سینئر کرکٹر نے کہا کہ وہ چمپئن ٹرافی کیلئے ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے مشکلات نہیں کھڑی کرنا چاہتے، اس سےقبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے وہ اپنا فیصلہ بدل چکے ہیں۔
EPAPER
Updated: January 12, 2025, 12:15 PM IST | Dhaka
سینئر کرکٹر نے کہا کہ وہ چمپئن ٹرافی کیلئے ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے مشکلات نہیں کھڑی کرنا چاہتے، اس سےقبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے وہ اپنا فیصلہ بدل چکے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال نےبین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ چمپئن ٹرافی سے قبل ٹیم کیلئے سلیکشن کے حوالے سے مشکلات نہیں کھڑی کرنا چاہتے۔ تمیم اقبال نے۲۰۰۷ء میں زمبابوے کے خلاف ہرارے میں اپنے یک روزہ کریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے مجموعی طور پر۲۴۳؍ ون ڈے، ۷۰؍ ٹیسٹ اور۷۸؍ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنلز میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔
خیال رہے کہ تمیم اقبال نے گزشتہ سال ہندوستان میں ہونے والے ایک روزہ کرکٹ کے ورلڈکپ میں سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے ایک دن بعد ہی اس فیصلے کو واپسی لے لیا تھا، اس کے بعد وہ کمر کی انجری کے باعث میگا ایونٹ میں شرکت کرنے سے قاصر رہے تھے۔ ۳۵؍ سالہ بنگلہ دیشی کرکٹر نے بین الاقوامی کرکٹ میں ۱۵؍ ہزار سے زائد رن بنائے ہیں جبکہ انہیں ملک کی جانب سے سب سے زیادہ ۲۵؍ سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہوں نے آخری بار ستمبر۲۰۲۳ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں ملک کی نمائندگی کی تھی جس میں بنگلہ دیش کو۰-۲؍ سے شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا کہ میں بین الاقوامی کرکٹ سے کافی وقت دور رہا ہوں، یہ فاصلہ اب برقرار رہے گا، بین الاقوامی کرکٹ میں میرے دن گنے جا چکے، میں اس فیصلے کے بارے میں طویل عرصے سے سوچ رہا تھا، اب جبکہ چمپئن ٹرافی جیسا بڑا ایونٹ آرہا ہے تو میں کسی کی بھی توجہ کا محور نہیں بننا چاہتا جس سے ٹیم کی تیاریاں میں خلل پیدا ہوں۔ واضح رہے کہ چمپئن ٹرافی پاکستان میں ۱۹؍ فروری سے۹؍ مارچ تک کھیلی جائے گی۔