے شوہر احسان جعفری کےساتھ ہونے والے انتہائی دردناک سانحے کے باوجودانہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ ‘‘ ٹیسٹا نے کہاکہ ’’ان کے ساتھ ہم سپریم کورٹ جایا کرتے تھے۔ وہ دوسروں کوبھی حوصلہ دیتی تھیں۔ ان کا انتقال میرے لئے ذاتی نقصان کے ساتھ پوری ہیومن رائٹس کمیونٹی کےلئے بڑا نقصا ن ہے۔ ‘‘ ٹیسٹا سیتلواد نے بتایا کہ وہ تدفین میں شریک ہوئیں۔ انتقال کے وقت ذکیہ جعفری اپنی صاحبزادی کے یہاں احمدآباد میں مقیم تھیں ۔ وہ ہرسال امریکہ اپنی صاحبزادی کے پاس کچھ وقت کےلئے چلی جاتی تھیں مگر گزشتہ تین برس سے صحت ٹھیک نہ ہونے کے سبب وہ امریکہ نہیں جاسکی تھیں لیکن ان کی صاحبزادی پابندی سےاپنی والد ہ سے ملاقات کے لئے آتی تھیں۔ 
  معروف سماجی خدمت گار شبنم ہاشمی نے کہاکہ ’’ ذکیہ جعفری ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں انصاف کی لڑائی لڑی۔ تمام دباؤ کے باوجود گجرات میں رہ کر انہوں نے حق وانصاف کیلئے جد وجہد جاری رکھی، یہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے جو دیگرخواتین کیلئے تحریک کا باعث ہے۔ ‘‘ شبنم ہاشمی نے کہا ’’وہ بھلے دنیا سےرخصت ہوگئی ہوں لیکن ان کی جدوجہد، قربانی، جذبہ اورہمت دیگر خواتین کو ہمیشہ حوصلہ دلاتا رہے گا۔ ‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’یہ سچائی ہے کہ ان کادنیا سے رخصت ہوجانابڑا نقصان ہے، ان کی خدمات اورجہدمسلسل ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ‘‘ ہرش مندر نےلکھاکہ ’’ذکیہ جعفری کے انتقال کی خبر سن کربہت افسوس ہوا۔ وہ ہندوستان کی سب سے بہادر خاتون تھیں۔ وہ اپنے شوہرکےانصاف کیلئے اس وقت کے سی ایم اور موجودہ پی ایم نریندر مودی کے خلاف ڈٹی رہیں۔ انہوں نےیہ بھی لکھا ’انصاف ہی انہیں سچا خراج عقیدت ہوگا۔ ‘‘مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’ ذکیہ جعفری نے اپنے شوہر کو اپنی آنکھوں سے بھیڑ کے ہاتھوں قتل ہوتے ہوئے دیکھا تھا۔ انہوں نے ملک کے چند طاقتور مردوں کے خلاف تقریباً دو دہائی تک تنہا قانونی لڑائی لڑی۔ کبھی خوف ظاہر نہیں کیا۔ آج ان کا انتقال ہو گیا۔ اللہ ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ 
 سینئرآئی پی ایس افسر سنجیوبھٹ کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے کئے گئے ٹویٹ میں لکھا گیا کہ ’’حصول انصاف کےلئے ذکیہ جعفری ایک ایسی آواز تھیں جس میں کبھی ارتعاش پیدا نہیں ہوا۔ وہ دہائیوں تک محض انصاف کیلئے ہی نہیں بلکہ سچائی، وقار اورجمہوریت کی روح کیلئے آخری وقت تک کوشاں رہیں۔ ان کا انتقال ناقابل تلافی نقصان اوران کی شخصیت باعثِ تحریک ہے‘‘۔ معروف صحافی اور’گجرات فائل‘ ڈاکیومنٹری بنانے والی رعنا ایوب نےبھی ذکیہ جعفری کے انتقال پرافسوس کااظہار کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK